Tag Archives: فاسٹ بولر

ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں: شاہین آفریدی



قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آخری دومیچوں میں ہم نے جو کچھ سیکھا اس کی بنیاد پر آگے ہمیں مدد ملے گی، ہم بے چین ہیں کہ شائقین کی توقعات پر پورا اتریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے بہت اہم ہے کہ آنے والے دومیچوں میں کامیابی حاصل کریں، ہمیں افغانستان کے خلاف میچ میں بھرپور مہارت دکھانا ہو گی کیوں کہ وہ انگلینڈ کو ہرا چکے ہیں۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے ذہنی طور پر تیار تھا، لینتھ کا خیال رکھا جس کا فائدہ ہوا اور پانچ وکٹیں لیں۔

انہوں نے اسامہ میر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کیچ کا ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہوتا ہے۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے صحافیوں سے کیا وعدہ کیا؟



کرکٹ کا عالمی مقابلہ بھارت میں جاری ہے، اور آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت احمدآباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے صحافیوں سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ بھارت کے خلاف میچ میں 5 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے تو پھر ان کے ساتھ سیلفی لیں گے۔

اس سے قبل پاکستان ایونٹ کے 2 میچز کھیل چکا ہے جن میں شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی کوئی متاثرکن نہیں رہی، تاہم شاہین شاہ آج کے میچ کے لیے پراعتماد ہیں کہ وہ 5 وکٹیں لے اڑیں گے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کی نریندرامودی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران رپورٹرز نے شاہین شاہ سے فرمائش کی کہ وہ ان کے ساتھ سیلفی لینا چاہتے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے صحافیوں کو جواب دیا کہ اگر بھارت کے خلاف میچ میں 5 وکٹیں لینے میں کامیاب ہو گیا تو ضرور سیلفی لوں گا۔

ورلڈ کپ: فاسٹ بولر احسان اللہ کی پاک بھارت میچ کے حوالے سے اہم پیشگوئی



پاکستان کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے پیش گوئی کی ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں کل ہونے والا پاک بھارت میچ پاکستان باآسانی جیت جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں احسان اللہ نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف تاریخی کامیابی پر مجھے خوشی ہوئی ہے، ہماری ٹیم سب کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر آئے تو یہ بہت ہی مزے کی بات ہو گی۔

احسان اللہ نے کہا کہ حارث رؤف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں اور اچھی بولنگ کرتے ہیں۔ کبھی کبھار خراب دن آ جاتا ہے۔ کل ہونے والا بھارت کے خلاف میچ ہم یکطرفہ جیت جائیں گے۔

یاد رہے کہ فاسٹ بولر احسان اللہ انجری کے باعث سرجری کی وجہ سے ان دنوں کرکٹ سے دور ہیں۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ کو دبئی کا گولڈن ویزہ مل گیا



قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو دبئی کا گولڈن ویزہ مل گیا ہے۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جانب سے گولڈن ویزہ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ دبئی کو میں دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔

گولڈن ویزہ ملنے کی خبر سوشل میڈیا پر شیئرکرتے ہوئے نسیم شاہ نے لکھا کہ جس ملک کو میں اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں اس کا گولڈن ویزہ ملنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

اس سے قبل نسیم شاہ کے علاوہ افتخار احمد، شاداب خان کے علاوہ متعدد پاکستانی کرکٹرز کو دبئی کا گولڈن ویزہ مل چکا ہے۔

یاد رہے کہ نسیم ایشیا کپ کے دوران انجرڈ ہونے کے باعث ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں اور ان کے کندھے کی سرجری ہوئی ہے۔

ورلڈ کپ: نسیم شاہ کی عدم موجودگی قومی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا قرار



کرکٹ کے عالمی مقابلے کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی عدم موجودگی کو پاکستان کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اسکاٹ اسٹائرس نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نسیم شاہ کی کمی سوچ سے بھی زیادہ محسوس ہو گی۔

قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بیٹنگ کا انحصار کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان پر ہو گا کیوں کہ فخر زمان کبھی کبھار پرفارم کرتے ہیں۔

اسکاٹ اسٹائرس نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کی میچوں میں فتح کے لیے ضروری ہو گا کہ چوتھے سے چھٹے نمبروں تک بیٹرز بہترین کارکردگی دکھائیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ انجرڈ ہونے کے باعث ورلڈکپ سے باہر ہو گئے ہیں اور اس وقت لندن میں زیر علاج ہیں جہاں ان کے کندھے کی سرجری کی گئی ہے۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا عمل مکمل



قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری انگلینڈ میں ہوئی ہے۔ اب نسیم شاہ 4 سے 6 ہفتوں تک آرام کریں گے اور پھر ری ہیب مکمل کرنے کے بعد بولنگ شروع کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کو ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی تکلیف ہو گئی تھی۔ جس کے بعد ماہر ڈاکٹروں نے ان کے کندھے کی سرجری تجویز کی تھی اور یوں وہ ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے۔

اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔