Tag Archives: زمینی حملہ

غزہ پر زمینی حملے کی تیاری، ٹینکوں سے گھیرائو،10 لاکھ فلسطینی بے گھر،ہر طرف موت کا سامنا،ہسپتال بھر گئے،ڈاکٹرز بےبس



اسرائیل خود پر تاریخ کے مہلک ترین حملے کے ردعمل میں غزہ پر زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ جنگ کے نویں روز اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔ اسرائیل نے شمالی غزہ میں فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنوب کی جانب نقل مکانی کر جائیں۔
حماس کے اچانک راکٹ حملے میں اسرائیل میں 1400 سے زائدافراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے جواب میں اسرائیل نے غزہ میں حماس کو ٹارگٹ کرنے کے لیے بمباری کی جس کے نتیجے میں اب تک  2450 فلسطینی شہید اور 9200 زخمی ہو چکے ہیں جن میں 60 فیصد بچے ،خواتین اور بزرگ افراد شامل ہیں  جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں اور جنوبی غزہ کی طرف نقل مکانی کررہے ہیں۔
اسرائیل نے شمالی غزہ کے تقریباً 11 لاکھ شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ زمینی حملے سے قبل جنوب کی طرف انخلا کر جائیں ۔
اقوام متحدہ نے انخلا کے اسرائیلی الٹی میٹم پرعملدرآمد کوناممکن قرار دیتے ہوئے ہدایات واپس لینے کا کہاتھا لیکن اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کی درخواست خاطر میں نہیں لائی۔
اسرائیلی وارننگ کے بعد غزہ سے لوگ بے سروسامانی کی حالت میں نکلتے دکھائی دے رہے ہیں
کاروں، ٹرکوں اور گدھا گاڑیوں کا ایک سلسلہ جنوب کی جانب سے رواں دواں نظرآرہاہے ، جن پر تمام خاندان سوار تھے اور ان کے سامان، گدے، بستر اور بیگ لدے ہوئے نظر آئے۔
فلسطینی عوام کو ہر طرف موت کاسامنا ہے۔ اگرغزہ چھوڑ جائیں تو راستے میں اسرائیلی فوج کی بمباری اور بھوک افلاس ،کیمپوں کی زندگی جیسے چیلنجز کاخوف ستاتا ہے، غزہ میں ٹھہرے رہیں تو چاروں اطراف سے ہونے والی بمباری اور محاصرہ خوفزدہ کئے ہوئے ہے۔
غزہ ایک ایسے انسانی المیہ کاشکارہے جہاں ہسپتالوں میں مریضوں اور لاشوں کے لئے جگہ کم پڑ گئی ہے ۔ لاشوں کی تدفین تک کے لئے بھی حالات موافق نہیں رہے ۔
ہسپتالوں میں ادویات، بجلی، فیول کی کمی نے بحران میں مزیداضافہ کردیاہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی بے بس ہو گیاہے۔
ادھراسرائیل نے حماس کے اعلیٰ کمانڈر کو فضائی حملے میں شہید کرنے کادعویٰ کرتے ہوئے ویڈیو جاری کردی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے عز الدین القسام بریگیڈ کی بحری کمانڈوز یونٹ نخبہ فورس کے سربراہ بلال الکیدرا کا ٹھکانہ خان یونس میں تھا جس کاسراغ لگا کراسرائیلی فورسز نے بمباری کی۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خان یونس اور مغربی جبالیہ میں حماس کے آپریشنل کمانڈ سینٹرزاور فوجی کمپائونڈز سمیت 100 سے زائداہداف پر فضائی حملے کیے ۔
اسرائیلی فورسزنے دعویٰ کیاہے کہ فضائی حملوں میں حماس کے کئی اینٹی ٹینک میزائل لانچ پیڈزاوراسلحہ ساز فیکٹریوں کو تباہ کر دیا گیا۔
عرب میڈیا کے اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ بلال الکیدرانے اسرائیل میں ایک بستی نیریم میں قتل عام کی منصوبہ سازی کی تھی ۔
یادرہے کہ گزشتہ روز بھی ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے ایک سینئر فوجی کمانڈر مراد ابو مراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا جو اسلامی گروپ کی فضائی کارروائیوں کے سربراہ تھے۔

خبردار! اگر زمینی حملہ کیا تو۔۔۔حماس نے جنگی تیاریوں ویڈیو جاری کر دی



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو غزہ پر زمینی حملے سے خبردار کیا ہے اور اپنی جنگی تیاریوں کی ایک ویڈیو جاری کر دی ہے۔

مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے جو فرضی ویڈیو جاری کی گئی ہے اس میں ٹینکوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دوسری طرف حزب اللہ بھی لبنان کے مقبوضہ علاقے شیبا فارمز میں اسرائیل کے خلاف برسرپیکار ہے اور فوجی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اِدھر امریکا اسرائیل کی حمایت میں کھڑا ہے اور دوسرا بحری بیڑا بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کے مخالفین کو ایک پیغام دیا ہے۔

ایران نے بھی سلامتی کونسل کو خبردار کر دیا ہے کہ اگر فلسطینیوں کی نسل کشی نہ روکی گئی تو حالات کسی کے کنٹرول میں بھی نہیں رہیں گے۔

دوسری جانب روس نے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیل فلسطین جنگ بندی کے لیے قرارداد پر پیر کو ووٹنگ کرائے۔