Tag Archives: مکی آرتھر

بھارت سے شکست کے بعد مکی آرتھر کی پریس کانفرنس پر بھارتی میڈیا کا واویلا



احمد آباد(این این آئی) آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کے بیان کوبھارتی میڈیا نے رونا دھونا قرار دیدیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مکی آرتھر نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ آئی سی سی ایونٹ نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ہوم ایونٹ لگا۔

پاکستان کیلئے نعرے کم ہی لگائے گئے۔مکی آرتھر نے پاکستان کو سپورٹ نہ ملنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں جھوٹ بول رہا ہوں گا اگر میں یہ کہوں کہ ایسا نہیں تھا، میں نے مائیکرو فون سے دل دل پاکستان بھی نہیں سنا، سپورٹ سے فائدہ ہوتا ہے لیکن یہ ہار کی وجہ کے طور پر نہیں کہہ رہا۔

بھارتی میڈیا نے جب مکی آرتھر کی پریس کانفرنس کے حوالے سے بھارتی بورڈ آفیشل سے گفتگو کی تو انہوں نے کہاکہ دل دل پاکستان لگانے میں کوئی نقصان نہیں تھا لیکن آپ ہمیں بتائیں یہ ہم کب چلاتے؟ کیا ہم اس وقت چلاتے جب بابر اور رضوان بولڈ ہوئے ؟ کیا اس وقت چلاتے جب روہت شرما نے شاہین آفریدی کو چھکا مارا تھا، آپ یہ سب اس وقت چلاتے ہیں جب اسٹیڈیم میں فینز ہوں، وہاں ایک بھی پاکستانی فین نہیں تھا۔

پاکستان ٹیم ڈائریکٹر کی پریس کانفرنس پر بھارتی میڈیا نے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد مکی آرتھر نے برے طریقے سے رونا دھونا شروع کر دیا ہے، مکی آرتھر نے پریس کانفرنس میں عجیب و غریب ریمارکس دیے۔

انھوں نے اسٹیڈیم میں ہوم ٹیم کو ملنے والی سپورٹ پر مایوسی کا اظہار کیا اور بھارتی بورڈ کو نشانہ بنا کر پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔بھارتی میڈیا نے کہاکہ پریس کانفرنس میں اس حوالے سے مکی آرتھر نے مزید گفتگو جرمانے کے خوف سے نہیں کی کیونکہ مکی آرتھر کو احساس ہو گیا تھا کہ انہوں نے اپنی حدود سے تجاوز کیا ہے۔

ورلڈکپ آئی سی سی کا نہیں بھارتی بورڈ کاایونٹ لگ رہا ہے ، مکی آرتھر اور بریڈ برن برس پڑے



پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے پاکستانی شائقین کو ویزے جاری نہ کرنے پر بھارت کوآڑے ہاتھوں لے لیا۔
ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے احمد آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاک بھارت میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ‘دل دل پاکستان’ کی کوئی گونج نہیں سنی۔ ورلڈ کپ آئی سی سی کا نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ایونٹ لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سپورٹ بھارت میں نہ ہونے کو شکست کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کروں گا۔ خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت فائنل میں دوبارہ مدمقابل آئیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈ برن نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کوسخت تنقید کانشانہ بنایاہے ۔
احمد آباد میں پریس کانفرنس کےد وران بریڈ برن کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں آئی سی سی ایونٹ کاماحول نظر نہیں آرہاتھا یہ پوری طرح بھارت کاایونٹ لگ رہاتھا، پاکستان کے شائقین کوویزے نہیں دیئے گئے ، گرائونڈ میں پاکستان ٹیم کے حق میں کوئی میوزک اور سپورٹ نظر نہیں آئی اس سے ماحول پرکافی اثر پڑتاہے۔
ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کی کمی شدت سے محسوس کررہے ہیں، ورلڈ کپ کاہرمیچ اہم ہے اور ہرحریف سخت ہے، ہم یہاں ہارنے نہیں آئے آج کے میچ میں کھلاڑیوں نے کھیل کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ: مکی آرتھر نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کر لیا



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مکی آرتھر انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی مصروفیات ختم ہونے پر بھارت پہنچ گئے اور ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اب مکی آرتھر ورلڈ کپ کے دوران مکمل ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔

اس سے قبل ایشیا کپ کے دوران مکی آرتھر چند میچوں میں ہی ٹیم کے ساتھ موجود رہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم اس وقت حیدرآباد دکن میں موجود ہے جہاں آج پریکٹس سیشن ہو گا۔ بابر الیون کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ ہو گا۔ جبکہ ٹیم ورلڈ کا پہلا میچ نیدر لینڈ کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گی۔