اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی ہے، اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2600 سے زیادہ ہو گئی ہے، ہزاروں فلسطینی زخمی ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو گئے ہیں۔
اسرائیل نے نقل مکانے کرنے والوں کو بھی نہیں بخشا اور اس دوران 250 نہتے فلسطینیوں کو قتل کرنے کے مناظر سامنے آئے ہیں، ان مناظر نے دنیا کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں پر بھی بمباری کی جارہی ہے، عرب نیشنل ہسپتال پر صیہونی فضائیہ کے حملے میں کئی ڈاکٹرز شہید ہو گئے۔
اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اتوار کو کیے گئے حملوں میں حماس کے کمانڈر معیتازعید کو شہید کر دیا گیا ہے۔
غزہ میں لگاتار بمباری کے باعث شہید فلسطینیوں کی میتیں رکھنے کے لیے ہسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی ہے، جس کے باعث میتیں آئس کریم کے ٹرکوں اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھی جا رہی ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی تعداد 155 ہے، جبکہ اس سے قبل یرغمالی اسرائیلیوں کی تعداد 126 بتائی گئی تھی۔