Tag Archives: لاہور ہائیکورٹ

الیکشن ایکٹ، تاحیات نااہلی قانون میں ترمیم، اٹارنی جنرل معاونت کیلئے طلب



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی کے قانون میں ترمیم کے خلاف سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر لیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ تمام فریقین 23 اکتوبر تک اپنے جوابات جمع کروائیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔

سپریم کورٹ: بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ غیرقانونی قرار دینے کا فیصلہ کالعدم



سپریم کورٹ آف پاکستان نے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو غیرقانونی قرار دینے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے معاملہ نیپرا ایپلٹ ٹریبونل کو بھیج دیا۔

عدالت عظمیٰ کے بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ عدالت العالیہ کا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ غیرقانونی قرار دینے کا فیصلہ آئینی و قانونی طور پر قابل عمل نہیں ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل میں صارف کمپنیاں 15 دن میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف اپیلیں دائر کریں، نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل 10 دن میں اپیلیں مقرر کرے۔

عدالت عظمیٰ کے بینچ نے فیصلے میں کہا ہے کہ نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل جلد از جلد قانونی میعاد کے اندر اپیلوں پر فیصلہ کرے۔

ہائیکورٹ نے زہرپینے کی اجازت مانگنے والے شہری کی درخواست خارج کردی



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے زہر پینے کی اجازت مانگنے والے شہری کی درخواست خارج کردی۔

درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ 12ستمبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔لاہور کے علاقے مزنگ کے رہائشی سرور تاج نامی شہری نے زہر پینے کی اجازت کیلئے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ تجربہ سب کے سامنے کرنا چاہتا ہے اور اسے کچھ نہیں ہوگا۔

درخوست گزارکا کہنا تھا کہ مجھے کوئی شہرت نہیں چاہیے، میرا اللہ پر یقین ہے مجھے کچھ نہیں ہوگا۔ لاہور کے موچی گیٹ پر سب کے سامنے یہ تجربہ کرنا چاہتا ہوں، عدالت اجازت دے۔

جسٹس راحیل کامران شیخ نے درخواست سے متعلق 7صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست عوامی مفاد کی آڑ میں مشہوری حاصل کرنے کا ذریعہ لگ رہی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اگر وہ مرتا ہے تو ا س کا کوئی ذمہ دار نہیں ہوگا لیکن اگر زندہ رہا تو حکومت کو یہ حکم دیا جائے کہ کینسر کے علاج کے لیے میرا نسخہ استعمال کیا جائے۔

درخواست گزار کے مطابق اس نے یہ نسخہ صوفیوں سے حاصل کیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست میرٹ پر نہ ہونے کے باعث خارج کی جاتی ہے، ہائیکورٹ ایسا کوئی بھی فیصلہ دے کر اپنے اختیار سے تجاوز کرے گی۔

فیصلے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عدالت کے پوچھنے پر درخواست گزار نے بتایا کہ وہ بذات خود کینسر کا مریض نہیں ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ بھارت سمیت کچھ ممالک میں انتہائی تکلیف کے باعث مریضوں کو اپنی جان لینے کا حق حاصل ہے لیکن پاکستان کا ریاستی مذہب اسلام ہے۔

اگر ایسی اجازت دی جاتی ہے تو دوسروں کو غیر قانونی کاموں کی حوصلہ افزائی ملے گی اس لیے عدالت درخواست گزار کو ایسی کوئی بھی چیز استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

پی ٹی آئی کو لبرٹی میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی جماعت کو نہیں ہوگی’ لاہور ہائیکورٹ



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو لبرٹی میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہوگی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت کی۔

ڈی سی آفس کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرا دیا گیا، جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست کے بعد 10اکتوبر کو تمام اداروں کا اجلاس ہوا، 9مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ، جلائو گھیرائو کیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے پی ٹی آئی کو جلسے کا این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہوگی۔

عدالت نے پی ٹی آئی وکیل کو متبادل جگہ کے لئے ڈی سی لاہور کو نئی درخواست دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آپ کسی دوسری جگہ کے لئے درخواست دے دیں، ڈپٹی کمشنر پیر تک جلسہ کیلئے نئی جگہ کی درخواست پر فیصلہ کریں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری عظیم اللہ خان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو 2 ہزار جرمانہ کرنے کا حکم



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں موٹرسائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ کے حوالے سے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکمنامہ جاری کیا۔

عدالت نے تحریری حکمنامے میں پنجاب بھر میں موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نہ استعمال کرنے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کرنے کے احکامات جاری کیے، گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 5ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ڈولفن پولیس کو مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کردیں۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ گرین بیلٹس پر پارکنگ کرنے والے افراد کو 5ہزار روپے جرمانہ کیا جائے، شہر میں مزید میاواکی جنگل لگائے جائیں، ایل ڈی اے شہر میں آئندہ کوئی پراجیکٹ عدالت کی اجازت کے بغیر شروع نہیں کرے گا۔

ایل ڈی اے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی محکمہ ماحولیات سے ہدایات لے گا۔عدالت عالیہ کے تحریری حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف متعلقہ افسران کارروائیاں کریں۔

بھٹوں کے خلاف کارروائیاں نہ کرنے والے افسران کے خلاف کریمنل کارروائی کی جائے، پرانے درختوں کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایل ڈی اے آئندہ کوئی پراجیکٹ عدالت کی اجازت کے بغیر شروع نہیں کرے گا۔ ایل ڈی اے ترقیاتی منصوبوں کے لیے محکمہ ماحولیات سے بھی ہدایات لے گا۔

لاہور ہائیکورٹ نے اکتوبر سے فروری تک نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے اکتوبر سے فروری تک شہر میں نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے وکیل پنجاب حکومت سے استفسار کیا کہ ایک ماہ میں کتنے پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں، پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہر میں پانچ منصوبوں پر اس وقت کام جاری ہے۔

شاہدرہ میں جاری پراجیکٹ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا کہ نیازی انٹرچینج ٹو بابو صابو پراجیکٹ پر کام شروع نہ کریں، فروری میں شروع کر لیں جو پراجیکٹ چل رہا ہے وہ ٹھیک ہے، ایئر کوالٹی پر پراجیکٹس کتنا اثر کرے گا یہ بھی بتایا جائے، آئندہ سماعت پر جو ڈیٹا جمع ہوا ہے اسکی روشنی میں عدالت کو آگاہ کریں۔

جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن نے تجویز دی کہ سموگ کے سیزن کے دوران کوئی تعمیراتی پراجیکٹ شروع نہیں ہونا چاہیے، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ بالکل ٹھیک تجویز ہے ایسا ہی ہونا چاہیے۔پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سڑکوں کی الائنمنٹ کے لیے بھی کام کر رہے ہیں ، جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ جیل روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے ایشوز ہیں، جگہ جگہ سڑکوں پر یو ٹرن نہیں ہونے چاہئیں یوٹرن فاصلے پر رکھیں۔

عدالت عالیہ نے مزید کہا کہ پانی کو بچانے کے لیے کام کرنا ہو گا، دس مرلے کے گھروں کی تعمیر میں بھی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لازمی ہونا چاہیے، آئندہ سماعت پر پروپوزل بنا کر عدالت میں پیش کریں۔

توشہ خانہ:عمران خان کی نااہلی ختم کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ میں الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ معطل کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر عمران خان کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چونکہ توشہ خانہ کیس میں سزا کی بنیاد پر الیکشن کمیشن سے نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، اب سزا معطل ہو چکی ہے لہٰذا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں عمران کو 3 سال قید سنائی تھی، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

شیخ رشید کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس کو ایک ہفتے کی مہلت



لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس صداقت علی نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی حراست کے خلاف درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے آر پی او سے استفسار کیا کہ شیخ رشید اور ان کے ساتھ پکڑے گئے دیگر 2 لوگ کہاں ہیں؟۔ لکھ کر ہمیں دیں گے یا شیخ رشید کو پیش کیا جائے گا؟۔

عدالت کے استفسار پر آر پی او نے مزید 15 روز کا وقت مانگ لیا۔

آر پی او کی مہلت کی استدعا پر عدالت نے کہا کہ 15 دن تو بہت زیادہ ہیں کیوں کہ یہ عام معاملہ نہیں، اس میں تو 2 دن کی مہلت بھی بہت زیادہ ہو گی۔

جسٹس صداقت علی نے شیخ رشید کو پیش کرنے کے لیے 7 روز کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کو ایک ہفتے کے اندر پیش کیا جائے ورنہ ایف آئی آر کا حکم دیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ: توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف عمران خان کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر



لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔

عدالت العالیہ لاہور نے عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا ہے، جس کی سربراہی جسٹس عالیہ نیلم کریں گی۔

بینچ میں جسٹس شہرام سرور اور جسٹس اسجد جاوید شامل ہوں گے جو 4 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔

عمران خان کی جانب سے ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ کرنے سے روک رکھا ہے۔

قرآن پاک تصحیح شدہ ترجمہ کیس،نگران وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب عدالت طلب



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے قرآن پاک کے تصحیح شدہ ترجمہ سے متعلق کیس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو 16 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے قرآن پاک کی تصحیح شدہ ترجمہ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 8 ماہ سے وفاقی حکومت کی رپورٹ نہیں آئی۔

وفاق کے وکیل نے کہا کہ ہم رپورٹس جمع کروا دیتے ہیں عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ یہاں سیر کرنے آئے ہیں، کیوں رپورٹ جمع نہیں ہوئی ؟ یہ کیس نہ آپ کا ہے نہ عدالت کا یہ ہم سب کا ہے۔جسٹس شجاعت علی خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پھر ملک کے چیف ایگزیکٹو کو بلا لیتے ہیں، نگران وزیراعظم آ کر خود جواب دے دیں۔

لگتا ہے نگران وزیراعظم کے سامنے معاملہ رکھا ہی نہیں گیا۔وفاق کے وکیل کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ سنجیدہ ہوتے تو ہمیں کوئی رپورٹ لازمی جمع کرواتے، نگران وزیراعظم پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔

عدالت نے نگران وزیراعظم کو 16اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔دوران سماعت ایڈیشنل آئی جی پنجاب شہزادہ سلطان نے بیان دیا کہ ہمارا دائرہ اختیار بہت محدود ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ اپنے دائرہ اختیار پر جتنا عمل کررہے ہیں سب کو پتہ ہے۔

عدالت نے ڈی پی او چنیوٹ پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ آئی جی کو چاہیے کہ ڈی پی او کو کسی کورس پر بھیجیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو بھی طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

عمران ریاض کی بازیابی اللہ کی رحمت سے ہوئی ‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ



لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کی بازیابی کے لیے دائر درخواست صحافی کے بحفاظت بازیاب ہونے پر غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے درخواست پر سماعت کی ۔

صحافی عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا گیا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اللہ کاشکرادا کریں ،عمران ریاض کی بازیابی اللہ کی رحمت سے ہوئی ۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عمران ریاض کے خود گھر واپس انے کے بعد حبس بجا کی درخواست غیر موثر ہو چکی ہے ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ ان کی جگہ ایڈیشنل آئی جی ذوالفقار حمید اور شہزادہ سلطان عدالت میں پیش ہوئے ۔درخواست گزار کی طرف سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ فاضل عدالت نے درخواست غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی۔

بینائی چھین لینے والے انجکشن کا معاملہ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا



لاہور ( این این آئی) آنکھوں کی بیماری کے علاج کے لیے غیر معیاری انجکشن استعمال کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

رانا سکندر ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں غیر معیاری آنکھوں کا انجکشن استعمال کرنے کے اقدام کے خلاف درخواست دائر کر دی جس میں نگراں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آنکھوں کی بیماری کے علاج کے لیے غیر معیاری انجکشن لگائے جا رہے ہیں جس کے باعث 14 افراد آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت غیر معیاری انجکشن کا استعمال روکنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔

واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلی پنجاب نے انجکشن سے بینائی متاثر ہونے والے افراد کا مفت علاج کروانے کا حکم دیا ہے۔لاہور میں آنکھوں کے انجکشن سے بینائی جانے کا اسکینڈل سامنے آنے پر انجکشن بنانے والوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے۔

جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے محسن نقوی نے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ کلینکس کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔