پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) نے سیاسی مفاہمت کے لئے رضا مندی ظاہر کردی ۔
پاکستان میں عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کی کوششوں میں تیزی دیکھی جارہی ہے اس حوالے سےنگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود کی ملاقات کو ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جارہاہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز مرتضیٰ سولنگی اور شفقت محمود کی ملاقات میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد، سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی قومی مفاہمت ممکن نہیں ۔ پی ٹی آئی کو برابری کی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کے مواقع نہیں مل رہے،انتخابی مہم چلانے کی اجازت بھی نہیں جبکہ دیگر جماعتوں کو جلسے اور جلوسوں کی کھلی آزادی ہے ۔ ایسے ماحول میں کرائے گئے انتخابات کی کوئی ساکھ اور قبولیت نہیں ہو گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ شفقت محمود اور نگران وزیراطلاعات سے ملاقات ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے
تمام سیاسی جماعتوں سے ایک دوسرے کے لئے گنجائش پیدا کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔
منگل کے روز ہی پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور بیرسٹر عمیر نیازی نے ایوان صدر میں صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ بھی ایک اہم ملاقات کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق 40 منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں صدر مملکت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو آزادی کے ساتھ انتخابی مہم چلانے کا راستہ ہموار کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔