پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان دونوں کو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے۔
انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات جلد سے جلد ہونے چاہئیں۔
اسد عمر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہیے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں اس لیے ضروری تھا کہ پاکستان میں بھی قیمتیں کم ہوں۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، اس حوالے سے درخواست عدالت میں موجود ہے۔ ہمارا موقف ہے کہ تمام پارٹیوں کو جلسے کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
اسد عمر نے فلسطین کے عوام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر نگران حکومت کا یہ خیال ہے کہ فلسطین کے معاملے پر خاموشی کی صورت میں انہیں باہر سے کوئی آشیر باد مل جائے گی تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ ہر مظلوم کے حق میں آواز اٹھائے۔