6 ہزارغیرملکی اسلام آباد چھوڑگئے



اسلام آبادمیں غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کے خلاف کریک ڈائون کے نتائج سامنے آناشروع ہوگئے۔
نگران حکومت نے پاکستان میں غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کوواپسی کے لئے 3 اکتوبر تک کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے۔ ڈیڈ لائن کے بعد ایسے تمام غیرملکیوں کوگرفتارکیاجائے گا جن کے ویزے کی مدت ختم ہوچکی ہے۔
اسلام آبادپولیس غیرقانونی طورپرمقیم افغان شہریوں کے خلاف بھی بڑے پیمانے پرکارروائیاں کررہی ہے۔
خبررساں ادارے این این آئی کے مطابق اسلام آبادسے 398 غیرملکیوں کوگرفتارکیاگیا اوران کے خلاف مختلف تھانوں میں 43 مقدمات بھی درج کرائے جاچکے ہیں۔ ان غیرملکیوں میں اکثریت افغان باشندوں کی ہے ۔
اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی غیرقانونی افغان باشندوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یواین ایچ سی آر کے مطابق پاکستان میں موجودافغان مہاجرین کی تعداد37 لاکھ سے زیادہ ہے جن میں سے 10 لاکھ سے زیادہ مہاجرین ایسے ہیں جن کے پاس شناختی دستاویزات نہیں۔

باجوہ کی توسیع اور عمران خان کو ہٹاناڈیل تھی ،فیض حمید،ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے رابطہ کیا:سینیٹرمشتاق



اسلام آباد: جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کی توسیع کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن) اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید نے جماعت اسلامی سے رابطہ کیا تھا۔
ڈان ٹی وی کے پروگرام دوسرا رخ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نےکہا کہ پی ٹی آئی اورپی ڈی ایم حکومت میں کوئی زیادہ فرق نہیں تھا، دونوں اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرکے آئی تھیں ۔ آئی ایم ایف معامدہ، ٹیکسوں اور مہنگائی میں اضافہ، کرپشن کے الزامات اور آرمی چیف کی توسیع سمیت تمام معاملات میں یہ سب ایک تھے، ان کو اسٹیبلشمنٹ کا سکہ کہہ لیں یا امریکا کا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نکالنے کے لیے تحریک عدم اعتماد کا طریقہ توآئینی تھا لیکن اس کی کامیابی کے لیے جو مطلوبہ تعداد چاہیے تھی ، وہ کہاں سے آئی یہ سب کو پتا ہے،پہلے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کی گئی پھر قانونی طریقے سے عمران خان کو ہٹایا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی توسیع کے خلاف صرف میں کھل کرکھڑا رہا۔ میرے اوپر اس وقت بہت دباؤ ڈالا گیا، جنرل (ر) فیض حمید نے بھی مجھ سے رابطے کیے۔
مجھے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی بڑی لیڈر شپ نے بتایا کہ عمران خان نے اس وقت کے آرمی چیف کو توسیع کی آفر کی لیکن وہ ناکام ہوگیا، پھر ہم نے انہیں یقین دلایا کہ ہم یہ کام کرسکتے ہیں ۔
ڈاکٹر مشتاق کاکہناتھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) پر عائد ہوتی ہے۔
تینوں جماعتوں نے پارلیمنٹ کو ربر اسٹیمپ بنادیا ۔ ان جماعتوں کی وجہ پارلیمنٹ عوام کی امیدوں کا مرکز نہیں رہی ،یہ سینٹ کا اجلاس بلانے کی ہمت نہیں کر رہے ۔

سینیٹرمشتاق کاکہناتھا کہ 90 روز میں انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا تھا،اس مدت سے انحراف کے بعد کسی بھی وعدے پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا،
الیکشن کمیشن کے بیان کی کوئی قانونی حیثیت اس وجہ سے نہیں ہے کیونکہ انہوں نے پہلے ایک تاریخ دی، اب دوسر ی تاریخ دی ہے، کل کو تیسری تاریخ دے سکتے ہیں۔

ہر صورت ورلڈ کپ جیتنا ہے: حریم شاہ کا بابر اعظم سے مطالبہ



پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ ورلڈ کپ ہر حال میں جیتنا ہے۔

کپتان بابر اعظم کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر شیئر کی گئی ایک تصویر پر حریم شاہ نے لکھا کہ کپتان صاحب! ہر صورت میں ہمیں یہ ورلڈ کپ چاہیے۔

https://twitter.com/_Hareem_Shah/status/1708110402997854564?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1708110402997854564%7Ctwgr%5E38b8b9f1fc9d29fddba2937d1783a57e411f24a8%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.express.pk%2Fstory%2F2544976%2F24

حریم شاہ کی اس ٹوئٹ کے بعد ایکس پر بحث شروع ہو گئی اور کچھ صارفین نے لکھا کہ یہ تو ایک دھمکی ہے اور ہو سکتا ہے کہ اس وجہ سے قومی ٹیم اچھا کھیل پیش نہ کر سکے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے جا رہا ہے، پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری، اب تک 10 ہزار افراد گرفتار



ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 10 ہزار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سیکریٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے بتایا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔

اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجلی چوروں کے خلاف اب تک 23 ہزار 152 مقدمات درج ہوئے اور 14 ارب 33 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔

راشد لنگڑیال نے کہاکہ لیسکو میں 3 ارب 85 کروڑ روپے ریکور کیے گئے ہیں اور اس دوران 2 ہزار 961 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران حیسکو میں 2 ارب 69 کروڑ روپے ریکور ہوئے جبکہ پیسکو میں کریک ڈائون کے دوران 2 ارب 42 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔

راشد لنگڑیال نے بتایا کہ 75 فیصد مجموعی چوری کے باوجود سندھ اور خیبر پختونخوا سے صرف 725 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیراعظم، وزیر اطلاعات و دیگر کی چینی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد



چین کے 74 ویں قومی دن کے موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سمیت پوری چینی قوم کو مبارکباد دی ہے۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں نگراں وزیراعظم نے کہاکہ آج کی دنیا میں چین امن، استحکام کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کا مرکز بن چکا ہے۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے پاک چین دوستی زندہ باد بھی تحریر کیا۔

وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ امید ہے کہ موجودہ سال اور آنے والے برسوں میں پاکستان اور چین کے تعلقات کامیابیوں کے نئے سنگ میل عبور کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین تعلقات باہمی احترام، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں پر استوار ہیں،پاکستان اور چین کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے دکھ سکھ کا ساتھی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے جنوری میں الیکشن کے انعقاد پر سوال اٹھادیئے



اسلام آباد (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جنوری میں الیکشن کے انعقاد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری میں بالائی علاقوں میں برف پڑی ہوگی، لوگ ووٹ کیسے دیں گے؟

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوری میں ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوتی ہے، وہاں کے لوگ میدانی علاقوں میں آ جاتے ہیں، ان دنوں میں تو وہاں کے لوگ اپنے علاقوں میں ہی نہیں ہوں گے، تو ووٹ کیسے دیں گے؟

اس لئے اس معاملے پر بھی الیکشن کمیشن کو سوچنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نوید سنائی گئی کہ ملک میں امن قائم ہو گیا ہے لیکن صورت حال یہ ہے کہ کسی بھی امیدوار کیلئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن مہم میں حصہ لینا مشکل ہے اور ہمارے لیے تو ناممکن ہے۔

رحیم یار خان میں بچوں کی لڑائی پر درجنوں افراد نے ہوٹل پر دھاوا بول دیا



رحیم یار خان (این این آئی)رحیم یار خان میں مبینہ طور پر بچوں کی لڑائی پر درجنوں افراد نے ہوٹل پر دھاوا بول کر ہوٹل کے مالک اور منیجر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا، واقعے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی۔

رحیم یار خان کے تھانہ ظاہر پیر کی حدود میں بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے جس کے بعد درجنوں افراد نے ہوٹل پر ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کردیا۔

مشتعل افراد کی جانب سے ہوٹل پر حملہ کرکے ہوٹل کے مالک اور منیجر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

مشتعل افراد کے ہوٹل پر حملے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔متاثرین کے مطابق پولیس کی جانب سے نہ تو ان کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے نہ کوئی کارروائی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ واقعہ جمعے کے روز پیش آیا تھا، معاملے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کا مطالبہ کردیا



اسلامم آباد (این این آئی)شہریوں نے پیٹرول کی قیمت مزید کم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہری شجاعت حسین ، محمد وقاص ، زبیرحنان ، محمد رمضان ، احسن خان و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 26 روپے بڑھا کر 8 روپے کم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں،اس سے مہنگائی میں کوئی کمی نہیں آ ئے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت دو سے بھی کم ہونی چاہیے ۔

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کر دی گئی۔ پیٹرول کی نئی قیمت 323 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی 11 روپے لیٹر کم کر دی گئی۔

نئی قیمت 318 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرول پر 60 روپے اور ڈیزل پر 50 روپے فی لیٹر لیوی برقرار رکھی گئی ہے۔

عراق میں خونی شادی ، ہلاکتوں کی تعداد 104 ہوگئی



بغداد(این این آئی)عراقی صوبہ نینوی کے قصبے الحمدانیہ میں ایک شادی ہال میں لگنے والی تباہ کن آگ کے چوتھے دن ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نینوی کے محکمہ صحت نے اعلان کیا کہ آگ سے مرنے والوں کی تعداد 104 ہو گئی ہے۔

جبکہ محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل منصور معروف منصور نے واقعے کو بڑا سانحہ قرار دیا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ ہال میں ایک ہزار سے زائد افراد جن میں تمام خواتین، بزرگ اور بچوں پر مشتمل خاندان شامل تھے، ہال میں موجود تھے، جس میں شادی کے ایک گھنٹے بعد آگ لگ گئی۔

بھارت،2000روپے کے نوٹوں کی واپسی تاریخ میں توسیع



نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے مرکزی بینک نے ملک کے سب سے زیادہ مالیت کے بینک نوٹوں کی واپسی کی تاریخ میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے 19 مئی کو 2000 روپے کے نوٹ کو واپس لینے کا حکم دیا تھا، جس میں لوگوں کو ستمبر کے آخر تک ملک بھر کے بینکوں میں 35 کھرب 60 کروڑ روپے (42.9 بلین ڈالر) کو تبدیل کرنے یا جمع کرنے کا وقت دیا گیا تھا۔

امرکزی بینک نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ جمعہ تک 140 ارب روپے (1.7 ارب ڈالر) مالیت کے نوٹوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

آر بی آئی نے کہاکہ چونکہ رقم نکالنے کے عمل کے لیے متعین مدت ختم ہو گئی ہے اور جائزہ کی بنیاد پر 2000 بینک نوٹوں کو جمع کرنے یا تبدیل کرنے کے موجودہ انتظام کو 07 اکتوبر 2023 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آٹھ اکتوبر سے بینک ان نوٹوں کو قبول نہیں کریں گے، لیکن آر بی آئی کے 19 دفاتر میں ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 10 یا 20،000 روپے تک ان کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

لوگ آر بی آئی کے دفاتر میں بھی نوٹ واپس کر سکتے ہیں اور اپنے بینک کھاتوں میں کسی بھی مالیت کے نوٹ جمع کراسکتے ہیں۔

حالات خرابی کی ذمہ داری قبول کرنے کو کوئی بھی تیار نہیں، سراج الحق



جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں حالات کی خرابی کا اعتراف سب کی جانب سے کیا جا رہا ہے لیکن کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خبر پڑھی، لیکن ساتھ ہی دوسری خبر یہ تھی کہ گیس کی قیمت میں 20 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ اس وقت عوام خوف اور بے یقینی کی کیفیت کا شکار ہیں، ہر طرف تباہی و بربادی نظر آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم سے لے کر پولیس تک ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ ملک میں حالات خراب ہیں مگر کوئی بھی اس کا اعتراف نہیں کر رہا کہ یہ حالات کیسے پیدا ہوئے۔

سراج الحق نے کہاکہ کہ اس وقت تو افغان کرنسی نے پاکستانی کرنسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور 3 گنا زیادہ مضبوط ہو چکی ہے، بنگلا دیش، نیپال، بھوٹان، سری لنکا، انڈیا سب ترقی یافتہ ملک بن چکے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہماری معیشت ترقی کر رہی ہے اور یہاں امن و امان کی صورت حال میں بہتری آ رہی ہے۔

آرمینیائی باشندوں کا امریکہ میں ترک سفیر پر حملہ



یروآن(این این آئی)آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تنازع میں انقرہ کے باکو کے حامی موقف کی وجہ سے امریکہ میں ترکیہ کے سفیر پر آرمینیائی باشندوں کے ایک گروپ نے حملہ کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک کانفرنس میں شرکت کر رہے تھے کہ نوجوانوں کے ایک گروپ نے ان کا پیچھا کیا۔

ان پر پانی پھینکا اور اس کے گرد جمع ہو کر ان پر حملہ کردیا اور انہیں مارا پیٹا۔ تاہم ترک سفیر اپنی مدد آپ کے تحت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔