گاڑیاں جلانے کا کیس ، پی ٹی آئی کی صنم جاوید سمیت 5 ملزمان کی ضمانت منظور



 جناح ہاؤس کے باہر  گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید سمیت 5 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔

انسدادِ دہشتگردی عدالت لاہور  کے جج ارشد جاوید نے جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

 جن ملزمان کی ضمانتیں منظور ہوئیں ان میں صنم جاوید کے علاوہ سید فیصل، عمیر، افشاں طارق اور علی حسن شامل ہیں ، عدالت نے روبینہ جمیل کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑمیں مقدمہ درج ہے۔

شہباز ، فضل الرحمن ملاقات ، مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق



جمعیت علما اسلام  کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے ملاقات کی، ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال اور شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور مشاورت و اشتراک کے عمل سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا،دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ ملک کو بحرانوں سے متحد ہو کر نمٹا جاسکتا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ، جبکہ شہباز شریف نے کہا کہ 16 20 میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں آپ نے بھرپور تعاون کیا، تمام جماعتوں نے 16 ماہ میں سیاست کا نہیں، صرف ریاست بچانے کا سوچا، پاکستان کو اتحاد، مشاورت اور اشتراک عمل ہی بحرانوں سے نکال سکتا ہے، شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد سیاسی وجمہوری نظام مضبوط ہو گا۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے، سچ بے نقاب ہوچکا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گئے، نوازشریف اور ان کے خاندان کو ناحق ستایا گیا، یہ تاریخ کا سیاہ اور افسوسناک باب رہے گا۔

فضل الرحمن نے کہا کہ نوازشریف نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ تسلیم کیا لیکن نوازشریف کو ہی سیاسی نظام سے باہر کر دیا گیا، سیاسی رہنماﺅں کو ناحق چور ڈاکو کہنا سیاسی انجینئرنگ کا کھیل تھا۔

افغانستان نے بھارت کو جیت کے لئے 273 رنز کاہدف دے دیا



آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے نویں میچ میں افغانستان نے بھارت کو جیت کیلئے 273 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے ۔ افغانستان نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے حشمت اللہ شاہدی 80 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے اوپنر ابراہیم زدران کو 22 رنز پر آؤٹ کیا، رحمان اللہ گرباز کو ہاردک پانڈیا نے 21 جب کہ رحمت شاہ کو شاردل ٹھاکر نے 16 رنز پر پویلین لوٹایا۔عظمت اللہ عمر زئی 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں ساڑھے 5 ہزار روپے کا اضافہ



ملک میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے، فی تولہ قیمت ساڑھے 5 ہزار روپے بڑھ گئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 5 ہزار 500 روپے اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کا بھاؤ 2 لاکھ 5 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق  10 گرام سونے کا بھاؤ 4 ہزار 715 روپے اضافے سے ایک لاکھ 75 ہزار 754 روپے ہے۔

عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 16 ڈالر اضافے سے ایک ہزار 872 ڈالر فی اونس ہے۔

غزہ کے خوفزدہ شہری ، عمارتوں کے ملبے کے اوپر ، نیچے اور درمیان پڑی بچوں کی لاشیں اور ویران بازار



ہر طرف موت کا رقص۔۔۔ گری ہوئی عمارتوں کےملبے کے ڈھیروں سے چیختی چلاتی آوازیں ۔۔۔آسمان سے برستی آگ کی لپیٹ میں آ کر تڑپتے انسانی لاشے۔۔۔۔ یہ مقبوضہ فلسطین کا شہرغزہ ہے۔۔۔جس پر اسرائیل قہر بن کر ٹوٹ پڑا ہے۔۔۔ سوموار کی صبح سے شروع ہونے والی اسرائیلی طیاروں کی بمباری مسلسل جاری ہے ۔ آسمان سے برستی مسلسل آگ میں غزہ کے شہریوں کیلئے کوئی جائے پناہ نہیں ہے۔ مغرب کو اسرائیل پر حماس کے حملوں سے ہونے والے نقصان پرتو دکھ ہے لیکن اسے غزہ پر ڈھائی جانے والی قیامت سے کوئی غرض نہیں ۔۔۔
اسرائیلی فضائی حملوں کی زد میں آ کر تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے کے اوپر نیچے اور درمیان درجنوں فلسطینی بچوں کے لاشے پڑے اقوام عالم کا منہ چڑا رہے ہیں اور پوچھ رہے ہیں کہ کیا مسلمان کے خون کی قیمت پانی سے بھی کم ہے؟ اسرائیلی پر حملے پر میڈیا پر آنسو بہانے والے اہل مغرب کی آنکھوں سے معصوم بے گورو کفن لاشوں پر ایک آنسو بھی ٹپکنا تو درکنار ان کے منہ سے اسرائیلی بربریت پر مزمت کا ایک لفظ بھی نہیں نکلا۔۔۔
حماس فوجی چوکیوں پر حملے کرے تو ناجائز ۔۔۔لیکن اسرائیلی طیارے فلسطین کے شہریوں کا براہ راست نشانہ بنائیں تو ان کیلئے شاباش۔۔۔۔ یہ وہ دوغلا پن ہے جس کے خلاف حماس میدان میں نکلی ہے۔ ہر حملے کے وقت ایسا لگتا ہے جیسے کسی زلزلے نے عمارت کو ہلا دیا ہو۔ مجھے اپنا دل خوف سے دھڑکتا ہوا محسوس ہوتا ہے اور میرا پورا جسم کانپ جاتا ہے۔‘
بی بی سی کی ایک رپورٹ میں اسرائیلی بربریت کا احوال غزہ کے شہریوں کی زبانی بیان کیا گیا ہے
نادیہ سوموار کی صبح اپنے گھر کی کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹنے کی آوازوں سے بیدار ہوئیں۔ صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی بمباری کسی وقفے کے بغیر رات دیر گئے تک جاری رہی۔ نادیہ کے مطابق ’ایک سیکنڈ کے لیے بھی بمباری بند نہیں ہوئی۔اس کے خاندان نے غزہ کی پٹی کے ساحل پر حال ہی میں فلیٹ خریدا تھا۔ اس وقت وہ گھر میں اکیلی تھیں کیوں کہ ان کے شوہر، جو ایک بین الاقوامی تنظیم میں ڈاکٹر ہیں، زخمیوں کی مدد کرنے کے لئے گئے ہوئے تھے۔ اُن کا تین سال کا بیٹا کھانا نہیں کھا پا رہا اور اسے دورے پڑ رہے ہیں۔
سوموار کی رات ان کو ہمسائیوں کی چلانے کی آواز آئی جو سیڑھیوں سے نیچے اترتے ہوئے کہہ رہے تھے ’(گھر) خالی کرو، باہر نکلو۔نادیہ چند سیکنڈز تک ہچکچائیں۔ ان سے یہ فیصلہ نہیں ہو پا رہا تھا کہ وہ اپنے ساتھ گھر سے کیا لے کر جائیں۔ تب وہ مایوسی اور دہشت کے زیر اثر رو پڑیں۔اپنے دونوں بچوں کے ساتھ عمارت سے باہر نکلنے پر انھوں نے دیکھا آس پاس کی تمام عمارات زمین بوس ہو چکی تھیں۔اب وہ اپنے والدین کے گھر محفوظ طریقے سے پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن وہ کہتی ہیں کہ “جب آسمان سے موت برس رہی ہو تو آپ کہاں چھپ سکتے ہیں؟”نادیہ اور غزہ کے دیگر رہائشیوں نے بی بی سی سے بات چیت میں بتایا کہ اس بار ہونے والی تباہی کی ماضی سے نظیر نہیں ملتی۔ دینا ’اپنا گھر، اپنی یادیں اور اس جگہ کو کھو دینے کے صدمے‘ سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہیں جہاں وہ خود کو محفوظ تصور کرتی تھیں۔وہ کہتی ہیں کہ اب غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں رہی۔

اسرائیل پر’’ابا بیلی‘‘ حملے کے منصوبہ ساز نے دنیا کو چونکا کر رکھ دیا



اسرائیل پر حماس کے پُراسرار حملے نے پوری دنیا کو چونکا کر رکھ دیا ہے یہ اتنا محتاط لیکن منظم حملہ تھا کہ دنیا کی نمبر ون آرمی ہونے کے دعویدار اسرائیلی فوجیوں کو اس وقت پتا چلا جب حماس کے جانباز ” ابابیلوں” کی طرح ان کے سروں پر آن کھڑے ہوئے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے اسرائیل پر اچانک اور غیر متوقع حملے کی معلومات جیسے جیسے سامنے آرہی ہیں دنیا حیرت زدہ ہوتی جا رہی ہے اور اس حملے کے منصوبہ ساز نے عالمی توجہ حاصل کرلی ہے۔
اسرائیل پر آسمانی ابابیلیں بن کر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے حماس کے عسکری تنظیم القسام بریگیڈ کے کمانڈر الضیف ہیں جن کے بارے میں غیر مصدقہ معلومات تو بہت ہے لیکن مصدقہ تصاویر صرف تین ہیں۔
اسرائیل کے 7 قاتلانہ حملوں میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے الضیف کی ایک تصویر تب کی ہے جب وہ محض 20 سال کے تھے اور دوسری تصویر میں وہ نقاب لگائے ہوئے ہیں اور تیسری تصویر میں ان کا صرف سایہ ہے۔حماس کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل پر اپنی نوعیت کے اس منفرد اور تاریخی حملے کی تیاری کا فیصلہ القسام بریگیڈ کے کمانڈر الضیف نے غزہ میں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کے ساتھ مل کر تیار کیا تھا جسے اتنا خفیہ رکھا گیا تھا کہ حماس کے بھی مٹھی بھر رہنماؤں کو اس کا معلوم تھا۔
ایک علاقائی ذریعہ کے مطابق اس آپریشن کو اتنا خفیہ رکھا گیا تھا کہ اسرائیل کے سخت ترین حریف اور حماس کی مالی و فوجی مدد کرنے والے ایران کو بھی صرف یہ بتایا گیا تھا کہ حماس کسی بڑے آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہی ہے لیکن وہ کیا ہے اور کب کیا جائے گا اس سے ایران بھی بے خبر تھا۔حماس کے ٹی وی چینل نے جب اعلان کیا کہ ہفتے کے روز القسام کے کمانڈر الضیف اہم تقریر کرنے والے ہیں تو فلسطینیوں کو معلوم ہوگیا تھا کہ کچھ بہت خاص اور اہم ہونے والا ہے کیوں کہ الضیف نہ تو منظر عام پر آتے ہیں اور نہ اس طرح خطاب کرتے ہیں۔
القسام کے کمانڈر الضیف نے ریکارڈ شدہ پیغام میں کہا کہ آج اسرائیل کے الاقصیٰ پر حملے کا غصے کے اظہار کا دن ہے۔ ہمارے مجاہدو! آج آپ کا دن ہے کہ آپ اس مجرم (اسرائیل) کو اُس کا وقت ختم ہونے کا احساس دلائیں۔

بھارتی اداکار کو فلسطینی مسلمانوں کی حمایت کرنا بھاری پڑ گیا



بالی ووڈ اداکار اور فلمی مبصر کمال راشد خان المعروف کے آر کے کو فلسطینیوں کی حمایت میں بولنے پر بھارتیوں نے تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
کمال راشد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘اسرائیل غزہ پر مزید حملے کررہا ہے اور بےگناہ فلسطینیوں کا قتل کررہا ہے۔اداکار نے کہا کہ ‘اسرائیل، بےگناہ فلسطینیوں کا قتل کرکے اُن لوگوں کو واپس نہیں لاسکتا جو حماس کے حملوں کے دوران ہلاک ہوئے، حتیٰ کہ لاکھوں فلسطینیوں کا قتل کرکے بھی وہ اپنے اسرائیلی عوام کو واپس نہیں لاسکتا’۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ‘دونوں ممالک کے تمام لوگوں کے لیے امن سے رہنا ضروری ہے، جنگ حل نہیں ہے’۔
کمال راشد خان کو فلسطینیوں کے حق میں بولنے پر بھارتیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، منیش کمار نامی صارف نے اداکار کو ‘بےشرم’ قرار دیا۔ایک صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ‘جنگ ہی حل ہے، اب اس جنگ کو انجوائے کریں اور اگر آپ یہ دیکھ کر جذباتی ہورہے ہیں تو غزہ جائیں اور جہادیوں کا ساتھ دیں’۔

سیکٹر آئی 12 ٹو میں ایک اور افغان بستی مسمار کر دی گئی



اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی افغان بستی مسمار کر دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیں جاری ہیں ۔ سی ڈی اے نے آج  آپریشن کرتے ہوئے آئی 12 ٹو مارگلہ ٹائون میں قائم غیر قانونی بستی مسمار کر دی۔ حکام کے مطابق آپریشن سی ڈی اے انفورسمنٹ ونگ کے ڈی جی کی زیر نگرانی عمل میں لایا گیا۔

ڈی جی انفورسمنٹ نے اس حوالے سے بتایا کہ زمین واگزار کروانے کیلئے آپریشن میں ہیوی مشینری سے غیر قانونی تعمیر شدہ گھروں، دکانوں کو مسمار کیا گیا۔ آپریشن اسلام آباد انتظامیہ، پولیس اور سی ڈی اے انفورسمنٹ ونگ نے مشترکہ کارروائی کی ۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مارگلہ ٹاؤن میں بھی غیر قانونی افغان بستی مسمار کی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق علاقے میں موجود غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا تھا۔

وفاقی کابینہ ، سہیل ناصر کو ڈپٹی چیئرمین نیب ، پی آئی اے نجکاری کیلئے مالیاتی ایڈوائزر تعیناتی کی منظوری



وفاقی کابینہ نے سہیل ناصر کو ڈپٹی چیئرمین نیب لگانے کی منظوری دے دی۔

 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 اکتوبر کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے سہیل ناصر کو ڈپٹی چیئرمین نیب اور احتشام قادر کو پراسیکیوٹر جنرل نیب لگانے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے مالیاتی ایڈوائزر کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی ہے،اس کے علاوہ کابینہ نے 2 ملزمان کی حوالگی سے متعلق وزارت داخلہ کی سمری بھی منظور کرلی۔

نگران وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔

’’ خون خون ہوتا ہے پانی نہیں‘‘رابی پیر زادہ اسرائیل کے حمایتیوں پر برہم



پاکستان کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اسرائیل کی حمایت میں بولنے والوں پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ مسلمان کا خون پانی ہے کیا؟
فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور غزہ کی حکمراں جماعت حماس نے ہفتہ کے روز اسرائیل پر اچانک بڑے حملے کرکے اسرائیل سمیت پوری دُنیا کو حیران کردیا، ہفتہ کے روز شروع ہونے والی لڑائی اب تک جاری ہے۔
حماس کے حملوں کے بعد امریکہ اور بھارت اسرائیل کے حمایتی بن کے سامنے آئے ہیں جبکہ کئی نامور شخصیات کی جانب سے اسرائیل کی خواتین اور بچوں کے حق میں بیان بھی سامنے آرہے ہیں۔
ان بیانات پر سابقہ گلوکار رابی پیرزادہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شدید ردعمل دیا گیا ہے۔

جنگ ختم ہونے تک قیدیوں کا تبادلہ نہیں کیا جائیگا ، حماس



 حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ  جنگ ختم ہونے تک قیدیوں کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا۔

اسماعیل ہانیہ کا کہنا ہے کچھ ممالک کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے لیکن جنگ ختم ہونے تک قیدیوں کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا اور جب بھی قیدیوں کا تبادلہ ہو گا تو قیدیوں کی قیمت حماس طے کرے گی۔

اسماعیل ہانیہ نے غزہ کے عوام کی فلسطین کاز کے لیے قربانیاں دینے کے جذبے اور ولولے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی کارروائیوں کے جواب میں اسرائیل کے جوابی حملے صیہونی ریاست کی شکست کی عکاسی کر  رہے ہیں۔

ادھر قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس قیدیوں کے تبادلے سے متعلق گفتگو قبل از وقت ہے، یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ کوئی بھی فریق ثالثی سے آغاز کر سکتا ہے۔

فلسطینی بچوں کی حمایت:بھارتی میڈیا نے رضوان کے خلاف زہراگلنا شروع کردیا



فلسطینی بچوں کی حمایت پربھارتی میڈیا نے پاکستانی بلے باز محمد رضوان کے خلاف زہراگلنا شروع کردیا۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آٹھویں میچ میں محمد رضوان 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ تاریخی فتح کے مرد میدان نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کوغزہ کے مظلوم فلسطینی بچوں کے نام کیا تھا۔

محمد رضوان کی فلسطینی بچوں سے ہمدردی بھارتی میڈیا کوبالکل بھی ہضم نہ ہوئی۔  بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے محمد رضوان کی ٹوٹ سوشل میڈیا پرشیئرکرتے ہوئے اسے آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی قراردیا۔


بھارتی صحافی نے محمد رضوان کے عمل کو سیاست مذہبی عقائد کے پرچار کارنگ دینے کی بھی کوشش کی۔ وکرانت گپتا نے 2019 کے ورلڈ کپ میں دھونی کے گلائوزتبدیل کرنے کاواقعہ بھی یاد کرایا۔ بھارتی صحافی یہ بھول گئے کہ رضوان نے کسی فوجی یامذہبی سلوگن کااستعمال نہیں کیا بلکہ اپنی جیت مظلوم بچوں کے نام کی جو دنیا بھرمیں ایک روایت ہے۔ کھلاڑی اپنی فتح آئے روز کسی کے نام کررہے ہیں ہوتے ہیں لیکن بھارتی میڈیا پاکستان دشمنی میں تمام قوانین بھول جاتاہے