Tag Archives: شہید فلسطینی

غزہ میں قیامت کا منظر: اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4700 ہو گئی



اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور غزہ میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے۔ اب تک ہونے والی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4700 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ 14 ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 2 ہزار کے قریب بچے، ایک ہزار سے زیادہ خواتین شامل ہیں جبکہ فرائض کی انجام دہی کے دوران 21 صحافیوں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے۔

اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے، علاقے میں غذا کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، اس کے علاوہ ادویات ناپید ہیں۔ ڈاکٹرز کو ہسپتالوں میں زخمیوں کے آپریشنز کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخلے کی پہلی کوشش ناکام ہو گئی ہے اور حماس کے عسکری ونگ نے اسرائیل کے 2 بلڈوزر اور ایک ٹینک تباہ کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے چین نے بھی اپنے 6 بحری جہاز تعینات کر دیئے ہیں جبکہ امریکی بحری بیڑا پہلے سے ہی مشرق وسطیٰ میں موجود ہے۔

اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 4300 سے متجاوز



اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4300 سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، قابض فوج ہسپتالوں اور عبادت گاہوں پر بھی حملے کر رہی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے باعث غزہ کی پٹی پر 30 فیصد سے زیادہ گھر تباہ ہو چکے ہیں اور اب تک تقریباً 10 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے شیبافارمز سے متصل جنوبی لبنان کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، اب امکان ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت غزہ میں زمینی کارروائی کے لیے داخل ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رکا تو یہ تنازع علاقئی جنگ میں بدل سکتا ہے جو خطرناک ہو گا۔

غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری، اسرائیلی فوج کو زمینی کارروائی کیلئے گرین سگنل



اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3900 ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار 500 سے زیادہ زخمی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو غزہ میں زمینی کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کا گرین سگنل دے دیا گیا ہے جس کے بعد حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے عرب اور مسلم دنیا سے اسرائیل کی جانب مارچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے رفاح میں گھروں پر بم برسائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 33 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ الزیتون کے علاقے میں چرچ کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں متاثرہ لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ مغربی کنارے میں الشمس پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کیا گیا ہے جس سے 12 فلسطینی شہری شہید ہو گئے جبکہ خان یونس کے علاقے میں بمباری سے 7 شہادتیں ہوئی ہیں۔

فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ اب تک جتنے لوگ شہید ہو چکے ہیں ان میں 1500 سے زیاد بچے، ایک ہزار خواتین اور 120 بزرگ شہری بھی شامل ہیں، جبکہ تباہ عمارتوں کی تعداد میں اس حد تک اضافہ ہو گیا ہے کہ رضاکاروں کے لیے ممکن ہی نہیں کہ وہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال سکیں۔

اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 2300 تک جا پہنچی



اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے درمیان جاری تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اور اب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضا، سمندر اور زمینی راستے سے حملے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ پر تینوں راستوں سے حملے کی تیاری کا کہا ہے مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ ایسا کس وقت کیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے فوجیوں کو الرٹ رہنے کا کہتے ہوئے کہا ہے کہ اب جنگ کا اگلا مرحلہ آ رہا ہے جس میں غزہ پر زمینی حملہ کیا جا سکتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے شمالی غزہ میں رہنے والے 1.1 ملین فلسطینیوں کو الٹی میٹم دے رکھا ہے کہ وہ علاقے چھوڑ دیں مگر فلسطینی عوام نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے نقل مکانے کرنے والوں پر بھی بمباری کی جار رہی ہے اور اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2300 تک جا پہنچی ہے۔

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے اسرائیل کے اس الٹی میٹم کی مذمت کی ہے جس میں فلسطینیوں کو علاقہ چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔

ڈبلیوایچ او کے مطابق ہسپتالوں میں موجود مریضوں کو نقل مکانے پر مجبور کرنا موت کی سزا کے مترادف ہو گا۔