وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو برطانوی وزیر خارجہ کا ٹیلیفون، دہشتگرد حملوں کی مذمت



نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ٹیلیفون کیا ہے اور دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلورلی نے مستونگ اور ہنگو میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اور اس امید کا اظہار کیا کہ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوں گے۔

اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے برطانوی حکومت کی جانب سے اظہار یکجہتی کرنے پر برطانیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہے، جو لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں ان کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

افغانستان ٹی ٹی پی کا “پالنہار” خطے میں امن کیلئے خطرہ: امریکہ نے تصدیق کر دی



امریکا نے واضح طور پر کہا ہے کہ ٹی ٹی پی خطے کے امن کےلئے براہ راست خطرہ ہےامریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ کا کہناہے کہ افغان سرزمین کے دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں حالیہ خود کش حملہ اس کی تازہ مثال ہے۔

تھامس ویسٹ نے ٹی ٹی پی کے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے پاکستانی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سب اس بات سے واقف ہیں کہ ٹی ٹی پی پاکستان سے نکالے جانے پر افغان طالبان کی حامی بن کر جنگ لڑتی رہی۔ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی آپریشنل اور مالی معاونت میں ایک پیج پر ہیں۔ افغان طالبان ٹی ٹی پی کو لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کرتے آئے ہیں۔

تھامس ویسٹ نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کے لیے ہمیشہ مددگار رہا ہے۔ پاکستان نے سیکیورٹی مسائل کی نشاندہی اور افغان مہاجرین کے معاملے پر بہت مدد کی۔

ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی



لاہور ( این این آئی) رحمت دو عالم، حضور پرنور، حضرت محمد مصطفیۖ کی ولادت باسعادت کا دن، ملک بھر میں عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

مقدس دن کے موقع پر مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کرتی رہیں، مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا۔

ملک کے ہر کونے میں فضا معطر رہی اور سب نے اپنے اپنے انداز میں خاتم النبین، رحم اللعالمین، وجہ تخلیقِ دو جہاں، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیۖ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعائوں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔

دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی اس کے علاوہ ولادت النبی ۖ کے حوالے سے ملک بھر میں جلوس و ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

جماعت اہلسنت کراچی کے زیراہتمام مرکزی جلوس علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری دیگر علما ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

لاہور میں میلاد النبیۖ کا جلوس نوری مسجد ریلوے سٹیشن سے شروع ہو کر مختلف راستوں پر گامزن ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوا، جشن عید میلادالنبیۖ کے حوالے سے ملک بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔

پنجاب بھر میں بھی عید میلاد النبیۖ کی تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی، سنٹرل پولیس آفس اور حساس اضلاع کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے گئے تھے۔

بھارت: پیٹ کے درد میں مبتلا شخص کے معدے سے 150 گھریلو اشیا برآمد



بھارت میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے کہ پیٹ کے درد کا شکار شخص کے معدے سے آپریشن کر کے 150 سے زیادہ گھریلو اشیا نکالی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست پنجاب کے شہر موگا کے مقامی ہسپتال میں ایک شخص کو لایا گیا تو چیک اپ کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ اس کے معدے میں گھریلو استعمال کی اشیا موجود ہیں۔

ڈاکٹروں نے اس شخص کا 3 گھنٹے کا طویل آپریشن کیا اور معدے سے تمام اشیا نکال دیں۔

بھارتی شہری کے معدے سے نکالی جانے والی اشیا میں ایئر فون، بٹن، نٹ، سیفٹی پن اور دیگر اشیا شامل ہیں۔ یہ شخص ایک ماہ سے بیمار تھا۔

آپریشن کے بعد متاثرہ شخص کو طبی امداد دی جا رہی تھی مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور چل بسا۔ مرنے والے شخص کے گھر والے حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس نے یہ اشیا کب اور کیسے نگلیں۔

پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کا امکان



پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 10 روپے ، لائٹ ڈیزل آئل 12 روپے، مٹی کے تیل کی قمیت میں 8 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، تاہم پیٹرولیم لیوی کو بڑھانے کی صورت میں قیمتوں میں زیادہ کمی کا امکان نہیں ہے۔

حکومت اس وقت پٹرول پر 60 روپے، ڈیزل پر فی لیٹر 50 روپے لیوی ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ وزیر اعظم وزارت خزانہ کی مشاورت سے کرینگے۔نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔

وطن واپسی پرنوازشریف کے جیل جانے کا امکان نہیں،اسحاق ڈار



لاہور( این این آئی)سابق وزیر خزانہ و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نوازشریف نے جنرل باجوہ اور جنرل فیض اور دیگر کے احتساب کا معاملہ 2017ء میں ہی اللہ پر چھوڑ دیا تھا۔

نوازشریف کی اصل سوچ یہی ہے ہمارے پاس دو راستے ہیں کہ ملک ٹھیک کریں یا اپنے حساب برابر کرنے میں لگ جائیں ، قوم کی بہتری اور پاکستان کی ترقی نوازشریف کی ترجیح ہو گی ۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ قوم نوازشریف کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے ،وطن واپسی پرنوازشریف کے جیل جانے کا امکان نہیں، سب کوپتہ ہے ان پر فراڈ کیسز بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو بہتر کرنے میں نوازشریف کا ٹریک ریکارڈ ہے۔

انہوں نے ملک سے اٹھارہ ،اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کی، دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی،عوام نے موقع دیا تو نوازشریف دوبارہ ملک سے اندھیرے دوراوردہشتگردی ختم کریں گے۔

ٹاپ 10 انڈین فلموں میں شاہ رخ خان نے سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا



بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ میں کنگ خان کے نام سے شہرت پانے والے شاہ رخ خان ان دنوں شہرت کی بلندیوں پر ہیں، بھارت میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلموں میں اس وقت کنگ خان کی فلم جوان سرفہرست ہے۔ شاہ رخ خان نے ٹاپ 10 انڈین فلموں میں سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹاپ 10 ہندی فلموں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں شاہ رخ خان کی 2 فلمیں ٹاپ 3 میں شامل ہیں۔

اس وقت فلم جوان سب سے زیادہ کمائی کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جس نے اب تک بھارت میں 525.5 کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے۔ اس کے علاوہ رواں سال جنوری میں جاری ہونے والی انہی کی فلم پٹھان 524.53 کروڑ کما کر تیسرے نمبر پر شامل ہے۔

دوسرے نمبر پر سنی دیول کی فلم غدر2 ہے جس نے اب تک 524.8 کروڑ کمائے ہیں۔

دبنگ اسٹار کے نام سے مشہور سلمان خان کی دو فلمیں ٹائیگر زندہ ہے اور بجرنگی بھائی جان نویں اور دسویں نمبر پر ہیں اور یوں کنگ خان ان سے بہت آگے ہیں۔

ہنگو کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کا مقدمہ درج



ہنگو کی مسجد میں جمعہ کو ہونے والے خود کش دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے حملہ آور کے جسم کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ہنگو میں خود کش دھماکے کی ایف آئی آر ایس ایچ او دوآبہ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔

نامعلوم افراد کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں دہشتگردی، قتل اور اقدام قتل کی دفعات درج کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ 2 نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے پولیس اہلکار اور تھانے کے گیٹ پر فائرنگ کی گئی، اس دوران ڈیوٹی پر موجود اہلکار نے جوابی فائرنگ کی، اہلکار کی جانب سے دہشتگرد سے بندوق چھینی گئی۔

مقدمے میں درج ہے کہ ایک خود کش بمبار نے گیٹ کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

نیویارک میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم، ایمرجنسی نافذ



امریکا کی ریاست نیویارک میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک میں مسلسل 5 روز سے طوفانی بارشیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

طوفانی بارشوں کی وجہ سے فلائٹ آپریشن معطل ہو کر رہ گیا ہے جس کے باعث ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں، زیر زمین ٹرین سروس بھی روک دی گئی ہے۔

میڈیا کا بتانا ہے کہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر 3 انچ سے بھی زیادہ پانی بھر گیا ہے۔

حکام کی جانب سے صورت حال کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ: توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف عمران خان کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر



لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔

عدالت العالیہ لاہور نے عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا ہے، جس کی سربراہی جسٹس عالیہ نیلم کریں گی۔

بینچ میں جسٹس شہرام سرور اور جسٹس اسجد جاوید شامل ہوں گے جو 4 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔

عمران خان کی جانب سے ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ کرنے سے روک رکھا ہے۔

موٹرویز ،ہائی ویز پولیس نے ڈرائیوروں پر قانون کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافہ کردیا



اسلام آباد/لاہور( این این آئی)موٹرویز اور ہائی ویز پولیس نے ڈرائیوروں پر قانون کے خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافہ کردیا۔

حد رفتار سے تجاوز پر چالان 700 روپے سے بڑھا کر 2500 روپے کردیا گیا جبکہ دوسری گاڑی کو راستہ نہ دینے پر 1ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق رات کے وقت کم روشنی کی گاڑی چلانے پر 5ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 500سے بڑھا کر 3ہزار روپے مقرر کردی گئی ۔

نئے اعلامیے کے مطابق اگلی گاڑی کے بہت قریب گاڑی چلانے پر 1ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ پہلی اسکرین ڈھانپ کر گاڑی چلانے پر 750 روپے کا جرمانہ دینا ہوگا۔

ڈرائیونگ کے دوران ٹریفک لائن توڑنے پر جرمانہ 500 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے جبکہ ٹریفک روانی میں خلل ڈالنے پر 2ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کی پاکستان میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کی مذمت



سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پاکستان میں جمعہ کو ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہوں۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پُرامن مذہبی تقریبات کے دوران لوگوں کو نشانہ بنایا گیا جو ایک گھناؤنا عمل ہے، ایسے حملے کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔