Tag Archives: فلسطین

ہالی وڈ اداکار جیسن سٹیتھم بھی غزہ پر بمباری کے مخالف، گاڑی پر فلسطینی پرچم لہرا دیا



معروف ہالی وڈ اداکار جیسن سٹیتھم نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کی مخالفت کر دی ہے اور اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم لگا کر فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

ہالی وڈ اداکار جیسن سٹیتھم کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنی گاڑی پر فلسطین کا پرچم لگایا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے ہالی وڈ اداکار کی جانب فلسطینیوں کی حمایت کے اقدام کو خوب سراہا ہے۔

پاکستان کا سلامتی کونسل میں فلسطین کی بھرپور حمایت کا اعلان



پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس نے فلسطین کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام کی جدوجہد کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، وہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کو حق خودارادیت اور مکمل آزادی کا حق حاصل ہے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسرائیلی بمباری کے متاثرین کے لیے امداد لے جانے سے روکنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں سیکیورٹی کونسل پر زور دیا کہ اسرائیل کو عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ ڈار ٹھہرایا جائے۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، شہادتیں 5800 سے متجاوز



اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5800 سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک روز میں 182 بچوں سمیت 704 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے، اسرائیلی فوج پناہ گزینوں کے کیمپوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔

اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور غزہ میں اس وقت صورت حال انتہائی گھمبیر ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے جنگ بندی کی اپیل کے باوجود اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی جا رہی ہے کہ کسی بھی وقت فلسطین پر زمینی فوج کے ذریعے حملہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیلی فوج کو خبردار کر رکھا ہے کہ اگر زمینی حملہ کیا گیا تو آپ کی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

فلسطینیوں پر مظالم، اردن کی ملکہ کا مغرب کے دہرے معیار پر حیرت کا اظہار



اُردن کی ملکہ رانیہ نے غزہ میں تباہی پر مغرب کے دُہرے معیار پر حریت کا اظہار کیا ہے۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملکہ رانیہ نے کہا کہ غزہ میں ہونے والی تباہی کے بعد دنیا کے رد عمل پر مشرق وسطیٰ کے لوگ حیران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عرب ممالک یہ سمجھتے ہیں کہ مغرب فلسطینیوں کے قتل عام میں اسرائیل کے ساتھ برابر کا شریک ہے۔

ملکہ رانیہ کا کہنا تھا کہ حماس کو اگر ختم بھی کر دیا جاتا ہے تو فلسطین کے عوام قابض اسرائیل کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے متجاوز



اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اور شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مزید 436 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جن میں شامل بچوں کی تعداد 182 ہے۔7 اکتوبر سے اب تک 2 ہزار 55 بچے شہید ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کہ الشاتی کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 436 فلسطینی شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں بمباری کرتے ہوئے 23 افراد کو شہید کر دیا، الفلوجہ میں 17 اور دیر البلاح میں بھی 10 افراد کو شہید کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے 3 مساجد پر بھی بمباری کی گئی ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران اب تک 31 مساجد شہید ہو چکی ہیں۔

اسرائیل کی بمباری کے باعث غزہ میں صورتحال تشویشناک ہے، دوسری جانب اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی گئی ہے کہ کسی بھی وقت غزہ پر زمینی حملہ کر دیں گے۔

صرف جنگ بندی نہیں، فلسطین کی مکمل آزادی چاہیے: اُشنا شاہ



پاکستان کی ممتاز اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ ہم فلسطین کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اسرائیل اور حماس کی حالیہ کشیدگی میں ہمیں صرف جنگ بندی ہی نہیں فلسطین کی مکمل آزادی چاہیے۔

کراچی میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اُشنا شاہ نے کہا کہ فلسطین کے معصوم عوام پر 1948 سے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، اسرائیل فلسطین کے عوام کی نسل کشی کر رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمیں فلسطین میں وہ آزادی چاہیے جہاں زندگی گزارنے کی آزادی ہو اور کوئی خوف نہ ہو۔

اشنا شاہ نے مزید کہا کہ اس وقت اسرائیل اور فلسطین کے تنازع میں مغربی میڈیا پروپیگنڈا کر رہا ہے، ہم غزہ تو نہیں جا سکتے لیکن احتجاج کے ذریعے اپنی حکومت پر دبائو ڈال سکتے ہیں کہ کھل کر فلسطین کے عوام کی حمایت کرے۔

حماس نے یرغمال بنائے گئے افراد میں سے مزید 2 معمر خواتین کو رہا کر دیا



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد میں سے مزید 2 معمر خواتین کو رہا کر دیا ہے۔

مزاحمتی تنظیم نے یرغمالی خواتین کو رہا کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر اور مصر نے خواتین کی رہائی میں ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق رہا کی گئی 79 سالہ نوریت کوپر اور 85 سالہ یوشیوڈ لیفشٹز اسرائیلی شہری ہیں جنہیں حملے کے دوران یرغمال بنایا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مزاحمتی تنظیم نے رہا کی گئی خواتین کو انٹرنیشنل ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حماس نے قطری حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کرتے ہوئے 2 امریکی خواتین ماں بیٹی کو رہا کیا تھا۔

حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شہری یرغمالیوں کی رہائی کے لیے قطر اورر مصر کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

غزہ میں قیامت کا منظر: اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4700 ہو گئی



اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور غزہ میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے۔ اب تک ہونے والی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4700 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ 14 ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 2 ہزار کے قریب بچے، ایک ہزار سے زیادہ خواتین شامل ہیں جبکہ فرائض کی انجام دہی کے دوران 21 صحافیوں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے۔

اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے، علاقے میں غذا کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، اس کے علاوہ ادویات ناپید ہیں۔ ڈاکٹرز کو ہسپتالوں میں زخمیوں کے آپریشنز کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخلے کی پہلی کوشش ناکام ہو گئی ہے اور حماس کے عسکری ونگ نے اسرائیل کے 2 بلڈوزر اور ایک ٹینک تباہ کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے چین نے بھی اپنے 6 بحری جہاز تعینات کر دیئے ہیں جبکہ امریکی بحری بیڑا پہلے سے ہی مشرق وسطیٰ میں موجود ہے۔

اسرائیل فلسطین تنازع میں شدت: چین نے 6 بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں تعینات کر دیے



اسرائیل اور فلسطین کے جاری تنازعے میں دن بدن شدت آ رہی ہے، چینی وزارت دفاع نے بھی کشیدگی میں اضافے کو دیکھتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں 6 بحری جنگی جہاز تعینات کر دیے ہیں۔

چینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمان کی بحریہ کے ساتھ مشرکہ مشقوں کے اختتام پر چینی ٹاسک فورس نے نامعلوم مقام کا رخ کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور چین کی جانب سے 6 بحری جنگی جہاز تعینات کرنا انتہائی غیر معمولی پیشرفت ہے۔

واضح رہے کہ چین نے اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کا حل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام قرار دیا ہے۔ چینی صدر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی ضروری ہے۔

ادھر امریکا اس سے پہلے ہی اپنا جنگی بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں تعینات کر چکا ہے جبکہ امریکی صدر جوبائیڈن کھل کر اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں۔

فلسطینیوں کی حمایت کیوں کی؟ باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال کو سنگین دھمکیاں



اسرائیل اور فلسطین کے تنازع میں مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کے سوشل میڈیا اکائونٹس بند کرنے کے بعد دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

پاکستان نژاد سابق برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم کو فلسطین کے عوام کی حمایت پر سنگین دھمکیاں ملی ہیں۔

فریال مخدوم نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر بتایا ہے کہ انہیں نامعلوم اسرائیلی نمبر سے دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا ہے۔

دھمکی آمیز پیغام میں فریال کو کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت کرنا چھوڑ دو ورنہ سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اسرائیلی فوج کا غزہ پر زمینی حملہ پسپا، 2 بلڈوزر اور ایک ٹینک تباہ



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور حملہ پسپا ہو گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔

القسام بریگیڈز کا دعویٰ ہے کہ جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک ٹینک اور 2 بلڈوزر تباہ کر دیے گئے ہیں۔ صیہونی فوجی گاڑیاں چھوڑ کر واپس بھاگ نکلے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی آہنی باڑھ کی مرمت کے لیے جانا چاہتے تھے کہ اس دوران ان کے ٹینک کو فلسطینیوں نے گھیر لیا۔ ایسی صورت حال میں فوجی ٹینک چھوڑ کر بھاگ نکلے۔

دوسری جانب اسرائیل نے بھی اعتراف کر لیا ہے کہ غزہ کی سرحد پر اس کا ٹینک تباہ ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث صورت حال تشویشناک ہے اور غزہ پر مسلسل بمباری کی جا رہی ہے، جبکہ اسرائیل نے اشارہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت زمینی فوج کے ذریعے غزہ پر چڑھائی کرے گا جبکہ دوسری جانب حماس نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنے کی صورت میں اسرائیلی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

مصر امن اجلاس: عرب ممالک نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کر دیا



مصر کی سربراہی میں ہونے والے امن اجلاس میں سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک نے غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کی مذمت کی ہے اور لوگوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔

قاہرہ میں ہونے والے امن اجلاس میں فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی اپنی زمین سے بے دخل نہیں کر سکتا، نہ ہی ہم اپنی سرزمین چھوڑیں گے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ فلسطین میں فوری جنگ بندی ناگزیر ہے، غزہ میں بسنے والوں کو بے گھر کرنے کی کوششیں کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو پابند بنائے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے۔

اردن کے شاہ عبداللہ نے کہاکہ فلسطینیوں کو جبری طور پر غزہ سے نکالنا جنگی جرم ہے۔

اجلاس کے میزبان مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل ناگزیر ہے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی مسئلہ حل ہو گا، امید ہے شرکا اس سلسلے میں اقدامات کریں گے۔

اجلاس میں عرب ممالک کے علاوہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی اور غزہ کی صورت حال پر اپنا موقف سامنے رکھا۔