پی آئی اے نے ایک ارب سے زائد مالیت کا ہوٹل سندھ حکومت کو مفت دے دیا



کراچی (این این آئی)اربوں کے خسارے سے دوچار پی آئی اے نے لاڑکانہ میں ایک ارب سے زائد مالیت کا ہوٹل سندھ حکومت کو مفت میں دے دیا۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں خلاف ضوابط قدم کا انکشاف ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق سمبارا ان ہوٹل قواعد وضوابط سے ہٹ کر سندھ حکومت کو دینے کا انکشاف ہوا ہے۔1ارب 15 کروڑ مالیت کا ہوٹل ایئر لائن کے ورکس ڈپارٹمنٹ نے حوالے کیاہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ورکس ڈپارٹمنٹ آڈٹ برائے 2021-22 میں نشاندہی کی تھی کہ ہوٹل کسی معاوضے کے بغیر حکومت سندھ کے حوالے کر دیا گیا۔

ہیڈپارٹمنس نے ہوٹل کی تعمیراتی قیمت کا تخمینہ مبینہ طور پر 60.754ملین لگایا گیا۔

انتظامیہ نے جواب میں کہا کہ ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعے کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔

آڈیٹر جنرل نے بتایا کہ ذمہ داری کا تعین کرکے انکوائری کے بعد رپورٹ آڈٹ میں پیش کی جائے۔

ایوی ایشن منسٹری معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھائے،آڈیٹر جنرل نے کہا کہ سٹیٹ بینک کے منظورکردہ تخمینہ کار نے دسمبر2020میں ہوٹل کی مارکیٹ ویلیو 1ارب 15کروڑ بتائی تھی۔

اعلی افسر کی زبانی ہدایت پرہوٹل کا قبضہ ایئرلائن کے مفاد کیخلاف صوبائی حکومت کو دیا گیا ایئرلائن کے کمرشل مفادات نظرانداز کرنے کے بارے میں آڈیٹرز نے 2022میں انتظامیہ کو آگاہ کیا ۔

انتظامیہ نے آڈیٹر جنرل کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے اس پراپرٹی کی قانونی مالک ہے اوراس کے پاس تمام متعلقہ جائیداد کے کاغذات ہیں ،انتظامیہ کے جواب میں آڈیٹر نے کہا کہ پراپرٹی کا ٹائٹل پی آئی اے کے پاس ہونے کے تناظر میں ہوٹل واپس لینے کو کا ممکنہ طریقہ کار ممکن بنایا جائے۔

” پاکستان میں سرمایہ کاری بند کر دیں”:افغان حکومت کا اپنے شہریوں کو حکم



کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)قائم مقام وزیردفاع مُلا محمد یعقوب مجاہد نے افغان مہاجرین کو پاکستان سے ملک بدر کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ”غیر منصفانہ“ فیصلہ قرار دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملا محمد یعقوب مجاہد نے کابل میں پولیس اکیڈمی کی 14ویں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی نگراں حکومت کے 31 اکتوبر تک افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ”غیر منصفانہ“ فیصلہ قرار دیا ہے۔

ملا محمد یعقوب مجاہد نے کہا کہ اس فیصلے سے افغانستان اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچے گا، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ملک میں افغان مہاجرین کے خلاف پُرتشدد کارروائیاں بند کریں۔

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے افغان سرمایہ کاروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ سرمایہ کاری بند کریں اور اپنے اثاثے افغانستان کی خود کفالت کے لیے استعمال کریں۔ کابل میں پولیس اکیڈمی کی 14ویں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ شیر محمد عباس نے پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی قوانین آداب کے خلاف ہے۔

انہوں نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان باشندوں پر الزامات لگا کر دو طرفہ تعلقات کو نقصان نہ پہنچائیں، ہم نے اپنے سیکیورٹی اور معاشی مسائل حل کر لیے ہیں اور ہمارے پاس اس حوالے سے تجربہ ہے اور اگر پاکستان چاہے تو ہم ان کو مسائل کے حل کے لیے مشاورت فراہم کر سکتے ہیں۔
نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان نے افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان کو سوویت یونین کی جارحیت سے آزاد کرایا ہے اور اگر مجاہدین نہ لڑتے، تو سوویت یونین پاکستان کے شہر گوادر تک پھیل جائے گا۔ انہوں نے امریکا اور یورپی ممالک پر زور دیا ممالک اسلامی امارت کو دھمکیاں دینا بند کریں، ہمارے ساتھ ازبک ، تاجک، ہزارہ، پشتون اور دیگر لوگ ہمارے ساتھ یہاں تمام محکموں اور آج ان سیکورٹی فورسز میں ہیں۔
گریجویشن کی تقریب میں قائم مقام وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے دنیا سے کہا کہ وہ اس پر قائم رہے جو انہوں نے امارت اسلامیہ افغانستان سے کیا ہے۔
سراج الدین حقانی نے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے اور افغانستان میں ایک جامع حکومت قائم کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی نگراں حکومت نے افغان مہاجرین کو 31 اکتوبر تک ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا

پیرس پر کٹھملوں کا حملہ: سارا شہر ہائے ہائے کرنے لگا


پیرس پر کٹھملوں کا حملہ: سارا شہر ہائے ہائے کرنے لگا

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کھٹملوں کی بڑی تعداد نے حملہ آور ہوتے ہوئے خوف وہراس پھیلا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پریس 2024 کے اولمپکس کی میزبانی کرنے جارہا ہے لیکن اس سے قبل کھٹملوں نے پیرس سمیت فرانس کے دیگر شہروں میں حملہ کردیا ہے، بس اسٹاپ، ریلوے اسٹیشنز ، ہوٹلز، ریسٹورینٹس اور ہوائی اڈوں سمیت کوئی بھی مقام ایسا نہیں ہے جہاں لال کیڑوں کا بسیرا نہ ہو۔

واضح رہے کہ کھٹمل انسانی خون پینے والا جانور ہے جس کے کاٹنے سے الرجی ہوجاتی ہے، اس حوالے سے پیرس کے ڈپٹی میئر نے ایکس پر کہا کہ ‘ کوئی بھی فرد ان کھٹملوں سے محفوظ نہیں ہے، ان کیڑوں کے کاٹنے سے ہونے والے انفیکشن کیلئے مؤثر اقدامات کی ضروت ہے جس کیلئے صحت کے حکام کمیونیٹیز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا‘۔

اس کے علاوہ لال کیڑوں سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ نے وزیراعظم کو بھی خط لکھ دیا ہے جس میں انہیں تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

2022 سےدولت اسلامیہ افغانستان دنیا بھر میں منشیات کے فروغ کا گڑھ: اقوام متحدہ



واشنگٹن(ویب رپورٹ)
دنیا میں کاشت کی جانے والی افیون کا 80 فیصد افغانستان سے پیدا ہوتا ہے، جہاں دو لاکھ 33 ہزار ایکٹر سے زیادہ زمین پر افیون کاشت کی جاتی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر نشر ہونے والی اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی 95 فیصد ہیروئن افغانستان سے سپلائی کی جاتی ہے، جو دنیا بھر میں جرائم پیشہ گروہوں کے لیے کمائی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

افیون کی غیر قانونی تجارت سے افغانستان کے ہمسایہ ممالک بری طرح متاثر ہیں، جبکہ 2022 سے افغانستان میں افیون کی پیداوار میں 32 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

وی او اے کے مطابق افغانستان میں دو لاکھ 33 ہزار ایکٹر سے زائد زمین پر افیون کاشت ہوتی ہے، افیون دیہی آبادیوں کی آمدنی کا ایک بڑا حصہ ہے۔ سی این این نے کہا کہ افیون افغانستان کی جی ڈی پی میں11 فیصد تک حصہ ڈالتا ہے۔

حکومت پاکستان افیون اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات اٹھا رہی ہے، دنیا بھر میں منشیات سے تباہی پھیلانے پر عالمی سطح پر افغانستان سے جواب طلبی ہونی چاہیے۔

پاکستان نے نیدر لینڈ کو 81رنز سےہرا کر ورلڈ کپ کی پہلی فتح اپنے نام کر لی



حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے میچ میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 49 ویں اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، حسن علی نے 2 ، جبکہ شاداب خان، افتخار احمد، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیدر لینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گرگئی جب میکس ڈاؤڈ5 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ مجموعی 50 سکور پر گری جب کولن ایکرمین 17 رنز بناکر افتخار احمد کا شکار بنے۔
نیدرلینڈز کے وکرم جیت سنگھ 52 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،تیجا ندامانورو 5، نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز بغیر کوئی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ باس ڈی لیڈے نے پاکستان کیخلاف نمایاں اننگز کھیلی تاہم 67 رنز پر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے،ثاقب ذوالفقار 10رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 3.4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جبکہ فخر زمان ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان بابر اعظم ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے اور 5 رنز پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق بھی زیادہ دیر پچ پر ٹھہر نہ سکے اور 15 سکور پر پویلین کی راہ لی۔ قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا، سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی مکمل کی جبکہ محمد رضوان نے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے۔ سعود شکیل اور محمد رضوان 68،68 رنز بنا کر پویلین لوٹے، افتخار احمد 9، شاداب خان 32، محمد نواز 39 جبکہ حسن علی بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہوگئے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے 4 ، کولن ایکرمین نے 2 جبکہ وین بیک، پال وین میکرین اور آرین دت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اضح رہے کہ گزشتہ روز احمدآباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کوئٹہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی 2دہشتگرد مقابلے میں ہلاک: بھاری اسلحہ برآمد



کوئٹہ(ٹی وی رپورٹ ) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ ہزار گنجی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد کوئٹہ میں دہشت گردی کی منصوبے کے لیے داخل ہوئے تھے اور تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے ہے۔
سی ٹی ڈی نے مارے جانے والے دہشت گردوں سے ایک پستول، ایک موٹرسائیکل اور 3 دستی بم برآمد کیے جبکہ مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔

دہشتگردی اور مجرمانہ سرگرمیوں میں افغان سموں کے استعمال کا انکشاف: سرحدی علاقوں میں پابندی کی سفارش



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں میں افغان موبائل سموں کے استعمال کے انکشاف پر حساس اداروں نے سرحدی علاقوں میں افغان سموں کے استعمال پر پابندی کی سفارش کر دی۔
دنیا نیوز کےذرائع کے مطابق غیر رجسٹرڈ افغان سمیں پاک افغان سرحدی علاقوں میں دستیاب ہیں، دہشت گرد افغان سمز کو واٹس ایپ سمیت دیگر ایپس چلانے کیلئے استعمال کرتے ہیں، مجرم نگرانی اور شناخت چھپانے کیلئے بھی افغان سمز استعمال کرتے ہیں۔

اس ضمن میں تجاویز دی گئی ہیں کہ سرحدی علاقوں میں مقامی موبائل سروسز کا مضبوط انفراسٹرکچر لگایا جائے، بی ٹی ایس تنصیب سے فون سیٹ زبردستی مقامی نیٹ ورک پر منتقل ہوں گے۔
صارفین کو کھلے وائی فائی تک رسائی سے قبل شناخت دینے کا پابند بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وائی فائی انٹرنیٹ پر مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی ہونے پر افراد کی نگرانی کی جائے۔

سکھ رہنما کا قتل بھارت کو مہنگا پڑ گیا: امریکہ کا تعلقات محدود کرنے کا اعلان



واشنگٹن( انٹرنیشنل ڈیسک) امریکہ بھارت تعلقات میں بڑی دراڑ آگئی ۔امریکہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے کا اعلان کردیا گیا ۔

پولیٹیکو کے مطابق بھارت میں تعینات امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے تعلقات مزید کشیدہ ہونے سے کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو غیر معینہ مدت کیلئے بھارتی حکام کے ساتھ رابطہ منقطع کرنا ہوگا۔

ایرک گارسیٹی کا کہنا ہے کہ ہردیپ سنگھ نجر تنازع کے باعث امریکہ اور بھارت کے تعلقات مزید خراب ہوسکتے ہیں، ہردیپ سنگھ قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام انتہائی سنگین ہے ۔

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میتھیو ملر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بھارت کو ہردیپ سنگھ قتل کی تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مودی سرکار نے کینیڈا کے بعد امریکہ میں بھی سکھوں کی آواز دبانے کی کوشش کی لیکن منہ کی کھائی، سکھوں کی تحریک خالصتان اور احتجاجی مظاہروں کو امریکہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق امریکہ میں رہنے والے ہر شہری کو اظہارِ رائے کی آزادی حاصل ہے، امریکہ کی جانب سے کینیڈا اور سکھوں کی حمایت بھارت کے لیے شدید پریشان کن اور خطرناک ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی کا آغاز 19ستمبر کو اس وقت ہوا جب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کاکہنا تھا کہ کینیڈا نے ہردیپ سنگھ نجر قتل میں بھارتی ایجنٹ کے ملوث ہونے کے شواہد بھارت کو کئی ہفتے پہلے ہی دے دیے تھے، اس الزام کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کئی ہفتوں سے کشیدہ ہیں۔

گزشتہ روز برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے 10 اکتوبر تک کینیڈا سے 41 سفارت کار واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے، اور نئی دہلی نے 40 سے زائد سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کو کہا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد خالصتان کے رہنما ہردیپ سنگھ کو 18 جون 2023 میں کینیڈا میں گوردوارے کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔

معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے: آرمی چیف



آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معیشت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے ہمراہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو نیشنل ایکشن پلان، کچے میں آپریشن اور سی پیک میں کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے اور غیر ملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے پلان پر بھی بریف کیا گیا۔

اجلاس میں آرمی چیف نے تاریخی اقدامات کے فائدہ مند اثرات کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا جبکہ شرکاء کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہیں۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کارروائیوں کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، سکیورٹی ادارے غیر قانونی اقدامات کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔

آنے والی حکومت کو نگرانوں کی پالیسی پر چلنا پڑے گا:اسحاق ڈار



سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ اگلا سیٹ اپ نگران حکومت کے فیصلوں کو تسلیم کرے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ نگران حکومت کے روز کے کاموں پر قانون سازی کی گئی کیونکہ کوئی ملک 6،7 ماہ نگران سیٹ اپ کو محض حاضری لگانے تک محدود نہیں کرسکتا، یہ حکومت دو طرفہ فیصلوں، معیشت، نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرپرفیصلےکرسکتی ہے، الیکشن ایکٹ میں روزانہ کے کاموں پر قانون سازی کی اس لیے اگلا سیٹ اپ نگران حکومت کے فیصلوں کو تسلیم کرے گا۔ جیو نیوز کے مطابق سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی پر ضمانت کے لیے اپلائی کریں گے، میں نے ثاقب نثار سے حفاظتی ضمانت لینے سے انکار کر دیا تھا، میں نے واضح کیاتھا کہ آپ نے ہم سے زیادتی کی اورپاسپورٹ کینسل کیا۔ 2017 سے پاکستان آگے بڑھ رہا تھا، ساڑھے تین سال میں ہم پاکستان کو ایشیا میں آگے لائے، اگر دھرنا نہ ہوتا تو ملک کی معیشت مزید بہتر ہوتی، پاکستان 5 سال میں پانامہ ڈرامے سے 47 ویں اکانومی بن گیا، پاکستان کو مل کر سب نے آگے لےکر جانا ہے، پاکستان کو اب جی ٹوئنٹی کا رکن بنانے کا ہدف ہونا چاہیے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بینک اور ایکسچینج کمپنیاں ملک کی خاطر صحیح ڈگر پر چل رہی ہیں، پالیسی ریٹ ڈیمانڈ کے مطابق نہیں ہوتا، پی ڈی ایم کی حکومت تھی تو پالیسی ریٹ 28 پر لائے تھے، جب ہم نے حکومت چھوڑی تو عالمی معاہدوں پر عمل کررہے تھے، آئی ایم ایف کی چند شرائط پر اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کیا گیا تھا، آئی ایم ایف معاہدے کا دوسرا حصہ بروقت آگے بڑھنا چاہیے۔

تحریک انصاف کا ایک اور نقصان: ملک سرفراز کھوکھربھی پارٹی چھوڑ گئے



پاکستان تحریک انصاف کے لاہور سے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک سرفراز حسین کھوکھر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

سرفراز حسین کھوکھر 2018 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پی پی 173سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔

انہوں نے ویڈیو بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی کی وجہ سے پارٹی چھوڑ رہا ہوں، پی ٹی آئی کی پالیسی ملکی مفاد میں نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے باوجود پارٹی ریاستی اداروں کے خلاف جارحانہ بیانیے پر قائم ہے۔

سرفراز حسین کھوکھر کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کا بیانیہ ملکی مفادکیلئے نقصان دہ ہے لہٰذا پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔

لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا: اعدادوشمار جاری



صوبائی دارالحکومت لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔

لاہور میں گردوغبار اور آلودگی بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت نے 305 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ پہلی پوزیشن لے لی ہے۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر بھارت کا شہر دہلی ہیں جہاں آئی کیو لیول 173 ہے جبکہ عرب امارات کے شہر دبئی نے 166 ائیرکوالٹی لیول کے ساتھ تیسرا نمبر حاصل کیا ہے اور چوتھے نمبر پر انڈونیشیا کا شہر جکارتہ ہے جس کا 165 آئی کیو لیول ہے اسی طرح ملائشیا کا شہر کوالالمپور 154 ائیر کوالٹی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔