لاہور(این این آئی)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے سابق صدر اور سابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ لیڈر شپ دکھائے، اگر پاکستانی تماشائیوں اور صحافیوں کو بھارت کے ویزے جاری نہیں کیے جاتے تو بھارت کے میچ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کو واپس بلایا جائے۔
ایک انٹر ویو میں احسان مانی نے کہاکہ ان حالات میں جہاں بھارت پاکستانی تماشائیوں اور صحافیوں کیلئے نو گو ایریا بنا ہوا ہے،پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بھارت میں ورلڈکپ میں کھیلنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
پی سی بی اس بارے میں فیصلہ کرے اور بھارتی سازش کا بھانڈا پھوڑا جائے۔احسان مانی نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست کو منسلک کرنا درست نہیں ہے، بھارت یہ حالات پیدا کرکے آئی سی سی کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
دنیا میں کوئی ٹورنامنٹ تماشائیوں اور صحافیوں کے بغیر نہیں ہوسکتا، موجودہ حالات میں اگر پاکستان اپنی ٹیم کو بھارت سے واپس بلاتا ہے تو پی سی بی کو مالی نقصان نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ میں جب پی سی بی چیئرمین تھا تو میں نے تین بار آئی سی سی میٹنگ میں یہی نکتہ اٹھایا تھا کہ پاکستانی تماشائیوں اور صحافیوں کے لیے کیا پالیسی ہوگی؟
مجھے تینوں بار اس وقت کے بھارتی بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستانیوں کے ویزے پر کوئی مسلہ نہیں ہو گا لیکن اب جب کہ ٹورنامنٹ شروع ہوچکا ہے تو پاکستانیوں کو بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا۔