Tag Archives: islamabad high court

سائفر کیس کی جیل میں سماعت کیخلاف عمران خان کی درخواست نمٹا دی گئی



سائفر کیس کی جیل میں سماعت کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے نمٹا دی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

تحریری فیصلے میں وجوہات سامنے آئیں گی کہ عمران خان کی درخواست کس بنیاد پر نمٹائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس کے جیل میں ٹرائل کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

آج عمران خان کی جانب سے لطیف کھوسہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور سائفر کیس کو جھوٹا و بے بنیاد قرار دیا۔

شیر افضل مروت کی گرفتاری عدالت کی اجازت سے مشروط



اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے رکن شیر افضل مروت کی گرفتاری سے روک دیا۔

پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے رکن شیر افضل مروت کی درخواست پر سماعت کاہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے حکم جاری کیا۔

عدالت نے پولیس اور دیگر فریقین سے شیر افضل مروت کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔

دورانِ سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ یہ بھی بتائیں کہ شیر افضل مروت کا نام ای سی ایل میں تو شامل نہیں؟اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت جمعے تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم



اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا اسٹیٹس تبدیل ہو چکا۔

سزا معطلی ہونے کے بعد وہ انڈر ٹرائل قیدی ہیں جو اڈیالہ جیل رکھے جاتے ہیں۔ پھر چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل کیوں رکھا گیا ہے؟ انہیں اڈیالہ جیل شفٹ کیا جائے۔ سابق وزیراعظم کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر سہولیات سے محروم نہیں رکھنا چاہئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سہولیات اور ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے سنٹرل جیل اڈیالہ منتقلی کی درخواست پر سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس میں انڈر ٹرائل قیدی ہیں۔ اسلام آباد کے تمام انڈر ٹرائل قیدی اڈیالہ جیل ہوتے ہیں پھر پٹیشنر کو اٹک جیل کیوں رکھا گیا ہے؟

چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا اسٹیٹس تبدیل ہو چکا۔توشہ خانہ کیس میں انہیں اٹک جیل رکھا گیا تھا وہ سزا معطل ہو چکی ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا جب سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری ہوئی تو عدالتی آرڈر اٹک جیل کا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کیونکہ وہ اس وقت اٹک جیل میں تھے اسی لئے جج نے آرڈر کیا۔کل کو آپ رحیم یار خان ٹرانسفر کر دیتے ہیں تو وہاں سے ٹرائل کریں گے؟چیف جسٹس نے کہا قانون کے مطابق اسلام آباد کے انڈر ٹرائل قیدی کو اڈیالہ جیل ہونا چاہئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل شفٹ کریں۔ شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی سپورٹس مین ہیں انہیں ایکسرسائز مشین فراہم کرنے اور اٹک جیل سے اڈیالہ منتقل کرنے کا تحریری آرڈر بھی جاری کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کوشش ہو گی اڈیالہ جیل منتقلی کا آج ہی تحریری حکمنامہ جاری کردیں۔