پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کی ہے۔
خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمدذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے فرد جرم عائد کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
عدالت نے ٹرائل کا باقاعدہ آغاز کرنے کے لیے 27 اکتوبر کو گواہان کو طلب کر لیا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے وکلا نے آج فرد جرم روکنے کے لیے درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔
سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔