Tag Archives: توہین الیکشن کمیشن

عمران خان کی الیکشن کمیشن میں عدم پیشی پر سیکریٹری داخلہ طلب



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عدم پیشی پر سیکریٹری داخلہ کو طلب کر لیا

عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبرسندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کے وکیل شعیب شاہین نے پیروی کی۔

سماعت کے دوران شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی پیشی کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے کہ انہیں پیش کیا جائے مگر حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، کمیشن کی اصل توہین تو آج ہوئی ہے۔

اس کے موقع پر اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ وہ خود بھی اس خدشے کا اظہار کر چکے ہیں۔

ممبرالیکشن کمیشن سندھ نے استفسار کیا کہ عمران خان کو جو کہہ رہے ہیں اس کے صحیح ہونے کا آپ کو یقین ہے؟۔

اے آئی جی نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کی پیشی سے متعلق معذرت کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی تجویز ہے کہ اڈیالہ جا کر الیکشن کمیشن سماعت کر سکتا ہے۔

ممبرالیکشن کمیشن نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک شخص کو سیکیورٹی نہیں دی جا سکتی تو انتخابات کیسے ہوں گے۔

بعدازاں سیکریٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ: توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف عمران خان کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر



لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔

عدالت العالیہ لاہور نے عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا ہے، جس کی سربراہی جسٹس عالیہ نیلم کریں گی۔

بینچ میں جسٹس شہرام سرور اور جسٹس اسجد جاوید شامل ہوں گے جو 4 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔

عمران خان کی جانب سے ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ کرنے سے روک رکھا ہے۔