Tag Archives: وسیم اکرم

وسیم اکرم لائیو شو کے دوران سابق اہلیہ کے ذکرپر آبدیدہ ہو گئے



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سابق کپتان وسیم اکرم اپنی مرحومہ اہلیہ ہما کی بیماری اور ان کے انتقال پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

حال ہی میں وسیم اکرم ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے وسیم اکرم سے ان کی مرحومہ اہلیہ سے ہونے والی آخری گفتگو کا سوال کیا؟

وسیم اکرم نے بتایا کہ مجھے کمنٹری کے دوران ہما کی کال آئی کہ  دونوں بیٹوں  اور میرا گلا خراب ہے، اس کے بعد بچے ٹھیک ہوگئے لیکن ہما ٹھیک نہیں ہوئی، انہیں اسپتال میں ایڈمٹ کرلیا گیا۔

ڈاکٹرزہما کی بیماری کی تشخیص نہیں کرپائے تھے،انہیں کئی کئی اینٹی بائیوٹک انجیکشن لگائے گئےجس کے بعد ان کے گردے فیل ہوگئے۔

ہما کو  علاج کیلئے سنگاپور لے جانا پڑا، میں نے ائیر ایمبولنس منگوائی جس میں ہمانے پوچھا میرے شوہر کہاں ہیں ؟ میں نے  ہاتھ پکڑ کر کہا میں یہیں ہوں اس کے بعد وہ بیہوش  ہوگئی۔

میں نے ایمبولینس میں ہی رونا شروع کردیا اس کے بعد  ہماری ائیر ایمبولنس کو فیولنگ کیلئے چنئی لینڈ کرنا پڑا جہاں مجھے روتا دیکھ سب جمع ہوگئے اور وہاں انتظامیہ نے بغیر ویزوں کے ہما سمیت ہم سب کو اسپتال بھجوادیا  جہاں وہ 3 سے 4 دن آئی سی یو میں رہی اور پھر   انتقال کرگئی۔

دوران انٹرویو وسیم بیٹوں کو اہلیہ کے انتقال کی خبر دینے سے متعلق رو پڑے اور کہا  میرے لیے دونوں بیٹوں  کو والدہ کے انتقال کی خبر دینا بے حد مشکل تھا  مجھے ہما کے لفظ یاد تھے وہ کہتی تھی وسیم زندگی چلتی رہتی تھی اور پھر میں نے اپنے بچوں کیلئے اور کچھ دوستوں کی مدد سے ایک بار پھر آگے کا سفر شروع کیا۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم اور ہما ​​مفتی کی شادی 1995 میں لاہور میں ہوئی تھی، 1996 میں دونوں کے یہاں بیٹا تیمور اور  2000 میں ان کے یہاں دوسرے بیٹا اکبر کی پیدائش ہوئی جب کہ 2009 میں ہما اچانک بیمار  ہونے کے بعد انتقال کرگئی تھیں۔

وسیم اکرم نے قومی کرکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا



کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر جہاں شائقین کرکٹ مایوس ہیں وہیں سابق کرکٹرز کو بھی شدید غصہ ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوال اٹھا دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ افغانستان جیسی ٹیم سے قومی ٹیم کو شکست ہوئی جو باعث شرمندگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو کب سے ٹی وی اسکرینوں پر کہہ رہے ہیں کہ 2 سال سے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ کیوں نہیں کیا گیا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ اب مجھے کھلاڑیوں کے انفرادی طور پر نام لینے پڑیں گے، جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے روزانہ 8،8 کلو کڑاہی کھاتے ہیں۔

سوئنگ کے سلطان نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر کھلاڑیوں کے لیے کوئی تو اصول ہونے چاہئیں۔

ویرات کوہلی سے ٹی شرٹس تحفے میں لینے پر بابراعظم کو تنقید کا سامنا



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اپنی شرٹس تحفے میں دی ہیں جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

بابراعظم کی ویرات کوہلی سے شرٹس لینے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو ویرات کوہلی کی جانب سے یہ جرسیاں میچ کے بعد تحفے میں دی گئی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی بابر اعظم کی جانب سے جرسیاں لینے کو نامناسب عمل قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم کی جانب سے ویرات کوہلی سے جرسیاں لینے کی تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہو گیا۔

سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آج یہ دن نہیں تھا کہ آپ مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے جرسیاں تحفے میں لیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چاچے کے پتر نے کوہلی کی ٹی شرٹ لانے کا کہہ ہی دیا ہے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں بھی یہ کیا جا سکتا تھا۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے بابر اعظم پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

کراچی کی بریانی کا کوئی مقابلہ نہیں، وسیم اکرم کا بھارتی مداحوں کو پیغام



کراچی(این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ کراچی کی بریانی کا کوئی مقابلہ نہیں۔تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم ایک ہفتے قبل بھارت پہنچی تھی جس کے بعد قومی کرکٹرز مقامی روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے تھے۔

کھلاڑیوں نے حیدرآباد دکن کی مشہور بریانی بھی کھائی اسی حوالے سے شاداب خان نے ورلڈ کپ وارم اپ میچ کے دوران خراب فیلڈنگ کیلئے مذاقاً حیدرآبادی بریانی کو مورد الزام ٹھہرایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ ہم روزانہ حیدر آبادی بریانی کھارہے ہیں، شاید اسی لیے گرائونڈ میں لڑکے تھوڑی سست ہوگئے ہیں۔بابر اعظم سے حیدرآبادی اور کراچی کی بریانی کے درمیان موازنہ کرنے کا کہا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ دونوں اچھی ہیں لیکن حیدرآباد کی بریانی میں زیادہ مرچ مسالحے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم سابق کپتان اور لیجنڈ وسیم اکرم بھی حیدرآبادی اور کراچی کی بریانی کے بارے اپنی رائے دیے بنا نہ رہ سکے۔انہوں نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآبادی بریانی میں نے کھائی ہوئی ہے، یقینا شعیب ملک کو زیادہ تجربہ ہوگا۔

انہوں نے اپنے دونوں ہاتھ جوڑتے ہوئے بھارتی مداحوں سے کہا کہ میرے انڈین دوستوں، ناراض مت ہونا، میں سچ بات کررہا ہوں کہ کراچی کی بریانی کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں ۔

وسیم اکرم نے کہا کہ حیدرآباد کی مشہور بریانی ڈرائی (خشک)ہے، اس کا ذائقہ پلا جیسا ہے۔ جس پر شعیب ملک نے ہنستے ہوئے کہا کہ حیدرآبادی بریانی کا مسالحہ نیچے ہوتا ہے، آپ نے اوپر والے چاول کھائے ہوں گے۔