Tag Archives: توشہ خانہ کیس

توشہ خانہ کیس: احتساب عدالت نے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے



اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے ہیں۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کی توشہ خانہ کیس میں وارنٹ معطلی کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کے پراسیکیوٹر نے پیروی کی۔

جج محمد بشیر نے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نواز شریف 24 اکتوبر کو پیش نہ ہوئے تو وارنٹ بحال ہو جائیں گے۔

قبل ازیں نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح نے عدالت کے روبر موقف اختیار کیا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ 24 اکتوبر تک وارنٹ معطل کر دیے جائیں۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کیا ہائیکورٹ میں بھی درخواست دی گئی ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ اس کیس میں ہائی کورٹ سے رجوع نہیں کیا گیا۔

سماعت کے موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ نواز شریف عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہ رہے ہیں، نواز شریف کو سننا چاہتے ہیں تو وارنٹ معطل کر دیئے جائیں۔

عدالت کی جانب سے وکیل صفائی اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد وارنٹ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔

توشہ خانہ:عمران خان کی نااہلی ختم کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ میں الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ معطل کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر عمران خان کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چونکہ توشہ خانہ کیس میں سزا کی بنیاد پر الیکشن کمیشن سے نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، اب سزا معطل ہو چکی ہے لہٰذا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں عمران کو 3 سال قید سنائی تھی، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ آج سنایا جائے گا



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ضمانت کی 9درخواستوں پر فیصلہ آج سنایا جائے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنانے کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری فیصلہ سنائیں گے۔
سیشن کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیروی پرضمانت کی درخواستیں خارج کی تھیں ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 9 ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالتوں میں زیر التوا سمجھی جائیں اورحتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکا جائے ۔
عمران خان نے جن مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کی استدعا کر رکھی ہے ان میں 9 مئی کے مقدمات،اسلام آباد میں احتجاج کے مقدمات ، توشہ خانہ کیس بھی شامل ہے۔