دنیا کی 10 ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا آغاز 5 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔
اگلے ڈیڑھ ماہ تک 10 ممالک کے کھلاڑی اس سب سے بڑے انعام کو حاصل کرنے کا خواب دیکھیں گے ، 1975سے 2019 کے دوران 12 بار ورلڈ کپ کے مقابلوں کا انعقاد ہوا ، 6 ٹیموں نے ٹرافی کو اپنے نام کیا، جن میں آسٹریلیا (5 بار)، ویسٹ انڈیز (2 بار)، بھارت (2 بار)، پاکستان (ایک بار)، سری لنکا (ایک بار) اور انگلینڈ (ایک بار) شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی کا انعام دیا جاتا ہے ، ہوسکتا ہے آپ کو علم نہ ہو مگر یہ ٹرافی کئی بار تبدیل ہو چکی ہے ، 1975 سے 1983 تک تمام ورلڈ کپ ایونٹس کا انعقاد انگلینڈ میں ہوا تھا۔
تینوں ایونٹس کو پروڈینشل انشورنس نامی کمپنی نے اسپانسر کیا تھا اور اسی وجہ سے ٹرافی کو پروڈینشل کپ ٹرافی کا نام دیا گیا، یہ ومبلڈن ٹینس ایونٹ کی ٹرافی سے ملتی جلتی ٹرافی تھی اور اب یہ لارڈز کے کرکٹ میوزیم میں موجود ہے،1987 کو پہلی بار یہ ٹورنامنٹ برصغیر یعنی پاکستان اور بھارت میں منعقد ہوا۔
ریلائنس انڈسٹریز نے اس ورلڈکپ کو اسپانسر کیا اور ایونٹ کے لیے گولڈ پلیٹڈ ٹرافی تیار کی گئی جس پر ہیرے جڑے تھے اور اسے ریلائنس ورلڈ کپ کا نام دیا گیا، اس ٹرافی کی تیاری پر اس زمانے میں 6 لاکھ بھارتی روپے خرچ ہوئے جو موجودہ وقت کے 80 لاکھ بھارتی روپوں کے برابر ہیں، اسے اب تک کی ڈیزائن کی گئی سب سے خوبصورت ورلڈکپ ٹرافی بھی تصور کیا جاتا ہے۔