عمران خان کو کھانے میں زہر دینے کا خدشہ، بشریٰ بی بی عدالت پہنچ گئیں



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے جیل میں شوہر کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں معروف وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں کھانے میں زہر دیا جا سکتا ہے۔

بشریٰ بی بی نے ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت قانون اور دیگر کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان جیل میں جن سہولیات کے حقدار ہیں وہ انہیں نہیں مل رہی، سابق وزیراعظم کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 کی خلاف ورزی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بشریٰ بی بی نے استدعا کی ہے کہ عمران خان کی جیل میں سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اس کے علاوہ یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ ذمہ دار میڈیکل آفیسر کے ذریعے انہیں خالص خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

پاکستان کی ہونہار بیٹی نائلہ کیانی کا ایک اور اعزاز



پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

نائلہ کیانی نے چین میں ماؤنٹ چو ایو کو سر کر لیا ہے اور وہ یہ کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

نائلہ کیانی نے آج 8 ہزار 188 میٹر بلند ماؤنٹ چو ایو کو سر کیا، اس چوٹی کا شار دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی میں ہوتا ہے۔

نائلہ کیانی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ 8 ہزار میٹر بلند 10 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستان خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں۔ نائلہ کیانی اور سربازخان آج چو ایو سر کرنے والی ٹیم میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ نائلہ کیانی کا تعلق راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان سے ہے۔

قائمہ کمیٹی سینیٹ: حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان معاملات معاہدہ کراچی کے مطابق حل نہ ہونے کا انکشاف



سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت کے اجلاس میں میں انکشاف ہوا ہے کہ حکومت پاکستان اور آزادکشمیر کے درمیان معاملات معاہدہ کراچی کے مطابق حل نہیں ہو رہے۔

پروفیسر ساجد میر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان کے اجلاس میں سیکریٹری وزارت امور کشمیر نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور جموں کشمیر کے درمیان مالی معاملات معائدہ کراچی کے مطابق نہیں ہو رہے۔

سیکریٹری امور کشمیر کے مطابق دونوں حکومتوں کے درمیان معاملات میں وزارت کو اعتماد نہیں نہیں لیا جاتا۔

انہوں نے کہاکہ جب کشمیر اور گلگت بلتستان کا حصہ بنیں گے تو انہیں صوبائی خود مختاری دی جائے گی۔ 77.5 ارب روپے آذاد کشمیر حکومت نے جمع کر رکھے ہیں اس رقم کا ان سے حساب لیا جائے گا۔

اس موقع پر سلیم مانڈووی والا نے کہاکہ مقامی محصولات ان کے پاس ہی ہوں گے۔ اٹھارویں ترمیم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر اثر انداز نہیں ہوتی۔

اجلاس میں اراکین کمیٹی نے کہاکہ پاکستان اور جموں و کشمیر کا رشتہ معائدہ کراچی کی بنیاد پرہے، ہماری ذمہ داری ہے ہم کشمیر و گلگت بلتستان کی قیادت کے ساتھ مل کر مسائل حل کریں۔

آزادکشمیر میں بجلی کے زیادہ بلوں کے خلاف ہونے والے احتجاج کا معاملہ بھی کمیٹی میں پہنچ گیا۔ کمیٹی کے ممبر سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ کل بھی آزادکشمیر میں ایف آئی آرز کاٹی گئی ہیں۔ لوگوں نے دھرنے دے رکھے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی ساجد نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ وزارت کے روابط مزید بہتر ہونے چاہئیں۔

سیکریٹری وزارت امور کشمیر نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلات سامنے رکھیں اور کہا کہ آزاد کشمیر و جی بی میں ترقیاتی منصوبے ریویو کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومت نے لکھا ہے کہ ہمیں سیکشن آفیسر بھی جواب نہیں دیتا، بجلی کے منصوبوں کے لئے جی بی اور کشمیر کو جنریٹرز چاہیئیں۔

سیکریٹری امور کشمیر کی معروضات پر کمیٹی نے معاملے کو دیکھتے ہوئے ایک ہفتے میں وزارت کو رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کر دی۔

سینیٹر سلیم مانڈووی والا نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ایک میٹنگ کرنے کی تجویز دی جس پر چیئرمین نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ سینیٹ کمیٹی پاکستان کی حدود سے باہر نہیں جا سکتی۔

اجلاس میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ سیرینا ہوٹل کے باہر کشمیر کی خصوصی حیثیت میں تبدیلی کی نشاندہی کرنے والی گھڑی ہٹا دی گئی ہے۔

کمیٹی اراکین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مناسب فورم پر نہ اٹھانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ مسئلہ کشمیر کو مناسب فورمز پر نہیں اٹھا رہی، سیرینا ہوٹل کے باہر لگی گھڑی بے بسی کا اظہار تھا۔

عمران خان کی منتقلی کے بعد اڈیالہ جیل کی سکیورٹی بڑھا دی گئی



راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) اڈیالہ جیل کی سکیورٹی پر مامور پولیس نفری اور حفاظتی پکٹس میں اضافہ کر دیا گیا۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کے بعدا سپیشل برانچ راولپنڈی کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی آڈٹ اور راولپنڈی پولیس اور جیل حکام کی میٹنگ کے تناظرمیں سینٹرل جیل راولپنڈی کے سکیورٹی پلان پر نظرثانی کی گئی ہے جس کے تحت جیل کے اردگرد پکٹس دو سے بڑھا کر پانچ کردی گئی ہیں ۔

یہ پکٹس داہگل گاؤں، جیل گیٹ نمبر 5، دیرہ موڑ، شائیگان فیکٹری اور ڈھوک منگا میں لگائی گئی ہیں جہاں 24گھنٹے نفری موجود ہوگی۔ جیل کے باہر تعینات نفری کی تعداد پچاس سے بڑھاکر 103 کردی گئی ہے۔ اڈیالہ جیل سکیورٹی کی اوور آل سپرویژن ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔

شیخ رشید کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس کو ایک ہفتے کی مہلت



لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس صداقت علی نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی حراست کے خلاف درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے آر پی او سے استفسار کیا کہ شیخ رشید اور ان کے ساتھ پکڑے گئے دیگر 2 لوگ کہاں ہیں؟۔ لکھ کر ہمیں دیں گے یا شیخ رشید کو پیش کیا جائے گا؟۔

عدالت کے استفسار پر آر پی او نے مزید 15 روز کا وقت مانگ لیا۔

آر پی او کی مہلت کی استدعا پر عدالت نے کہا کہ 15 دن تو بہت زیادہ ہیں کیوں کہ یہ عام معاملہ نہیں، اس میں تو 2 دن کی مہلت بھی بہت زیادہ ہو گی۔

جسٹس صداقت علی نے شیخ رشید کو پیش کرنے کے لیے 7 روز کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کو ایک ہفتے کے اندر پیش کیا جائے ورنہ ایف آئی آر کا حکم دیں گے۔

90 روز میں عام انتخابات نہ کرانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج



ملک بھر میں 90 روز کے اندر عام انتخابات نہ کرانے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں صدر مملکت، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے مطابق ضروری ہے کہ 90 روز میں انتخابات کا انعقاد ہو لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال ایسا کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد 3 ماہ میں الیکشن کرانے کے لیے اب وقت بہت کم رہ گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت 90 روز میں انتخابات کرانے کے احکامات جاری کرے۔ یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ صدر پاکستان کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا جائے۔

90 روز میں انتخابات کرانے کے لیے درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: سائفر کیس کی اِن کیمرا سماعت کی استدعا پر فیصلہ محفوظ



اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں اِن کیمرا سماعت کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست ضمانت کی ان کیمرا سماعت کے لیے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور اور عمران خان کے وکیل بیرسٹرسلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

سپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہاکہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کو پبلک نہیں کیا جا سکتا، آج ہم ٹرائل کورٹ میں بھی ایک درخواست دائر کر رہے ہیں۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ضمانت کی درخواست کے دوران ہم نے کچھ اہم دستاویزات سامنے رکھنی ہیں۔ کچھ ملکوں کے بیانات بھی سامنے رکھنے ہیں، کارروائی پبلک ہونے کی صورت میں کچھ ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ جب درخواست ضمانت پر فیصلہ لکھا جائے گا تو وہ پبلک ہو گا، پھر اِن کیمرا سماعت کیوں کی جائے۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ ضمانت کی درخواست پر ان کیمرا سماعت نہیں ہو سکتی، کوئی حساس بات ہو تو سماعت ان چیمبر ہو سکتی ہے۔

دوران سماعت اٹارنی جنرل منور اقبال نے سائفر کے کوڈ آف کنڈکٹ سے متعلق ہائیکورٹ کو آگاہ کیا۔

وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ڈالر مزید سستا ہو گیا، روپیہ استحکام کی جانب گامزن



کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کے بعد امریکی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 23 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 286 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔

ماہ ستمبر میں کرنسی کو استحکام دینے کے لیے کی گئی کوششیں سود مند ثابت ہو رہی ہیں جو پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

ماہرہ خان اپنے بزنس مین دوست سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک



پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے قریبی دوست سلیم کریم سے شادی کر لی ہے۔

اداکارہ کے مینیجر انوشے طلحہ کی جانب سے ماہرہ خان کی شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جہاں وہ وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان نے سفید رنگ کا لہنگا پہنا ہوا ہے جبکہ دلہا سلیم کریم شیروانی پہنے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اس سے قبل ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سلیم کریم کے ساتھ تعلق کی تصدیق کی تھی۔

سوشل میڈیا پر شادی کی تقریب کی ویڈیو وائرل ہونے پر ماہرہ خان کے چاہنے والوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور دعائیں دی ہیں۔ یاد رہے کہ یہ ماہرہ خان کی دوسری شادی ہے۔

سپریم کورٹ: فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیخلاف درخواستوں پر دلائل طلب



سپریم کورٹ آف پاکستان نے بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف درخواستوں پر مزید دلائل طلب کر لیے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف ایک ہزار 90 درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے عدالت سے مہلت مانگی تو چیف جسٹس نے مسترد کردی اور کہا کہ آدھے گھنٹے میں تیاری کر کے دلائل دیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ اس کیس میں اٹارنی جنرل کو نوٹس نہیں میں دلائل دینا چاہوں گا تو چیف جسٹس نے دلچسپ مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ اٹارنی جنرل قابل وکیل میں ہم کیسے انہیں نااہل کہہ سکتے ہیں۔

بعدازاں سماعت میں وقفہ کر دیا گیا اور جب دوبارہ سماعت کا آغاز ہوا تو چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے کیسوں کا ڈھیر لگا ہے، 16 اکتوبر کو دلائل سن کر فیصلہ کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہاکہ 16 اکتوبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی سہولت نہیں دی جائے گی۔

بعد ازاں سپریم کورٹ کی جانب سے سماعت 16 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

پاکستان میں سپیشل فورسزکی کثیرالملکی مشقیں اختتام پذیر



پاکستان میں سپیشل فورسزکی کثیرالملکی مشقیں اختتام پذیر ہوگئیں۔ اتوار کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطبق پاکستان، قازقستان، قطر، ترکیہ اور ازبکستان کی سپیشل فورسز کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں ملٹی نیشنل جوائنٹ سپیشل فورسز ایکسرسائز ’ابدی بھائی چارہ دوم‘ کا انعقاد کیا گیا۔

دو ہفتے طویل مشق ’ابدی بھائی چارہ دوم‘ کا آغاز 17 ستمبر 2023 کو بروتھا میں ہوا۔
کور کمانڈر 11 کور نے اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری ٹریننگ اور جنرل آفیسر کمانڈنگ سپیشل سروس گروپ کے ساتھ بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ مشق میں شرکت کرنے والے دستوں کے علاوہ دوست ممالک کے افسران نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
مشق میں حصہ لینے والے ممالک کی سپیشل فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
اس مشق کا مقصد برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کے تصورات کے اطلاق میں مدد کے ساتھ ساتھ مستقبل کے فوجی تعاون کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔

منموہن سنگھ کا ایک بار پھر چکوال میں آبائی گاؤں آنے کی خواہش کا اظہار



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے سابق وزیراعظم اور کانگریس کے اہم لیڈر 91سالہ ڈاکٹر من موہن سنگھ نے پاکستان میں ضلع چکوال میں اپنے آبائی گاؤں ʼگاہ جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

موقر قومی اخبار کے مطابق ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہا کہ اپنی جنم بھومی دیکھنے کےلئے چکوال جانا چاہتا ہوں جہاں ان کا بچپن گزرا۔

انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر کو اپنی سالگرہ کے موقعہ پر وہ اپنی فیملی کے ساتھ پاکستان میں اپنی پیدائش کی باتیں کرتے رہے۔

ان کی اہلیہ گورشرن کور کا تعلق جالندھر سے ہے وہ بھی چکوال جانے کی خواہش مند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ان کے کئی دوست ہیں جو انہیں چکوال کی ریوڑھیاں بھیجتے ہیں۔