بھارت نے ورلڈ کپ مقابلوں میں 20 برس بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے اپنی پوزیشن پکی کرلی ۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو274 رنز کاہدف دیا تھا جسے بھارت نے ویراٹ کوہلی کی شاندار اننگزکی بدولت آسانی کے ساتھ پورا کرلیا۔
بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی نے95رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ محض 5 رنز کے فرق سے اپنی 49 ویں سنچری نہ بناسکے۔ روہت شرما نے 46، شبمن گل نے 26، شہریاس نے33 اور کے ایل راہول نے27 رنز بنائے۔ بھارت نے 4 وکٹوں سے ایونٹ کی پانچویں جیت اپنے نام کرتے ہوئے اب تک ناقابل شکست رہنے کااعزاز برقراررکھا اور نیوزی لینڈ کو ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے دھرم شالا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم اچھی پارٹنر شپ اور ڈیرل مچل کی سنچری کے باوجود بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی ۔
بھارتی بولرز جسپریت بمرا، سراج اور محمد شامی کی عمدہ بولنگ کے سامنے کیویزابتدا میں مشکلات کاشکاررہے اور 19 کے سکور پر ہی ان کی دووکٹیں گر گئی تھیں تاہم دونوں اوپنرز کے جلد آئوٹ ہونے کے باوجود رچن رویندرا اور مچل کی شراکت نے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر ایک اچھے سکور کی راہ پر گامزن کردیا۔
نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 178 رنز پر گری جب بھارتی نژاد کیوی بلے باز رچن رویندرا75 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔
ڈیرل مچل نے 130رنز کی شادار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور9 چوکے شامل تھے تاہم بڑی شراکت اور ایک سنچری کے باوجود بعد میں آنے والے بلے باز مخالف ٹیم کو ایک بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے۔
صرف فلپ نے 23 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔
بھارت کی طرف محمد شامی نے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، آخری 6 اوورز میں نیوزی لینڈ کی 6 وکٹیں گریں،محمد سراج، جسپریت بمرا نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کلدیب یادیو نے دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کے خلاف شاندار ریکارڈ رکھتی تھی ،گزشتہ 20سال میں بھارت نیوزی لینڈ کے خلاف فتح حاصل نہیں کرسکا۔ 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی نیوزی لینڈ نے ہی بھارت کو شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے آئوٹ کیا تھا۔
ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں گزشتہ چار بار جب بھی آمنے سامنے آئیں تو جیت نیوزی لینڈ کے نام رہی۔ ہندوستان نے 2003 کے ورلڈکپ میں آخری بار کیویز کو شکست دی تھی۔1992 سے ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت نیوزی لینڈ سے صرف ایک بار جیت سکا۔