Tag Archives: بنگلہ دیش ٹیم

دفاعی چمپیئن انگلینڈ کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست



دھرم شالہ : انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2023 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد اپنے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دیدی ، انگلینڈ کے364 رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی 227رنز پر ڈھیر ہوگئی ، انگلش بیٹرڈیوڈ ملان نے 107 گیندوں پر16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔ بھارت کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلینڈ کے اوپنرز نے شکیب الحسن کے فیصلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز جوڑ دئیے۔ جونی بیئر اسٹو آئوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے تاہم اوپنر ڈیوڈ ملان اور تجربہ کار جو روٹ نے ایک اور طویل شراکت کرتے ہوئے ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کی۔ جوروٹ نے بھی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا، ان کی اننگز 68 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 82 رنز پر مشتمل تھی۔
365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی پہلی وکٹ دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر گری جب تنزید حسن 14 رنز بناکر ریس ٹوپلے کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے اس کی اگلی ہی گیند پر ٹوپلے نے ہی مہیدی حسن کو صفر رنز پر پویلین بھیج دیا۔ بنگلادیش کی تیسری وکٹ بھی ٹوپلے کے ہی حصے میں آئی جب انہوں نے صرف 26 رنز پر ہی کپتان شکیب الحسن کو پویلین بھیج دیا اس کے بعد مہیدی حسن میراز بھی 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ لٹن داس 76 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ مشفیق الرحیم 51 اور توحید ردوئے 39 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ تسکین احمد 13 اور شریف الاسلام نے 12 رنز بنائے۔تاہم 365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 48.2 اوورز میں227 رنز پر آئوٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے میچ 137 رنز سے سے جیت لیا۔