Tag Archives: فلسطینی عوام

عاطف اسلم نے فلسطینی عوام کے لیے 15 ملین روپے عطیہ کر دیئے



پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے اسرائیلی فوج کے مظالم کا شکار فلسطینیوں کے لیے 15 ملین روپے کی امداد عطیہ کر دی ہے۔

عاطف اسلم نے 15 ملین روپے کی رقم معروف فلاحی تنظیم الخدمت فائونڈیشن کو دی ہے اور تنظیم کی جانب سے اس کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔

الخدمت فائونڈیشن نے 15 ملین روپے عطیہ کرنے پر عاطف اسلم کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

عاطف اسلم نے اس سے قبل فلسطینی عوام کے حق میں سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی تھی جس پر بھارتی مداحوں کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث صورتحال تشویشناک ہے اور اب تک ہونے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان مظلوم فلسطینیوں کے حق میں سامنے آ گئیں



بھارت کی فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابق اداکارہ ثنا خان بھی فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین پر بمباری کے خلاف دنیا بھر کے فنکار آواز اٹھا رہے ہیں اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

پاکستان، ترکیہ اور بھارت کے بھی کچھ اداکاروں نے فلسطین کے عوام کی حمایت کی ہے، بھارتی اداکار سونم کپور، سوارا بھاسگر اور گوہر خان نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا مگر ثنا خان بالکل خاموش تھیں۔

ثنا خان کی خاموشی پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق اداکارہ کو بھارت کا ڈر ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ اگر کچھ بولا تو یوٹیوب چینل بند کر دیا جائے۔

اس ساری تنقید کے بعد ثناخان نے انسٹا گرام پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام پر مظالم کی مذمت کی ہے۔

ثناخان نے لکھا میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوں، بے شرم لوگوں نے ہسپتال اور معصوم بچوں کو بھی نہیں بخشا۔

اقوام متحدہ نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا



سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کی جائے۔

انتونیوگوتریس نے غزہ میں بلارکاوٹ امداد کی فراہمی کا اختیار دینے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کا شکار فلسطینیوں کے لیے فوری انسانی امداد ناگزیر ہے کیوں کہ وہاں پر پانی ختم ہو چکا ہے جس کی وجہ سے لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں یہی صورت حال جاری رہی تو لوگ آلودگی اور وبائی امراض سے موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔

اِدھر اسرائیل کی بمباری سے متاثرہ علاقے غزہ میں امدادی سامان کے قافلے آج داخل ہونا شروع ہوں گے۔

پاکستان کی جانب سے بھی فلسطینی عوام کی مدد کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ مصر پہنچا دی گئی ہے جہاں سے غزہ کے متاثرہ لوگوں تک پہنچائی جائے گی۔