Tag Archives: پرویز الٰہی

بھرتیوں میں بدعنوانی کا کیس ، پرویز الہیٰ کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع



لاہور کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کر دی۔

لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بدعنوانی کے کیس کی سماعت کی ، اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعلیٰ کو عدالت کے روبرو پیش کیا اور 12 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی،اینٹی کرپشن حکام نے  بتایا کہ پرویز الٰہی سے مزیدتفتیش درکار ہے لہٰذا عدالت ریمانڈ فراہم کرے۔

 پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا کہ ضمنی کے مطابق پرویز الٰہی کواینٹی کرپشن ٹیم لے کر ان کی رہائشگاہ گئی اور پرویز الٰہی نے اپنے بیڈ روم میں دراز سے 41 لاکھ روپے ریکور کروائے، ضمنی میں وقت کا ذکرنہیں اور نہ ہی تھانے سے روانگی کا ذکر کیا گیا ہے۔

پرویز الٰہی کے وکیل نے اپنے مؤکل کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے ان کے ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کر دی۔

پرویز الہیٰ کی اینٹی کرپشن مقدمے میں ضمانت واپس لینے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر



پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدراور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی اینٹی کرپشن کے مقدمے میں ضمانت واپس لینے کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سلطان تنویر یکم نومبر کو درخواست پر سماعت کریں گے، عدالت نے وکلا کو دلائل کیلئے طلب کر رکھا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے ٹرائل کورٹ کا ضمانت کا فیصلہ واپس لینے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

نواز لاڈلے کو ریلیف ، باقیوں پر سختی ، سپیشل انصاف کیا صرف شریفوں کیلئے ہے ؟ پرویز الہیٰ



سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لیے ہی سارے ریلیف ہیں، اسپیشل انصاف کیا صرف شریفوں کے لیے ہے؟

 لاہور کی ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ 5 ماہ سے ہم ضمانت پر ہیں پھر بھی ہمیں تنگ کیا جا رہا ہے، انصاف تو وہ ہے جس کو عوام تسلیم کریں اور انصاف ہوتا نظر بھی آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ اداروں اور عدالتوں کا احترام کیا ہے، شریفوں نے ہمیشہ ججز کے خلاف سخت باتیں کی ہیں، یہ کہاں کا انصاف ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف لاڈلے کے لیے سارے ریلیف اور باقیوں کے لیے سختی ہے، نواز شریف ججز کے خلاف بولتے ہیں کیا جج وہ باتیں بھول گئے ہیں۔

تحریک انصاف نہیں چھوڑوں گا، اسی لیے جیل کاٹ رہا ہوں: پرویز الٰہی



پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میں تحریک انصاف نہیں چھوڑوں گا، اسی لیے جیل بھی کاٹ رہا ہوں۔

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر صحافی نے پرویزالٰہی سے جیل کے اندر عمران خان سے پیغام رسانی کے حوالے سے سوال کیا کہ سنا ہے عمران خان نے ٹکٹوں نے تقسیم کے حوالے سے آپ سے تجاویز مانگی ہیں جس پر پرویز الٰہی نے کہا کہ ایسی تو کوئی بات نہیں ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان جس سیل میں قید ہیں اس کی باہر والی دیوار توڑ دی گئی ہے، جیل میں کھانا اچھا نہیں ملتا جس کی وجہ سے فوڈ پوائزنگ ہو گئی ہے، اسی لیے صحت بھی اچھی نہیں، یہاں پہنچنے میں خاصی مشکل ہوئی۔

ایک اور سوال کے جواب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ میں پی ٹی آئی میں ہی رہوں گا۔

صحافی نے مونس الٰہی کے حوالے سے سوال داغ دیا کہ جب نواز شریف قید تھے تو مونس الٰہی تنقید کرتے تھے کہ ان کے بیٹے انہیں پوچھنے نہیں جاتے، اب آپ قید ہیں تو آپ کے بیٹے یہاں آپ کا حال معلوم کرنے کیوں نہیں آ رہے؟۔

پرویز الٰہی نے صحافی کے سوال پر جواب دیا کہ میں ٹھیک ہوں، اللہ کا شکر ہے مجھے کوئی مشکل نہیں۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے والے پولیس افسران نے غیر مشروط معافی مانگ لی



لاہور ( این این آئی) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے پر توہین عدالت کی درخواست پر ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی جبکہ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کے معاملے میں کسی قسم کی کوئی بدنیتی شامل نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کو عدالتی حکم کے باوجود گرفتار کرنے کے خلاف انکی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

سب انسپکٹر اسلام آباد پولیس تجمل، اور سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل عدالت میں پیش ہوئے۔آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروایا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کے وکیل شان گل عدالت پیش ہوئے اورعدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

لاہور پولیس کی جانب سے جمع جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری اسلام آباد پولیس کی جانب سے کی گئی، اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ پرویز الٰہی کے معاملے میں کسی قسم کی کوئی بدنیتی شامل نہیں۔

جسٹس سلطان تنویر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسپیشل ڈویژن بینچ میں جانا ہے، مزید کیسز کی سماعت نہیں ہوسکتی، اگر وقت بچاتو توہین عدالت کیس کی سماعت ہوگی۔بعدا زاں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔