عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے لگا، قیمت میں 4ڈالر فی بیرل کمی



عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، آج تیل کی قیمتوں میں 4 ڈالر فی بیرل سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 85.59 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا، اس کی قیمت میں 4 فیصد کمی ہو ئی ہے۔

اس کے علاوہ برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل 87.40 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے، اس کی قیمت میں 3.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

15 روز کے دوران ریکارڈ کی گئی قیمتوں میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 7 ڈالر فی بیرل سے زیادہ گر گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس نے تیل کی پیداوار میں کمی یا زیادتی کے حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار رہا تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔

توشہ خانہ:عمران خان کی نااہلی ختم کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ میں الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ معطل کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر عمران خان کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چونکہ توشہ خانہ کیس میں سزا کی بنیاد پر الیکشن کمیشن سے نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، اب سزا معطل ہو چکی ہے لہٰذا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں عمران کو 3 سال قید سنائی تھی، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

10سنگین مقدمات میں مطلوب دہشتگرد مقابلے میں ہلاک، اسلحہ اور دستی بم برآمد



ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں پولیس اور دیگر اداروں نے کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کو مطلوب انتہائی مطلوب دہشت ہلاک ہو گیا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس نے بتایا ہے کہ پولیس کے البرق یونٹ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا ہے جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کو مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گیا ہے۔

ہلاک ہونے والا دہشت گرد کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو 10 مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر تھی۔

سی پی او نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

دھرنا کیس: ایم کیو ایم بھی درخواست واپس لینے سپریم کورٹ پہنچ گئی



متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے فیض آباد دھرنا کیس میں نظر ثانی درخواست واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اور رابطہ کمیٹی کی ہدایات ہیں اس لیے ہم نظرثانی درخواست پر کارروائی نہیں چاہتے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاق، آئی بی، الیکشن کمیشن اور پیمرا سمیت تحریک انصاف نے بھی اپنی اپنی درخواستیں واپس لے لی ہیں، جبکہ شیخ رشید کے وکیل نے مقدمے کو التوا میں رکھنے کی درخواست کی ہے۔

سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ ہو گی یا نہیں؟ وزیر توانائی نے بتا دیا



اسلام آباد (این این آئی) نگراں وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ اس سال بھی گیس لوڈ شیڈنگ ہو گی، جس طرح گزشتہ سال دن میں 8 گھنٹے گیس آتی تھی، اسے جاری رکھیں گے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ موسمِ سرما میں گیس کی کمی پوری کرنے کے لیے 2 ایل این جی کارگوز خرید لیے ہیں۔

نگراں وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا کہ بجلی چوروں سے اب تک 16 ارب روپے کی ریکوری ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نجکاری کے حوالے سے قومی ایئر لائن پی آئی اے پہلی ترجیح ہے۔

شبر زیدی نے ڈالر 250 روپے سے نیچے آنے کی پیشگوئی کر دی



اسلام آباد (این این آئی) سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ ڈالر 250 روپے سے نیچے آجائے گا۔

شبر زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر کپڑے، چائے کی پتی، ٹائر، گھریلو آلات اور کاسمیٹکس اشیا کے لیے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر پابندی برقرار رکھی جائے تو ملک کے کم از کم 20 فیصد معاشی مسائل حل ہو جائیں گے۔

سابق چیئرمین ایف بی آر نے موجودہ کریک ڈائون پر آرمی چیف اور نگراں حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں کو ضائع نہ ہونے دیا جائے۔

آزادکشمیر: مہنگائی اور بجلی بلوں میں ٹیکسز کیخلاف مکمل ہڑتال



ملک میں مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح اور بجلی کے بلوں میں بے جا ٹیکس لگانے کے خلاف آزادکشمیر بھر میں آج پہیہ جام شٹرڈائون ہڑتال کی جا رہی ہے۔

مظفرآباد، میرپور اور پونچھ ڈویژن میں تمام کاروباری مراکز بند ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کا نظام مکمل طور پر معطل ہے جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

آزادکشمیر کے تمام مکاتب فکر نے ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی حمایت کی ہے۔

آزادکشمیر کے مختلف مقامات پر مرکزی شاہراہوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کیا گیا ہے، صرف ایمبولینسز کو جانے کی اجازت ہے۔

احتجاج کے دوران آزادکشمیر کے مختلف مقامات پر مظاہرین ٹولیوں کی شکل میں جمع ہو کر نعرے بازی کر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر مشتاق نے مظفرآباد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے ہر شخص پریشان ہے۔

حلال رقص و سرود!



تحریر:۔ عطاالحق قاسمی

میں بہت عرصے سے احساس گناہ میں مبتلا تھا کہ اسلام میں ناچ گانا ممنوع ہے اور میں اس کے باوجود بہت شوق سے گانے سنتا ،صرف گانا نہیں بلکہ دوستوں کی شادی کے موقع پر چھوٹا موٹا بھنگڑا بھی ڈال لیا کرتا تھا۔ اللّٰہ کا شکر ہے کہ اس احساسِ گناہ سے مجھے نجات مل گئی ہے جس کے لئے میں ٹک ٹاک کا تہہ دل سے ممنون ہوں کہ فارغ اوقات میں میں فنی قسم کی ویڈیو کلپ بڑے شوق سے دیکھتا ہوں، اس میں حلال ناچ گانا ہوتا ہے حلال اس لئے کہ ہمارے ’’علماء کرام‘‘ اور ’’پیرانِ عظام‘‘ اس کے مین کردار ہوتے ہیں صرف ناچ گانا نہیں بلکہ اسلام کے حوالے سے ان کے مناظرے، دلائل اور کرامتیں بھی ہنستے ہنستے پیٹ میں بل ڈالنے والی ہوتی ہیں ۔

ان ویڈیو کلپس میںسب سے زیادہ دیدنی ’’پیران ِعظام ‘‘ کے ڈانس ہوتے ہیں جو کبھی کبھی گروپ کی صورت میں اور کبھی سولو پرفارمنس کی ذیل میں آتے ہیں، مجھے ان میں سے سب سے زیادہ ایک بہت خوبصورت پیر صف اول کے رقاص لگتے ہیں انہوں نے قیمتی لباس پہنا ہوتا ہے اور ان کے ماہرانہ اسٹیپس سے مجھے یہ گمان گزرتا ہے کہ انہوں نےلاہور کے مشہور رقاص مہاراج کتھک کے سامنے زانوے تلمذ تہہ کیا ہو گا ۔پیر صاحب نازو ادا کے ساتھ سولو پرفارمنس کرتے ہیں اور ان کے مرید ینِ با صفا دائرے میں کھڑے سبحان اللّٰہ کا ورد کرتے دکھائی دیتے ہیں اس کے علاوہ ایک پیر صاحب پورے جاہ وجلال کے ساتھ ایک صوفے پر بیٹھے دکھائی دیتے ہیں، ایک نوجوان مرید آتا ہے ان کے ہاتھوں کو بوسہ دیتا ہے اور پھر الٹے پائوں چلتا ہوا ایک جگہ رک جاتا ہے اور پھر رقص شروع کر دیتا ہے ان تماش بین پیروں اور ان کے مریدوں نے ایک خاص طرز کی ٹوپی پہنی ہوتی ہے، ان میں سے جو ٹوپی مجھے سب سے زیادہ پسند آئی وہ چائے دانی ٹکوزی کی طرز پر تھی ایک پیر صاحب اور ان کے مریدوں کی ٹوپیاںکشتی کے ماڈل لگتی ہیں ان پیروں کی شان وشوکت بھی دیدنی ہوتی ہے قیمتی لباس پہنے مریدوں کے جھرمٹ میں بیٹھے ہوتے ہیں اور سینکڑوں لوگ باری باری پیر صاحب کے ہاتھ چومتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ حضرت گھر جاتے ہی اپنے ہاتھ ڈیٹول سے دھوتے ہوں گے بہت سے مرید پیر صاحب کو سجدہ کرتے ہیں اور مرید کو یہ اجازت ہوتی ہے کہ وہ جب تک چاہے حضرت کے پائوں میں سجدہ ریز رہے۔

میں نے ایک اور بات بھی نوٹ کی ہے اور وہ یہ کہ اب پیری مریدی کیلئے پیر صاحب کا معمر ہونا ضروری نہیں رہا بلکہ معصوم سے بچے مسند پر فائز نظر آتے ہیں اور مرید ان کے ہاتھ چومتے اور سجدہ ریز ہوتے نظر آتے ہیں ،انہیں نذر ونیاز بھی دیتے ہیں اور اس کے عوض پیر صاحب انہیں جنت کی بشارت بھی دیتے ہوں گے۔ یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ ان پیروں کے نام مقام کا کوئی پتہ نہیں بس یہ ٹک ٹاک پر نظر آتے ہیں اور ہاں ایک کم عمر پیر صاحب کا ذکر بھی ضروری ہے ۔انہیں ’’چُمی سرکار ‘‘ کہا جاتا ہے چنانچہ مریدین آتے ہیں ان کی چُمی (بوسہ) لیتے ہیں یا دیتے ہیں اور دل کی مرادیں پاتے ہیں۔ ایک رکشہ پیر بھی ہیں ان کے آستانے پر ایک رکشہ کھڑا ہوتا ہے جس پر مرید حسب توفیق نذر نیاز کرتے ہیں۔ ایک اور آستانہ ہے جہاں ایک درخت پر عقیدت مند اپنی شلواریں ٹانگ جاتے ہیں جن سے شائد اُن کے گناہ دھل جاتے ہوں ۔ٹک ٹاک پر جو ویڈیو کلپ کثیر تعداد میں نظر آتے ہیں وہ عیدمیلاد النبی ؐاور محرم کے مہینے کی مناسبت سے ہوتے ہیں ،عزاداری کے دوران ہر کوئی ذوالجناح کی زیارت کا خواہاں ہوتا ہے جسے ذوالجناح کی زیارت ،اسے ہاتھ لگانے یا بوسہ لینے کا موقع مل جائے لوگ اسےرشک سے دیکھتے ہیں، ان دنوں عیدمیلاد النبی ؐ کے موقع پر لڑکے بالے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے دکھائی دیتے ہیں، ملتان کے ایک جلوس میں ایک لڑکے کو ٹرک پر بطورحور بٹھایا گیا اس حور کو پہلے پارلر میں لے جایا گیا اور پھر وہاں سے حور بن جانے کے بعد زائرین کے سامنے پیش کیا گیا ،اس حور کے ارد گرد بہت رش تھا مجھے امید ہے اس حور کو دیکھنے والے جنت میں جانے اور وہاں حور ملنے کی آس میں اپنی نیکیاں جمع کرنے میں لگ جائیں گے، یا بدذوق لوگ جنت کا خیال ہی دل سے نکال دیں گے !اورہاں اس موقع پر ہمارے جیدبزرگان دین کی ایسی ایسی کرامات ٹک ٹاک پر سننے کو ملیں کہ میرا دل بھر آیا اور زارو قطار رونے کو جی چاہا ،اپنی بدقسمتی بھی دل کو کچوکے دینے لگی کہ میں ان کے دور میں کیوں پیدا نہیں ہوا تھا ورنہ کوئی خواہش دل میں نہ رہ جاتی اور کوئی آسمانی بلا میرا کچھ نہ بگاڑ سکتی !ٹک ٹاک پر سنی اور شیعہ علما کے درمیان زبردست مناظرے بھی سننے کو ملتے ہیں اور بزرگان دین کی وہ ایسی کی تیسی کی جاتی ہے کہ ہر ایک جملے پر ایف آئی آر کاٹی جا سکتی ہے اور ہاں ایک نیا ٹرینڈ بھی دیکھنے میں آیا ہے اور اس حوالے سے بالکل نئے لوگوں کو روزگار کا موقع ملا ہے، اس کا تعلق جن نکالنے یا قریب المرگ مریض کو ایک پھونک میں ٹھیک ٹھاک کر دینے سے ہےاس پر بات بھی ہو جائے گی بہرحال میرے لئے سب سے خوشگوار بات یہ تھی کہ مجھے گانا سننے اور رقص دیکھنے کی اجازت مل گئی اور یوں احساس ندامت سے نکل آیا ہوں ،میں اس حلال رقص کیلئے ’’پیران عظام‘‘ کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔

بشکریہ جنگ نیوز اردو

عمران خان کی مایوسی



تحریر:۔ انصار عباسی

عمران خان کو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مایوس کیا۔ پہلے یہ بات خان صاحب کے وکیل شیر افضل کے ذریعے سامنے آئی اور پھر چیئرمین تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان نے یہی بات کی۔

عمران خان کی مایوسی کی وجہ صدر علوی کی طرف سے الیکشن کی تاریخ نہ دینا تھا۔

تحریک انصاف کو توقع تھی کہ صدر اپنے آئینی اختیار کو استعمال کرتے ہوے نوے دن کے اندر الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیں گے لیکن ڈاکٹر علوی نے ایسا کرنے سے گریز کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہی صدر کے اختیار اور اس بارے میں قانونی اختلاف رائے کا حوالہ دے کر الیکشن کمیشن پر ہی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اگر ضرورت پڑے تو سپریم کورٹ کے مشورے سے انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کا کہہ دیا۔

صدر کی طرف سے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا خط محض ایک مشورے سے زیادہ کچھ نہیں تھا اور لگ ایسا رہا تھا کہ یہ بے معنی خط صدر علوی نے تحریک انصاف کے دباؤ پر ضرور لکھا لیکن وہ اصل میں الیکشن کی تاریخ دے کر نہ تو کوئی نیا تنازع پیدا کرنا چاہتے تھے اور نہ ہی طاقت ور حلقوں کو ناراض کرنا چاہتے تھے۔

ایک وقت ایسا تھا جب یہ اطلاعات آ رہی تھیں کہ صدر علوی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کسی بھی وقت کرسکتے ہیں۔ اُسی دوران صدر سے دو طاقت ور شخصیات نے ملاقات کی جس کے بعد یہ کہا جانے لگا کہ ڈاکٹر علوی اب انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کریں گے ۔

عمران خان کو صدر علوی نے مایوس کیا لیکن سچ پوچھیں تو صدر کیلئے 9 مئی کے بعد تحریک انصاف اور عمران خان کی خواہشات کے مطابق چلنا ممکن نہیں رہا۔

موجوہ حالات میں اگر وہ آنکھیں بند کر کے تحریک انصاف کے اشاروں پر چلتے ہیں تو پھر اُن کیلئے بھی مصیبتیں پیدا ہوسکتی ہیں اور ایوان صدر میں اُن کا رہنا بھی مشکل ہوسکتا ہے۔

خان صاحب کی ہمشیرہ کے مطابق عمران خان جیل میں کافی کمزور ہو گئے ہیں لیکن اب بھی ڈٹے ہوئے ہیں۔ خان صاحب کی اہلیہ نے خطرے کا اظہار کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو خوراک کے ذریعے زہر دیا جا سکتا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں خوش نہیں۔

عمران خان کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا کہ خان صاحب کو ایک لمبا عرصہ تک جیل میں رکھنےکا جو بندوبست کیا جارہا ہے وہ یقینا ًعمران خان اور اُن کے خاندان کے افراد کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔

جیل میں عمران خان سوچتے تو ضرور ہوں گے کہ اُن سے کیا کیا غلطیاں سرزد ہوئیں۔ اُن کو اُن کی پارٹی کے رہنما سمجھاتے رہے کہ اپنی حکومت کے خاتمہ کے بعد فوج مخالف جو بیانیہ اُنہوں نے بنایا اُس سے اُنہیں کوئی فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہی نقصان ہوگا ۔

9 مئی کے بعد خان صاحب اور تحریک انصاف کیلئے مشکلات بڑھتی گئیں اور ان مشکلات میں دن بدن اضافہ ہی ہو رہا ہے۔ ایک طرف عمران خان کے خلاف کیسوں کا انبار اور لمبے عرصہ کی جیل تو دوسری طرف تحریک انصاف کیلئے انتخابی سیاست کے راستہ کی بڑھتی رکاوٹیں۔

چند ماہ پہلے تک عمران خان کے پاس شاید یہ آپشن موجود تھا کہ وہ خود کو کچھ عرصہ کیلئے مائنس کر کے اپنی سیاسی جماعت کی انتخابی سیاست کو بچا لیتے لیکن محسوس ایسا ہوتا ہے کہ اب خان صاحب کے پاس یہ آپشن بھی موجود نہیں۔

صدر سمیت دوسروں سے مایوس یا خفا ہونے کی بجائے خان صاحب اپنے رویے، اپنے فیصلوں اور اپنے بیانیے پر غور کریں تو ممکنہ طور پر یہ اُن کیلئے بہتر ہوگا۔

بشکریہ جیو نیوز اردو

ڈالرکی سمگلنگ رک گئی،اوورسیز پاکستانیوں کاپیسہ افغانستان جارہاتھا



اسلام آباد(این این آئی)نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہاہے کہ حکومتی اقدامات سے اب ڈالر کی غیرقانونی منتقلی رک گئی ہے۔
نیور کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر تجارت گوہراعجاز نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کا پیسا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے استعمال ہوتا رہا، اوورسیز پاکستانیوں کا بھیجا گیا پیسا غیرقانونی طریقے سے باہر منتقل ہو رہا تھا،آنے والے دنوں میں پاکستان کی معیشت میں مزید استحکام آئیگا۔انہوں نے کہاکہ خلیجی ممالک سے آزاد تجارت اور سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے،معاہدے کے تحت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری آئے گی۔
نگران وزیر تجارت نے کہا کہ آرمی چیف اورنگران وزیراعظم کا معیشت کی بہتری میں اہم کردارہے، اگست میں2ارب ڈالر کی ایکسپورٹ اور 2ارب ڈالر کی ترسیلات زر تھیں، اگست میں درآمدات 4ارب ڈالرکی تھیں۔گوہراعجازنے بتایاکہ اس سال کپاس کی بمپر پیداوار کی امید ہے، چاول کی برآمدات بھی بڑھیں گی۔

آئی ٹی کمپنیوں کو ڈالر کے آزادانہ استعمال کی اجازت



اسلام آباد(این این آئی) اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل(ایس آئی ایف سی) کی سفارش پرآئی ٹی انڈسٹری کوڈالرکے آزادانہ استعمال کی اجازت دے دی گئی ۔
نگران وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹرعمر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کو 50فیصد تک ڈالرز کے آزادانہ استعمال کی اجازت ہوگی ۔
نگراں وفاقی وزیر عمر سیف کے مطابق فیصلے سے آئی ٹی کمپنیاں بیرون ممالک سے اپنے اکائونٹ پاکستان منتقل کرسکیں گی،آئی ٹی ایکسپورٹ کا موجودہ حجم 2.6ارب ڈالرز سے بڑھ کر 4ارب ڈالرز سے تجاوز کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے آئی ٹی کمپنیوں کو صرف 35فیصد تک ڈالرزرکھنے کی اجازت تھی، پابندی کے باعث متعدد کمپنیوں نے بیرون ممالک اپنے اکائونٹ کھول رکھے تھے۔

سردیوں میں کتنی دیرگیس ملے گی؟صارفین کے لئے بری خبرآگئی



اسلام آباد(این این آئی)نگراں وزیرتوانائی محمد علی نے گیس صارفین کو بری خبر سنادی ۔
نگراں وزیر توانائی نے اپنے بیان میں کہا کہ سردیوں میں 24گھنٹے گھروں میں گیس نہیں دے سکتے،اس بار صرف 8 گھنٹے گیس ملے گی ۔ محمد علی نے بتایاکہ اس سال سردیوں میں پہلے ہی 18فیصد گیس کم ہے،اس بار صرف 8گھنٹے گیس ملے گی۔
بجلی سے متعلق انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا،اب تک بجلی کے چوروں سے 16ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔انہوں نے بتایاکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں بورڈ تبدیل کر رہے ہیں، ایس آئی ایف سی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے اہم فیصلہ ہوا، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں نجی شعبے کے حوالے کر دیں گے۔