پونے: بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کرلی،بنگلہ دیش نے بھارت کو جیت کے لئے 257 رنز کاہدف دیاتھا جس کے جواب میں بھارتی نے عمدہ بلے بازی کامظاہرہ کیا۔ بھارت کی طرف سے کپتان روہت شرما نے 48 رنز بنائے جن میں7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، بھارتی اوپنر شبمن گل نے نصف سنچری سکور کی ، ان کی 53 رنز کی اننگز میں5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ویرات کوہلی نے 103 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے ، ان کی سنچری میں4 شاندار چھکے اور6 چوکے شامل تھے، کوہلی نے سنچری کے لئے 97 گیندوں کاسامنا کیا، شہریاس نے 19 رنز بنائے جبکہ کے ایل راہول 34 گینوں پر 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت نے مطلوبہ ہدف 42 ویں اوورز میں ہی پورا کرلیا ۔
میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیاتھا، بنگالی اوپنرز نے93 رنزکا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم 93 رنز پر تنزید حسن کے آئوٹ ہونے کے بعد بعد میں آنے والے بلے باز وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکے۔
اوپنر تزید حسن نے 43 گیندوں پر5 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے جبکہ دوسرے اوپنر لٹن داس بھی 66 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ دونوں اوپنرز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ رنزنہ بنا سکا۔ مشفیق الرحیم 38 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔نجم الحسن 8، مہدی حسن میراز3 اور توحید ہردوئے 16رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔
محمود اللہ نے اختتامی اوورز میں عمدہ کھیل پیش کیا اور3 چھکوں،3 چوکوں کی مدد سے46 رنز بنائے۔
بنگلہ دیشی ٹیم آج کپتان شکیب الحسن اور فاسٹ بولر تسکین احمد کے بغیر میدان میں اتری تھی ۔