کرکٹ ورلڈ کپ: مکی آرتھر نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کر لیا



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مکی آرتھر انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی مصروفیات ختم ہونے پر بھارت پہنچ گئے اور ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اب مکی آرتھر ورلڈ کپ کے دوران مکمل ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔

اس سے قبل ایشیا کپ کے دوران مکی آرتھر چند میچوں میں ہی ٹیم کے ساتھ موجود رہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم اس وقت حیدرآباد دکن میں موجود ہے جہاں آج پریکٹس سیشن ہو گا۔ بابر الیون کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ ہو گا۔ جبکہ ٹیم ورلڈ کا پہلا میچ نیدر لینڈ کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گی۔

نمیرا سلیم امریکہ پہنچ گئیں:5اکتوبر کو خلاء میں جائیں گی



پاکستان کی ہونہار بیٹی نمیرا سلیم خلا میں سفر کے لیے امریکا پہنچ گئی ہیں۔

نمیرا سلیم کراچی سے امریکا کے شہر ٹیلس پہنچی ہیں اور وہ 5 اکتوبر کو خلا کا سفر کریں گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نمیرا سلیم کا کہنا تھا کہ وہ اس سفر کے لیے پر عزم ہیں۔

گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن 5 اکتوبر کو سفر پر روانہ ہو گا۔

واضح رہے کہ دبئی میں مقیم نمیرا سلیم وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے 2007 میں قطب شمالی اور 2008 میں قطب جنوبی پر بھی پاکستان کا پرچم لہرایا تھا۔

ورلڈ کپ: سابق کرکٹرز کا پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کی خواہش کا اظہار



سابق کرکٹرز نے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے کی امید ظاہر کر دی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک، ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل اور لنکن اسپنر مرلی دھرن نے پیشگوئی کی ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو سکتا ہے۔

اسٹار اسپورٹس کو انٹرویو دیتے ہوئے کرس گیل نے کہاکہ امید یہی لگ رہی ہے کہ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا۔

سری لنکن اسپنر مرلی دھرن نے کہاکہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنا پسند کروں گا۔

اس موقع پر سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس نے ورلڈ کپ فائنل کے لیے بھارت اور انگلینڈ کو مضبوط امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔

بابر اعظم بڑا کھلاڑی، سرفراز سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے: ذکا اشرف



لاہور (این این آئی)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں بابر اعظم بہت بڑا کھلاڑی ہے، سرفراز احمد سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران ذکا اشرف نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023 میں ابھی وارم اپ میچ ہوا ہے، پلیئرز ایڈجسٹ ہو رہے ہیں، ٹیم کم بیک کرے گی، ابھی ورلڈ کپ چل رہا ہے، ہماری ساری دعائیں ٹیم کیساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر اور ان کی ٹیم کو میرے آنے سے پہلے رکھا گیا تھا، غیر ملکی کوچز سے معاہدے کی اگر پاسداری نہ کریں تو بورڈ کی بدنامی ہوتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ مکی آرتھر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ پوریورلڈ کپ اور دورہ آسٹریلیا میں دستیاب ہوں گے۔ ورلڈ کپ کے بعد تبدیلی ہوگی یا نہیں، اس پر میں ابھی کوئی بات نہیں کروں گا، میگا ایونٹ کے بعد ٹیم کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی ٹاپ پلیئرز ہیں جو پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں، لیگ کرکٹ کی چمک دمک سے انٹرنیشنل ٹیموں کو مشکلات ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا فیصلہ میں نے نہیں کیا، کرکٹ کے فیصلے کرکٹرز کرتے ہیں، پلیئرز کو زیادہ پیسے اس لیے ہی دیے ہیں کہ وہ پاکستان ٹیم کو ترجیح دیں۔

مستونگ خود کش دھماکا: جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو گئی



بلوچستان کے ضلع مستونگ میں جمعہ کو ہونے والے خود کش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ خود کش دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا ہے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے، اس سے قبل جاں بحق افراد کی تعداد 59 تھی۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس وقت سی ایم ایچ کوئٹہ میں 18 جبکہ سول ہسپتال میں 3 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو 12 ربیع الاول کے جلوس کے قریب خود کش دھماکا ہوا تھا جس کے بعد نگران حکومت نے صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔

جڑانوالہ میں مسیحی طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بحال



جڑانوالہ (این این آئی)سانحہ جڑانوالہ کے ڈیڑھ ماہ بعد مسیحی طالب علموں کی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئیں، بچے دوبارہ اسکول پہنچے۔

خصوصی کلاسوں کا اہتمام کیا گیا۔اساتذہ اور ساتھی طالب علم سانحے کی تلخ یادیں مٹانے کے لیے پْرعزم ہیں، 16 اگست کو ہجوم نے گستاخی کا الزام لگا کر مسیحی آبادیوں کو نشانہ بنایا تھا۔

ہجوم نے کئی مکانوں اور گرجا گھروں کو جلادیا تھا، لوگوں کی جمع پونچی لوٹی گئی تھی، مسیحی آبادیوں میں رہنے والوں کا سکھ چین اور مسکراہٹ سب کچھ چھین لیا تھا۔

کئی خاندانوں میں شادیوں کی شہنائی گونجنی تھی، لیکن الم ناک واقعات نے سب کچھ راکھ کردیا تھا۔اب پھر امید کی کرن جاگی ہے، سماجی تنظیموں نے کچھ بیٹیوں کا جہیز اکٹھا کیا ہے، شادی کی تاریخیں پھر پکی ہوئی ہیں۔

کوئٹہ،سانحہ مستونگ کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال،تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند



کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ میں سانحہ مستونگ کے خلاف اتحادِ اہلِ سنت بلوچستان کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے جس کے باعث وادی میں تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں۔

مختلف سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے بھی اتحادِ اہلِ سنت بلوچستان کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 59 ہو گئی ہے۔مستونگ میں دہشت گرد نے عیدِ میلادالنبی ۖکے جلوس میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

نجکاری تیز، پی آئی اے کو نئے معاہدے کرنے سے روک دیا گیا



کراچی(این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)کی نجکاری کیلئے اقدامات تیز کر دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کو نئے معاہدے کرنے سے روک دیا۔ فروخت کا عمل فروری تک مکمل ہوجائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ مارچ 2024 تک پی آئی اے کوئی طویل مدتی معاہدے نہیں کرے گا۔

کمپنی کو لیز پر طیارے حاصل کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائرز کی تعیناتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کا قرض، حکومتی گارنٹیز اور دیگر ایشوز کو حل کرنے کا پلان تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق ایئرلائن کی نجکاری دسمبر میں کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس کے ملحقہ اداروں کی نجکاری نہیں کی جائیگی۔

بہن کی شادی کے لئے قرض لینے پر جاگیردار نے نوجوان کی زندگی گروی رکھ لی


Featured Video Play Icon

ایف بی آر نے ہدف سے63 ارب روپے زیادہ جمع کر لئے



فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1978 ارب روپے کے تفویض کردہ ہدف کے مقابلہ میں 2041 ارب روپے جمع کر لئے جو کہ ہدف سے 63 ارب روپے زیادہ ہیں ۔ سال 2022 میں اسی عرصہ کے دوران 1644 ارب روپے جمع کئے گئے تھے۔

سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق ایف بی آر نے ستمبر کے مہینے میں 794 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 834 ارب روپے جمع کئے ہیں جبکہ سال 2022 میں اسی مہینے میں 688 ارب روپے جمع کئے گئے تھے۔ ستمبر کے مہینے میں 37 ارب کے ریفنڈز بھی جاری کئے گئے جبکہ ستمبر 2022 میں 18 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے تھے۔ تاہم ستمبر 2023 کے دوران درآمدات میں شدید کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ گذشتہ ماہ کے دوران درآمدی ٹیکس کی مد میں 299 ارب روپے جمع کئے گئے تھے جبکہ رواں مہینے کے دوران درآمدات کی مد میں صرف 254 ارب روپے کے ٹیکس جمع کئے جا سکے ہیں۔

ایف بی آر نے 45 ارب کی کمی کو ڈومیسٹک ٹیکسوں سے خاص طور پر براہ راست ٹیکسوں سے پورا کیا ہے۔

دومسلح افراد5 پولیس والوں سے خطرناک ملزم چھڑا لے گئے



لاہور(این این آئی)اداکار عمر شریف کی بیٹی کا غیرقانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کرنے والا ڈاکٹرپولیس کی حراست سے فرار ہو گیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کرنے والے سرغنہ ڈاکٹر فواد ممتاز کو دو مسلح افراد نے پانچ اہلکاروں کواسلحہ دکھاکرفرارکرادیا ۔ ملزم نے مرحوم اداکارعمرشریف کی بیٹی سمیت متعدد افراد کے گردوں کا غیرقانونی ٹرانسپلانٹ کرچکا ہے۔

نگران وزیرصحت نے مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی سفارش کی ہے ۔19مقدمات میں نامزد ڈاکٹرفواد ممتازڈرامائی انداز میں پولیس کی حراست سے فرار ہوا۔

پولیس سرجن فواد ممتاز کوچند روز قبل اٹک جیل سے تفتیش کیلئے لاہورلائی تھی ۔ وقوعہ کی نشاندہی کے لیے لے جاتے ہوئے دومسلح افرادنے اسے اسلحہ کے زور پرفرارکرادیا،واقعہ کا مقدمہ سب انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ گارڈن ٹاون میں درج کرلیا گیا ہے ۔ ملزم ڈاکٹر فواد ممتاز نے تین سال قبل مرحوم اداکارعمر شریف کی بیٹی کے گردوں کا ٹرانسپلانٹ بھی کیا تھا جوچند دن بعد ہی انتقال کرگئی تھیں۔