Tag Archives: پاکستان کرکٹ ٹیم

افتخار احمد ورلڈ کپ کے آئندہ میچوں میں جیت کیلئے پُرامید



پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے باقی میچوں میں کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری بولنگ لائن پرفارم نہیں کر پا رہی، ہمیں افغانستان کے خلاف 300 سے زیادہ رنز اسکور کرنے چاہیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے اسپنرز کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں، ہمارے ہاتھ میں صرف کوشش ہے اور چاہتے ہیں کہ ٹیم کو اوپر اٹھائیں۔

افتخار احمد نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو جب مار پڑ رہی ہو تو پھر اس کا مورال ڈائون ہو جاتا ہے۔

عماد وسیم نے بابر اعظم سے اختلاف سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی



قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کپتان بابر اعظم سے اختلاف سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

عماد وسیم ایک نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئے جہاں ان سے بابراعظم سے اختلاف سے متعلق سوال کیا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سوال تو پیچیدہ ہے مگر اس میں کوئی صداقت نہیں ہے، کیوں کہ ہمارے درمیان کوئی دشمنی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل عماد وسیم نے کرکٹ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب انسان ملک کے لیے کھیلتا ہے تو پھر ساری باتوں کو ایک طرف کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا کپتان بابراعظم کے ساتھ احترام کا رشتہ ہے۔

بھارت کیخلاف شکست کے بعد پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی



بنگلور(آن لائن)بھارت کیخلاف شکست کے بعد پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی، زخمی ہو جانے والے تگڑے آسٹریلین کرکٹر کی پاکستان کیخلاف میچ سے قبل بھارت پہنچ جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ نے بائیں ہاتھ کے فریکچر کے بعد پہلی بار بیٹنگ پریکٹس شروع کردی ہے۔

صحت یابی کے بعد ان کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ہیڈ کی گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران بائیں ہاتھ کی انگلی ٹوٹ گئی تھی لیکن انہیں 15 رکنی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا کیونکہ سلیکٹرز کو امید تھی کہ وہ ٹورنامنٹ کے آخری مراحل کے لئے وقت پر فٹ ہو جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اگر ٹریوس ہیڈ شیڈول کے مطابق صحت یاب ہوئے تو وہ پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کے میچ سے قبل بھارت پہنچ سکتے ہیں۔

ہیڈ نے آسٹریلوی ویب سائٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امید سے زیادہ تیزی سے صحت یاب ہوا ہوں، فریکچر کی سرجری کرانے کا مطلب دس ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہنا تھا اس لئے سرجری نہ کرانے کا فیصلہ کیا۔ ہیڈ نے کہا کہ چار ہفتوں تک سخت ٹریننگ نہ کرنے کی ہدایت تھی لیکن بیٹنگ کرنے اور کچھ شاٹس کھیلنے کے قابل تھا، اب فٹ ہوں اور ورلڈ کپ کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان اور لیگ سپنر اسامہ میر بھی آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم رواں ورلڈکپ میں 20 اکتوبر کو بنگلور کے چنا سوامی سٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف مدمقابل ہو گی۔ اوپنر فخر زمان گھٹنے کی انجری اور لیگ سپنر اسامہ میر بخار میں مبتلا تھے، دونوں کھلاڑی اپنی بیماریوں سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور اہم میچ کے لئے سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے۔ قومی ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے احمد آباد سے بنگلور پہنچی۔

ورلڈ کپ: پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے میچ کے لیے احمدآباد سے بنگلورو پہنچ گئی



پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت کے شہر احمدآباد سے بنگلورو پہنچ گئی ہے۔

قومی ٹیم کپتان بابراعظم کی قیادت میں خصوصی طیارے کے ذریعے بنگلورو پہنچی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم اپنا اگلا میچ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی جو بھارتی شہر بنگلورو میں ہو گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک 3 میچ کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں فتح حاصل کی ہے جبکہ ایک میچ میں بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ 14 اکتوبر کو احمدآباد میں بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہمیں آپ سے پیار ہے سر! بھارتی فین کی جانب سے قومی ٹیم سے محبت کا اظہار



قومی کرکٹ ٹیم کے بھارتی شہر احمدآباد پہنچنے پر ایک بھارتی مداح کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا گیا ہے۔

بھارتی مداح کی جانب سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو احترام دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

جونہی پاکستانی ٹیم احمدآباد ایئرپورٹ پر پہنچتی ہے تو وہاں پر موجود بھارتی فین کی جانب سے بابراعظم، محمد رضوان اور شاداب خان کو سلام کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر بھارتی کرکٹ فین کہتا ہے کہ ہمیں آپ سے پیار ہے سر! ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

بھارتی مداح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جہاں پاکستانی شائقین کی جانب سے اسے پسند کیا جارہا ہے وہیں بھارتی سوشل میڈیا صارفین اس پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔