Tag Archives: پشاور

قتل کیس: پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی اسپیکر کا جسمانی ریمانڈ منظور



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

سابق ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان کو قتل کے الزام میں پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

تفتیشی آفیسر نے سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ محمود جان پر الزام ہے انہوں نے زمین کے تنازع پر ایک شخص کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کیا ہے۔

تفتیشی آفیسر نے کہا کہ ملزم کے خلاف قتل اور اقدام قتل کے دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور اب تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے۔

عدالت نے تفتیشی آفیسر کی استدعا پر ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔

پشاور: 8 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد جلانے والے ملزم کو 3 بار سزائے موت کا حکم



پشاور(این این آئی) پشاور کی مقامی عدالت نے 8 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے اس کی لاش کو جلانے والے ملزم کو 3 بار سزائے موت دینے کا حکم دے دیا۔

جمعرات کو پشاور کی چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کی جج حنا مہوش نے جنسی تشدد کے بعد بچی کو قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت پولیس نے بتایا کہ ملزم آصف رضا عرف ملنگ نے 8 سالہ بچی کو جنسی تشدد کے بعد قتل کیا تھا، ملزم نے بچی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش بھی جلائی دی تھی اور پھر اس نے جلی ہوئی لاش قبرستان میں پھینک دی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ بڈھ بیر میں متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے عدالت میں چالان جمع کرادیا تھا۔

عدالت نے ملزم پر جرم ثابت ہونے کے بعد اسے 3 بار سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ 8 سالہ بچی کے قتل کا واقعہ 18 نومبر 2020 کو پیش آیا تھا، واقعے کے خلاف علاقے کے عوام نے کئی روز تک کوہاٹ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر کے احتجاج کیا تھا۔