Tag Archives: حماس

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے متجاوز



اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اور شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مزید 436 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جن میں شامل بچوں کی تعداد 182 ہے۔7 اکتوبر سے اب تک 2 ہزار 55 بچے شہید ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کہ الشاتی کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 436 فلسطینی شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں بمباری کرتے ہوئے 23 افراد کو شہید کر دیا، الفلوجہ میں 17 اور دیر البلاح میں بھی 10 افراد کو شہید کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے 3 مساجد پر بھی بمباری کی گئی ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران اب تک 31 مساجد شہید ہو چکی ہیں۔

اسرائیل کی بمباری کے باعث غزہ میں صورتحال تشویشناک ہے، دوسری جانب اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی گئی ہے کہ کسی بھی وقت غزہ پر زمینی حملہ کر دیں گے۔

صرف جنگ بندی نہیں، فلسطین کی مکمل آزادی چاہیے: اُشنا شاہ



پاکستان کی ممتاز اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ ہم فلسطین کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اسرائیل اور حماس کی حالیہ کشیدگی میں ہمیں صرف جنگ بندی ہی نہیں فلسطین کی مکمل آزادی چاہیے۔

کراچی میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اُشنا شاہ نے کہا کہ فلسطین کے معصوم عوام پر 1948 سے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، اسرائیل فلسطین کے عوام کی نسل کشی کر رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمیں فلسطین میں وہ آزادی چاہیے جہاں زندگی گزارنے کی آزادی ہو اور کوئی خوف نہ ہو۔

اشنا شاہ نے مزید کہا کہ اس وقت اسرائیل اور فلسطین کے تنازع میں مغربی میڈیا پروپیگنڈا کر رہا ہے، ہم غزہ تو نہیں جا سکتے لیکن احتجاج کے ذریعے اپنی حکومت پر دبائو ڈال سکتے ہیں کہ کھل کر فلسطین کے عوام کی حمایت کرے۔

حماس نے یرغمال بنائے گئے افراد میں سے مزید 2 معمر خواتین کو رہا کر دیا



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد میں سے مزید 2 معمر خواتین کو رہا کر دیا ہے۔

مزاحمتی تنظیم نے یرغمالی خواتین کو رہا کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر اور مصر نے خواتین کی رہائی میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق رہا کی گئی 79 سالہ نوریت کوپر اور 85 سالہ یوشیوڈ لیفشٹز اسرائیلی شہری ہیں جنہیں حملے کے دوران یرغمال بنایا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مزاحمتی تنظیم نے رہا کی گئی خواتین کو انٹرنیشنل ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حماس نے قطری حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کرتے ہوئے 2 امریکی خواتین ماں بیٹی کو رہا کیا تھا۔

حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شہری یرغمالیوں کی رہائی کے لیے قطر اورر مصر کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا غزہ پر زمینی حملہ پسپا، 2 بلڈوزر اور ایک ٹینک تباہ



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور حملہ پسپا ہو گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔

القسام بریگیڈز کا دعویٰ ہے کہ جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک ٹینک اور 2 بلڈوزر تباہ کر دیے گئے ہیں۔ صیہونی فوجی گاڑیاں چھوڑ کر واپس بھاگ نکلے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی آہنی باڑھ کی مرمت کے لیے جانا چاہتے تھے کہ اس دوران ان کے ٹینک کو فلسطینیوں نے گھیر لیا۔ ایسی صورت حال میں فوجی ٹینک چھوڑ کر بھاگ نکلے۔

دوسری جانب اسرائیل نے بھی اعتراف کر لیا ہے کہ غزہ کی سرحد پر اس کا ٹینک تباہ ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث صورت حال تشویشناک ہے اور غزہ پر مسلسل بمباری کی جا رہی ہے، جبکہ اسرائیل نے اشارہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت زمینی فوج کے ذریعے غزہ پر چڑھائی کرے گا جبکہ دوسری جانب حماس نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنے کی صورت میں اسرائیلی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

حماس نے امریکی ماں بیٹی کو انسانی بنیادوں پر رہا کر دیا



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد میں سے امریکی ماں بیٹی کو رہا کر دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ قطری حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت امریکی ماں بیٹی کو رہا کیا گیا ہے۔

امریکی خاتون جوڈتھ تائیرانان اور ان کی 17 سالہ بیٹی نتالی کو جمعہ کو غزہ کی پٹی کی سرحد پر اسرائیلی فورسز کے حوالے کیا گیا تھا، یہ وہ پہلی قیدی ہیں جن کی رہائی کی حماس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی کے بعد صورت حال سنگین ہے اور اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی جا رہی ہے۔

اسرائیل کی بمباری سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ حماس کے حملے میں مرنے والے اسرائیلیوں کی تعداد 2 ہزار ہے۔

اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 4300 سے متجاوز



اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4300 سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، قابض فوج ہسپتالوں اور عبادت گاہوں پر بھی حملے کر رہی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے باعث غزہ کی پٹی پر 30 فیصد سے زیادہ گھر تباہ ہو چکے ہیں اور اب تک تقریباً 10 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے شیبافارمز سے متصل جنوبی لبنان کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، اب امکان ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت غزہ میں زمینی کارروائی کے لیے داخل ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رکا تو یہ تنازع علاقئی جنگ میں بدل سکتا ہے جو خطرناک ہو گا۔

اداکارہ زارا نور نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر دی



پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ آج جو کچھ ہو رہا ہے یہی کل کو ہمارے ساتھ بھی ہو سکتا ہے، ہمیں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت ہمارے آبائو اجداد نے اس لیے قربانیاں دی تھیں کہ اگر مستقبل میں کسی بھی مسلمان پر ظلم ہو تو ہم اس کے حق میں بول سکیں۔

زارا نور عباس نے فنکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ چپ رہنے کا وقت نہیں، مہربانی فرما کر اس وقت یہ بھول جائیں کہ آپ کا بین الاقوامی سطح پر کوئی آڈیشن ہونے والا ہے یا آپ ٹام کروز کے ساتھ کوئی بڑی فلم کرنے والے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یاد رکھیں جس طرح دنیا کو فلسطین کی کوئی پرواہ نہیں ہے اسی طرح پاکستان کی بھی کسی کو پرواہ نہیں، لہٰذا ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔

حماس اور حزب اللہ کے حملوں میں 2 ہزار ہلاکتیں، اسرائیل نے اعتراف کر لیا



اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ حماس اور حزب اللہ کے حملوں میں اب تک 2 ہزار اسرائیلی شہریوں کی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

حماس اور حزب اللہ کے حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 4 ہزار سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں اسرائیل کے ٹینکوں کو ہدف بنانے کے حوالے سے دکھایا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کی پوزیشن پر حملے کیے ہیں، اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسرائیلی ڈرون کو مبینہ طور پر تباہ کیا گیا ہے۔

لبنان کی مزاحمتی تنظیم نے اسرائیلی فوج کے جاسوسی آلات کو نشانہ بنایا ہے جبکہ جنوبی لبنان کی طرف بھیجا گیا مبینہ اسرائیلی ڈرون بھی فضا میں تباہ کر دیا گیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کی حماس کے سربراہ سے اہم ملاقات



ایران کے وزیر خارجہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے بعد ایران کے اعلیٰ حکام کے ساتھ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی اس ملاقات میں غزہ کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مسئلہ فلسطین کو پہلے کی طرح مسلم دنیا کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام کے خلاف صیہونیوں کے جنگی جرائم کی آخری حد ہے کیونکہ فلسطینی قوم کی طرف سے انہیں جو دھچکا پہنچا ہے وہ بے مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی تجویز دی ہے اور ایران فلسطینی قوم کی حمایت میں اپنے اصولوں اور اقدار سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔
امیرعبداللہیان نے کہا کہ الاقصیٰ آپریشن اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی قوم کا فطری ردعمل ہے، ایران اسرائیلی جنگی جرائم کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ملاقات میں اسماعیل ہنیہ نےاسلامی تعاون تنظیم کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ امید ہے کہ مسلم دنیا فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے جنگی جرائم، اندھا دھند اور وحشیانہ قتل عام، گھروں، مساجد، اسپتالوں اور عوامی مقامات کی تباہی کے باوجود فلسطینی مزاحمت مضبوط ہے۔

پاکستانی پولیس افسر نے اسرائیل کے خلاف جہادکی اجازت مانگ لی



کراچی(این این آئی) سندھ پولیس کے افسر نے اسرائیل کے خلاف جہاد پر جانے کی اجازت کے لئے درخواست دے دی ۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ٹو سٹی سائوتھ زون میں تعینات انسپکٹر فیاض احمد جانوری نے آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انسپکٹر فیاض احمدنے حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف اعلان کردہ جہاد میں حصہ لینے اور جسمانی طور پر اپنا حصہ جہاد میں ڈالنے کیلئے آئی جی سندھ نے باضابطہ اجازت مانگ لی۔
انسپکٹر فیاض احمد جانوری نے اپنی تنخواہ کا 10 فیصد حصہ بھی الخدمت فاؤنڈیشن کو خاص طورپرفلسطین ریلیف آپریشن کے لیے پیش کش کردی۔خط میں انسپکٹر نے لکھا کہ فلسطین کی آزادی تک جہاد میں شریک رہنے کی اجازت دی جائے

غزہ سے مصر کی طرف کوئی ہجرت نہیں ہو رہی،حماس



مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی) حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کی کارروائی بہت اہم تھی اور یہ اسرائیل کے خلاف ایک زلزلہ ثابت ہوئی۔

اتوارکوغیرملکی خبررساں ادارے سے ٹیلی فون پر بات چیت میں انہوں نے کہاکہ اسرائیل غزہ سے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ ہم فلسطینیوں کو غزہ سے بے گھر کرنے کے اس منصوبے کو ناکام بنا دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ سے مصر کی طرف کوئی ہجرت نہیں ہو رہی۔ ہم مصر سے کہتے ہیں کہ ہمارا فیصلہ غزہ میں ہی رہنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کو غزہ کو تباہ کرنے کے لیے کور فراہم کر رہا ہے۔

خبردار! اگر زمینی حملہ کیا تو۔۔۔حماس نے جنگی تیاریوں ویڈیو جاری کر دی



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو غزہ پر زمینی حملے سے خبردار کیا ہے اور اپنی جنگی تیاریوں کی ایک ویڈیو جاری کر دی ہے۔

مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے جو فرضی ویڈیو جاری کی گئی ہے اس میں ٹینکوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دوسری طرف حزب اللہ بھی لبنان کے مقبوضہ علاقے شیبا فارمز میں اسرائیل کے خلاف برسرپیکار ہے اور فوجی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اِدھر امریکا اسرائیل کی حمایت میں کھڑا ہے اور دوسرا بحری بیڑا بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کے مخالفین کو ایک پیغام دیا ہے۔

ایران نے بھی سلامتی کونسل کو خبردار کر دیا ہے کہ اگر فلسطینیوں کی نسل کشی نہ روکی گئی تو حالات کسی کے کنٹرول میں بھی نہیں رہیں گے۔

دوسری جانب روس نے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیل فلسطین جنگ بندی کے لیے قرارداد پر پیر کو ووٹنگ کرائے۔