Tag Archives: جہاز

اسرائیلی پرواز کی آمد ، داغستان میں ہجوم نے ایئرپورٹ پر دھاوا بول دیا



روس کے علاقے داغستان میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے والے سینکڑوں افراد نے مرکزی ایئرپورٹ پر اس وقت دھاوا بول دیا جب تل ابیب سے ایک پرواز پہنچی۔

روسی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ہجوم نے روسی کمپنی ریڈ ونگ کے طیارے کو گھیر لیا تھا۔

فلائٹ ریڈار کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق تل ابیب سے پہنچنے والی ریڈ ونگز کی پرواز نے شام سات بجے ماخچکالا پہنچنا تھا۔

آزاد روسی میڈیا آؤٹ لیٹ سوتا نے کہا ہے کہ یہ ٹرانزٹ فلائٹ تھی جسے دو گھنٹے بعد ماسکو کے لیے روانہ ہونا تھا۔

حکام کو مسلم اکثریتی داغستان کے دارالحکومت ماخچکالا کے ایئرپورٹ کو بند کرنا پڑا اور پولیس کو بھی طلب کر لیا تھا۔

داغستان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 20 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ زخمیوں میں پولیس اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔

روس کی سول ایوی ایشن ایجنسی روساویاتسیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایئرپورٹ کو کلیئر کر دیا گیا ہے تاہم چھ نومبر تک آنے والی پروازوں کے لیے بند رہے گا۔

کراچی، ایئرپورٹ پر کھڑے نجی ایئر لائن کے طیارے کباڑ بن گئے



کراچی(این این آئی)کراچی ایئرپورٹ پر ناکارہ طیارے کھڑے کھڑے کباڑ میں تبدیل ہوگئے، شاہین ایئر لائن کے مالکان واجبات ادا کیے بغیر ملک سے چلے گئے۔

تفصیلات کے مطابق شاہین ایئرلائن کے درجنوں گرائونڈ کیے گئے طیارے کئی برس سے کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے کباڑ بن گئے ہیں، ایئرپورٹ پر کھڑے طیاروں سے پرزہ جات چوری بھی ہوگئے ہیں۔

کسٹمز اور سی اے اے کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث گرائونڈ کیے گئے ناکارہ طیارے پرندوں کی آماجگاہ بن گئے جس کی وجہ سے ایئر پورٹ آنے اور جانے والے جہازوں کے لئے بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

مذکورہ طیاروں کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کسٹمز حکام نے ڈی جی سی اے اے سے ملاقات کی۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ واجبات کی وصولی کیلئے کسٹمز اور سی ایاے طیاروں کو نیلام کرنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہین ایئرلائن پر کسٹمز اور سی اے اے کے2ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں جبکہ شاہین ایئرلائن کے مالکان واجبات ادا کیے بغیر ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔