کسی سے بدلہ نہیں لینا،سعدرفیق کاپی ٹی آئی سے بات چیت کااعلان



تلہ گنگ(این این آئی)مسلم لیگ نکے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ ہم کسی سے انتقام نہیں لیں گے، حکومت میں آنے کے بعد پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کریں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں حکومت میں آنے کے بعد ہم تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے، پی ٹی آئی سے بھی گفتگو کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ضروری ہے، اکیس اکتوبر محض نواز شریف کی واپسی کا دن نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا دھارا بدلنے کا دن ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کسی سے انتقام نہیں لیں گے، ہم بدلے کی بات نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ ظلم کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں،وہ وہ قبروں میں بھی اتر جائیں ان کا جرم معاف نہیں ہو گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جس طرح چند سابق جرنلز، سابق ججز اور صحافیوں نے مل کر ایک غیر سنجیدہ اور ناتجربہ کار کو پرموٹ کیا اور ملک کا مہاتما بنایا اس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔

لاہور ، پٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی ، متعدد گاڑیاں جل کر تباہ



لاہور  میں پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے  متعدد گاڑیاں جل گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ شیرانوالہ گیٹ کے قریب پیش آیا جہاں پیٹرول پمپ پر آئل بھرتے ہوئے ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے  پیٹرول پمپ کے قریب کھڑی متعدد گاڑیاں جل گئیں ،واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کارروائی کرتے ہوئے آئل ٹینکر میں لگی آگ  پر قابو پا لیا۔

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے درآمد اشیاء پر پروسیسنگ فیس عائد



اسلام آباد(این این آئی)ایف بی آر نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہونیوالی 5اشیا پر 10فیصد پروسسنگ فیس عائد کردی جس پر اطلاق فوری ہوگا۔
ایف بی آر نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہونے والی 5اشیا پر 10فیصد پروسسنگ فیس عائد کردی، جس کے بعد پاکستان کسٹمز نے ایس آر نمبر 1380جاری کردیا ہے جس پر اطلاق فوری ہوگا۔ایس آر او کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت چاکلیٹ اور ٹافیوں کی 10ٹیرف لائنز کی درآمد پر پروسیسنگ فیس عائد کی گئی ہے۔جوتوں کی 21ٹیرف لائنز پر پروسسنگ فیس، چیپٹر 84اور 85کی تمام مشینری ماسوائے مکمل ہوم اپلائنسز پر پروسسنگ فیس، کمبل اور ہوم ٹیکسٹائل کی 10ٹیرف لائنز پر بھی پروسسنگ فیس جبکہ ملبوسات کی 33ٹیرف لائنز پر پروسسنگ فیس عائد کی گئی ہے۔
ایس آراوکے مطابق 2اکتوبرسے پہلے داخل شدہ جی ڈیز کو پروسسنگ فیس سے استثنیٰ ہوگا۔ذرائع وزارت تجارت کے مطابق حکومتی اقدامات کا مقصد سمگلنگ روکنا اور مقامی صنعت کی بحالی ہے۔

غیرمعیاری انجکشن ، مزید 9 ڈرگ انسپکٹرز اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر معطل



پنجاب میں غیر معیاری ایوسٹین انجکشن کے درجنوں افراد کے بینائی سے محروم ہونے کے معاملے پر محکمہ صحت پنجاب نے مزید نو ڈرگ انسپکٹرز اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرز کو معطل کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سے عزیز بھٹی ٹائون کے ڈرگ انسپکٹر ، وزیرآباد سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور منچن آباد سے ڈرگ انسپکٹر، چکوال ڈسٹرکٹ سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور ڈرگ انسپکٹر ، اٹک سے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر اور بہاولپور سے ڈرگ انسپکٹر کو معطل کیا گیا ۔

محکمہ صحت پنجاب کےنوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈرگ انسپکٹرز کو نظم وضبط اور احتساب ایکٹ کے تحت معطل کیا گیا ہے، معطل کیے گئے ڈرگ انسپکٹرزکی تعداد 20  ہو گئی ہے۔

آزادکشمیر اسمبلی میں پی ٹی آئی کی ایک نشست اورکم ہوگئی



مظفر آباد:آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی مزید ایک نشست سے محروم ہو گئی ، رکن اسمبلی چوہدری مقبول گجرالیکشن میں دھاندلی کا جرم ثابت ہونے پر نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
مسلم لیگ (ن)کے امیدوارچوہدری اسماعیل نے ایل اے 35جموں 2 کے نتائج میں دھاندلی پر درخواست دی تھی ،الیکشن ٹربیونل نے دھاندلی ثابت ہونے پر انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی امیدوار چوہدری مقبول گجر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی منسوخ کردیا ہے۔ ٹربیونل کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا کہ ایل اے 35 جموں 2کا انتخاب کالعدم قرار دے کر دوبارہ کرایا جائے۔ٹربیونل نے الیکشن کمیشن کو دھاندلی میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا بھی حکم دے دیا۔

عمران خان کو کون زہر دیناچاہتاہے؟ علی محمد خان کاموقف آگیا



اسلام آباد(این این آئی) پی ٹی آئی رہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی علی محمدخان نے عمران خان کی زندگی کولاحق خطرات کے حوالے سے ایک ٹی وی پروگرام میں انتہائی اہم باتیں کی ہیں
ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جان کوخطرہ لاحق ہے ، ان کی جان بارے شروع ہی سے تحفظات تھے ،کون زہر دینا چاہتا ہے، بغیر ثبوت کے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے گھر سے کھاناجائے، اگر ان کیلئے گھرسے کھانا آئے تو کسی کو کوئی مسئلہ تو نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جماعت اسلامی و دیگر جماعتوں سے بات ہوئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی پر سنگین کیسز بنائے گئے ہیں، سیاسی جماعتوں کو زیادہ بات چیت کی طرف جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مسائل کا سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر حل نکالنا چاہیے، کسی ایک سیٹ والی جماعت کو بھی سائڈلائن نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو سیاست سے باہر کرنا ہے تو عوام کی طاقت سے کریں، کسی کو اجازت نہیں ہے کہ وہ کسی کو مائنس کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مان چکا ہوں کہ ہم سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں، ہم نئے تھے ، جوان تھے اور جذباتی تھے ، مگر یہ تو تجربہ کار تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جب وزیراعظم بنے تو انہوں نے پہلے دن ہی اسمبلی میں بولنے نہیں دیاسب نے مل کرہلہ بول دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2013میں نواز شریف وزیراعظم بنے ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی مگر ہم نے تو کوئی شور شرابہ نہیں کیا بلکہ میں نے جا کرنواز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی تھی۔

پاکستانی ٹیم ہاتھ آئی فتح نہ سمیٹ سکی،دوسرے وارم اپ میچ میں بھی شکست



پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں بھی شکست کھاگئی ۔
352 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 337 رنز بناسکی، بابراعظم نے 90 اور افتخار احمد نے 83 رنز بنائے۔
محمد نواز نے 50 اور فخرزمان نے 22 رنز اسکور کیے جبکہ حسن علی اور امام الحق نے 16 ،16 رنز بنائے۔
وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 351 رنز بنائے۔
کینگروز کی جانب سے گلین میکسویل 77 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کیمرون گرین نے ناقابل شکست 50 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ ڈیوڈ وارنر اور جوش انگلس نے 48 ، 48 رنزکی اننگز کھیلی،جبکہ مارنس لبوشین نے 40 ، مچل مارش نے 31 اور اسٹیو اسمتھ نے 27 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بھی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایرانی تیل سمگلروں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم



حکومت نے ایرانی تیل کے سمگلروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیئے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ڈیرہ غازی خان  کا دورہ کیا، کیپٹن(ر) ثاقب ظفر کی زیرصدارت کمشنر آفس ڈی جی خان میں اجلاس ہوا، جس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور ڈی جی خان کے کمشنر اور ڈی سی نے شرکت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ ایرانی تیل کی سمگلنگ کی وجہ ملکی خزانہ اربوں روپے کے ریونیو سے محروم ہورہا ہے، ملک سے گندم اور کھانے پینے کی اشیاء کی سمگلنگ مہنگائی کا باعث بن رہی ہے۔

کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے مزید کہا کہ سمگلرز اور آئل مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے،بجلی چوری میں ملوث عناصر کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کے احکامات کے بعد بلوچستان کے روٹ پر واقع جنوبی پنجاب کی داخلی چیک پوسٹوں کی مانیٹرنگ سخت کر دی گئی۔

104 سالہ خاتون نے جہازسے ڈائیو کاعالمی ریکارڈ بنادیا



نیویارک(این این آئی)104 سالہ خاتون نے جہاز سے چھلانگ لگا کر اسکائے ڈائیونگ میں عمر رسیدہ خاتون ہونے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
میڈیارپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایک 104 سالہ بزرگ خاتون نے جہازسے چھلانگ لگاکر اسکائے ڈائیونگ میں عمر رسیدہ خاتون ہونے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیارپورٹس کے مطابق 104 سالہ خاتون کا نام ڈوروتھی ہوفنر ہے جو امریکی شہر شکاگو کی رہائشی ہیں اور انہوں نے اسکائے ڈائیونگ بھی شکاگو میں ہی کی ہے۔خاتون نے یہ عالمی ریکارڈ اتوار کے روز بنایا ہے جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔اس سے قبل یہ اعزاز گزشتہ سال سوڈان سے تعلق رکھنے والی خاتون نے 103 سال کی عمر میں بنایا تھا۔

فیض آباددھرنے کاضامن کون تھا؟خواجہ آصف نے بتادیا



سیالکوٹ (این این آئی)سابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے فیض آباد دھرنے کے ضامن کے حوالے انتہائی اہم بیان جاری کیاہے۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فیض آباد دھرنے کے بارے میں کہا کہ فیض آباد دھرنے میں فیض حمید نے معاہدے میں شامل ہونے کا اصرار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے دھرنے والوں کو بٹھایا تھا وہی ضامن تھے۔
سابق وزیرِ دفاع نے مزیدکہا کہ طالبان کو سوات اور فاٹا میں لا کر بٹھایا گیا ہے اور اسی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہو گا۔

پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے بڑامطالبہ کردیا



اسلام آباد(این این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے معاملہ پرتحریک انصاف نے کہا ہے کہ جیل ٹرائل کیلئے وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن فیئر ٹرائل کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق سائفر مقدمے کو خاص طرز پرچلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دستور کا آرٹیکل 10ـاے ہر شہری کو منصفانہ سماعت کا حق دیتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سائفر مقدمے میں بھی طے شدہ فیصلے کے مطابق ٹرائل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین اوروائس چیئرمین کے خلاف مقدمے کی کھلی عدالت میں سماعت کی جائے۔
پارٹی ترجمان نے چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا نوٹس لیا جائے۔

سچن ٹنڈولکر کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سفیر مقرر



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کا میگا ایونٹ شروع ہونے سے 2 روز قبل بھارت کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کو آئی سی سی  ورلڈ کپ  2023  کا سفیر مقرر کر دیا۔

 آئی سی سی کے مطابق اپنے کیریئر میں چھ  ورلڈ کپ میں قابل رشک ریکارڈ رکھنے والے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ سے قبل مینز کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ واک آؤٹ کریں گے اور ٹورنامنٹ کے شروع ہونے کا اعلان کریں گے۔

 آئی سی سی کے جنرل منیجر، مارکیٹنگ اور کمیونیکیشنز کلیئر فرلانگ نے کہا ہے کہ ہمارے لئے سچن ٹنڈولکر کو آئی سی سی مینز ورلڈ کپ2023 کا سفیر کرنا حقیقی اعزاز کی بات ہے۔

دوسری جانب شچن ٹنڈولکر نے کہا ہے1987 میں بال بوائے ہونے سے لے کر چھ ایڈیشنز میں ملک کی نمائندگی کرنے تک، ورلڈ کپ نے ہمیشہ میرے دل میں ایک خاص جگہ بنائی ہے، 2011 میں ورلڈ کپ جیتنا میرے کرکٹ  سفر کا سب سے قابل فخر لمحہ ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا بے صبری سے منتظر ہوں۔