Tag Archives: چیئرمین پی ٹی آئی

کیا اب جیل کا کمرہ بھی تڑوا دوں؟ جج کا عمران خان کے وکیل سے مکالمہ



چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف قائم سائفر کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی ہے۔

آفیشل سیکرٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر عمران خان کے قانونی امور کے ترجمان اور وکیل نعیم پنجوتھا پیش ہوئے۔

نعیم پنجوتھا نے جج کے سامنے موقف اختیار کیا کہ آپ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، وکلا کو بھی عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا جبکہ اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کمرہ بہت چھوٹا ہے۔

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیے کہ ہم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کے سیل کی دیوار تو تڑوا دی ہے اب کیا کمرہ بھی تڑوا دوں۔

نعیم پنجوتھا نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کے معاملے پر بہانے بنائے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ وکلا سے بھی نہیں ملنے دیا جاتا۔

جج نے کہا کہ عمران خان اہم شخصیت ہیں ان کی زندگی کا تحفظ تو ضروری ہے۔

بعدازاں جج ابوالحسنات نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔

عمران خان کی الیکشن کمیشن میں عدم پیشی پر سیکریٹری داخلہ طلب



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عدم پیشی پر سیکریٹری داخلہ کو طلب کر لیا

عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبرسندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کے وکیل شعیب شاہین نے پیروی کی۔

سماعت کے دوران شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی پیشی کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے کہ انہیں پیش کیا جائے مگر حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، کمیشن کی اصل توہین تو آج ہوئی ہے۔

اس کے موقع پر اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ وہ خود بھی اس خدشے کا اظہار کر چکے ہیں۔

ممبرالیکشن کمیشن سندھ نے استفسار کیا کہ عمران خان کو جو کہہ رہے ہیں اس کے صحیح ہونے کا آپ کو یقین ہے؟۔

اے آئی جی نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کی پیشی سے متعلق معذرت کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی تجویز ہے کہ اڈیالہ جا کر الیکشن کمیشن سماعت کر سکتا ہے۔

ممبرالیکشن کمیشن نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک شخص کو سیکیورٹی نہیں دی جا سکتی تو انتخابات کیسے ہوں گے۔

بعدازاں سیکریٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

سکیورٹی وجوہات ، عمران خان اور شاہ محمود کو جالی کے کمرے میں بٹھایا گیا



اڈیالہ جیل راولپنڈی میں خصوصی عدالت میں سائفر کیس اِن کیمرا سماعت کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سکیورٹی وجوہات کی بناء پر جالی کے کمرے میں بٹھایا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے فردِ جرم اور خود پر لگے الزامات سمجھنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فردِ جرم سمجھ نہیں آئی،چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے فردِ جرم عائد ہونے کے بعد دستاویزات پر دستخط کر دیئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب بیرونِ ملک ایک اور فون کرنا ہے۔  جس پر جج ابوالحسنات نے کہا کہ اب کس کو بیرونِ ملک فون کرنا ہے؟ جس کا چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب نہیں دیا اور مسکرا دیئے۔

عمران خان کی ورزش کیلئے لائی جانیوالی سائیکل اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے روک لی



چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ورزش کیلئے سائیکل اڈیالہ جیل پہنچا دی گئی تاہم جیل انتظامیہ نے اسے روک دیا۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ  کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے سائیکل مہیا کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی کہ جیل ایس او پیز کے تحت سابق وزیر اعظم  سائیکل کے حقدار ہیں۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل فراہم کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔

عدالت کی طرف سے درخواست کی منظوری کے بعد سابق وزیراعظم کی ورزش کیلئے سائیکل اڈیالہ جیل پہنچا دی گئی، تاہم سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا ہے کہ عدالت کا تحریری فیصلہ آنے تک سائیکل جیل کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین سائیکل سے متعلق درخواستِ پر سماعت 23 اکتوبر کو کریں گے۔

ذاتی معالج نے عمران خان کی ذہنی و جسمانی صحت کو تسلی بخش قرار دے دیا



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عثمان یوسف نے عمران خان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان یوسف نے کہا کہ عمران خان سے مل کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے، مجھے لگا کہ ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔

ڈاکٹرعثمان یوسف کے مطابق گولی لگنے کے بعد عمران خان کی ورزش بہت کم ہو گئی تھی جس کے باعث ان کا وزن بھی بڑھ گیا تھا، اب ان کی ذہنی و جسمانی صحت بہت اچھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں مجھے مکمل اجازت دی گئی کہ عمران خان کا چیک اپ کروں، پی ٹی آئی چیئرمین کو ہاضمے کا تھوڑا مسئلہ ہے جو پہلے بھی ہوتا تھا، اس کے لیے ایک ٹیسٹ اور دوا تجویز کی ہے۔

عمران خان اور شاہ محمود سائفر کیس میں قصور وار قرار، اسد عمر کو کلین چٹ :چالان عدالت میں جمع



وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں چالان جمع کرا دیا ہے۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چالان میں استدعا کی ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود کو ٹرائل کر کے سزا دی جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں اسد عمر کا نام شامل نہیں۔

چالان کے مطابق سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے اور یہ چالان کے ساتھ منسلک ہے۔

چالان میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان نے سائفر کو اپنے پاس رکھ کر قانون کی خلاف ورزی کی۔

جمع کرائے گئے چالان کے مطابق عمران خان کے پاس سائفر کی کاپی پہنچی لیکن انہوں نے واپس نہیں کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی 27 مارچ کو کی گئی تقریر کا ٹرانسکرپٹ بھی چالان کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ اور اس کے ساتھ 28 گواہوں کے 161 کے بیانات بھی موجود ہیں۔