متحدہ عرب امارات نے غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں شروع کردیں



متحدہ عرب امارات نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے کوششیں شروع کردیں،سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دے دی ۔

متحدہ عرب امارات نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لئے  اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی اموراور ہنگامی امداد کے کوآرڈی نیٹر اور اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کی بریفنگ سنی جائے۔

امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق متحدہ عرب امارات کی درخواست پرسلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج کسی وقت منعقد ہو سکتا ہے جس میں امارات فوری جنگ بندی کی قرارداد بھی لاسکتا ہے۔

دوسری طرف اماراتی وزارت خارجہ نے اسرائیل کی برّی فوج کی درجنوں ٹینکوں کے ہمراہ غزہ کی جانب پیش قدمی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے غزہ میں انسانی بحران میں اضافہ ہوگا۔

چین نے 12 مہینے میں حیرت انگیز  سائنس فکشن میوزیم بنا لیا



چین کے تعمیراتی منصوبےدنیا کو دنگ کر دیتے ہیں۔حال ہی میں چین نے چینگدو سائنس فکشن میوزیم  محض 12 مہینے میں تعمیر کر کے حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا ہے،یہ ایک ایسا میوزیم ہے جو ایک جھیل میں تیرتا ہوا نظر آتا ہے۔

صوبہ سیچوان کے صدر مقام میں تعمیر ہونے والا یہ میوزیم ہر زاویے سے مختلف نظر آتا ہے۔

اسے ڈیزائن کرنے والی کمپنی کے مطابق ہر پہلو سے یہ ہمیشہ لوگوں کو غیر معمولی محسوس ہوتا ہے۔سڈنی اوپیرا ہاؤس سے 3 گنا بڑا یہ میوزیم جتنی کم مدت میں تعمیر کیا گیا، وہ حیران کن ہے۔2022 میں 81 ویں عالمی سائنس فکشن کنونشن کے لیے اس میوزیم کو تعمیر کرنے کی منطوری دی گئی تھی۔

59 ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلی اس طرح کی عمارت کی تعمیر عموماً 4 سے 5 سال میں مکمل ہوتی ہے۔مگر ڈیزائن سے  لے کر عمارت کی تعمیر کو محض 12 ماہ کے اندر مکمل کرلیا گیا۔

ایک گلاس زیرہ کا پانی پئیں ،حیرت انگیز فوائد پائیں



زیرہ ہمیشہ ہی کچن میں دستیاب ایک اہم جزو ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہمارے پکوانوں کو عمدہ ذائقہ بخشنے کے علاوہ بھی اس کے بہت سے فوائد ہیں؟

زیرے کے بیجوں میں پائے جانے والے غذائی اجزاء کی وجہ سے زیرے کا پانی دنیا بھر میں دوا کے طور پر ہزاروں سال سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

روزانہ صرف ایک گلاس زیرے کا پانی پینا آپ کی صحت پر حیرت انگیز اثرات مرتب کرسکتا ہے اور آپ کو ان گِنت فوائد فراہم کر سکتا ہے۔

مردو خواتین دونوں اس کا استعمال کرتے ہوئے ان فوائد سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

زیرہ پوٹاشیم اور آئرن کا ایک بہت اچھا ذریعہ ہے جو آپ کی قوتِ مدافعت بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھی مالا مال ہے اور اس میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات بھی ہیں جو انفیکشن پیدا کرنے والے بیکٹیریا سے لڑنے میں مدد کرتی ہیں۔

سوزش سے بچاؤ

زیرے کے پانی میں ایک طاقتور کیمیکل کمپاؤنڈ ہوتا ہے جسے تھائیموکوئنن کہا جاتا ہے، یہ جگر کو سوزش سے بچاتا ہے اور جگر کی صحت کو برقرار رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

چہرے کی جلد کو نکھارتا ہے

زیرے کا پانی کیلشیم، پوٹاشیم، مینگنیز اور سیلینیم جیسے معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے جو جلد کو نکھارنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس میں وافر مقدار میں وٹامن ای بھی پایا جاتا ہے جس میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات ہوتی ہیں جو قبل از وقت بڑھاپے کو روکتی ہیں۔

بالوں کو صحت مند رکھتا ہے

زیرے میں پروٹین اور کاربوہائیڈریٹس ہوتے ہیں جو بالوں کی نشوونما اور انہیں جڑوں سے دوبارہ اگنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس سے بالوں کے گرنے میں کمی بھی ہوتی ہے۔ اسے اپنے بالوں پر لگانے سے بالوں میں خوبصورتی آتی ہے۔

صحت مند دل کیلئے مفید ہے

زیرے میں ایک قدرتی اینٹی آکسائیڈنٹ ہے جونہ صرف دل کی حفاظت میں بلکہ دل کے متعدد مسائل کا علاج کرنے میں بھی بہت مددگار ہے۔ زیرے کا پانی پینے سے دل کے پٹھوں کو مضبوط بنانے، کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے اور لپڈ جمع ہونے سے روکنے میں مدد ملتی ہے۔ ایسا کرنے سے ہارٹ بلاکس، ہارٹ اٹیک اور بلڈ کلاٹس کا خطرہ کافی حد تک کم ہوجاتا ہے۔

ذیابیطس اور بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول کرتا ہے

زیرے کا پانی پینے سے جسم میں انسولین کی پیداوار میں تیزی آتی ہے۔ یہ ذیابیطس والے افراد کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے کیونکہ یہ بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔ ہر کھانے کے 30 منٹ بعد زیرے کا پانی پینا بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھنے میں انتہائی موثر ثابت ہوتا ہے۔

کان میں آتشزدگی سے 45 افراد کی ہلاکت ، قازقستان نے بھارتی کمپنی سے معاہدہ ختم کر دیا



قازقستان میں آرسیلر متل کان میں آتشزدگی سے 45 افراد کی ہلاکتوں کے بعد ملک بھرمیں سوگ کی فضا قائم ہے۔

بھارتی تاجر لکشمی متل کی سربراہی میں آرسیلر متل قازقستان میں تقریباً 15 فیکٹریاں اور کانیں چلاتی ہے،  حادثے کے بعد قازقستان کے صدر نے لکسمبرگ میں قائم کمپنی کے ساتھ معاہدے کو ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کمپنی کو قومی تحویل میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔

قازقستان میں آتشزدگی کا یہ ہولناک واقعہ وسطی ایشیائی ملک کی تاریخ کا بدترین حادثہ قرار دیا جا رہا ہے،بتایا جاتا ہے کہ حادثہ ہفتے کو کارا گنڈا کے علاقے میں واقع کوسٹینکو کول مائن میں پیش آیا، یہ حادثہ آرسیلر متل کی کانوں میں ہونے والے مہلک واقعات کے ایک سلسلے کے بعد پیش آیا ہے۔

بنگلادیش کے خلاف میچ میں قومی کرکٹ ٹیم میں  تین تبدیلیوں کاامکان



آئی سی سی ورلڈکپ میں بنگلادیش سے ہونے والے میچ میں  قومی کرکٹ ٹیم میں  تین تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی بنگلا دیش کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہے، شاداب خان کی شرکت پر فیصلہ صبح مزید معائنے کے بعد ہوگا۔

شاداب خان کی جگہ اسامہ میرکو سکوارڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ امام الحق کی جگہ فخر زمان اور محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا  کو تیم میں شامل کیا جا سکتا ہے

14 سالہ بچےکا کارنامہ: کینسر کے علاج کیلئے صابن تیارکرلیا



امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک 14 سالہ بچے نے ایسا صابن تیار کیا ہے جو جِلد کے کینسر کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

 14 سالہ لڑکے ہیمن بیکلے نے یہ صابن تیار کرکے امریکا کے ٹاپ نوجوان سائنسدان کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

جِلد کا کینسر دنیا بھر میں بہت عام ہے اور صرف امریکا میں ہر سال ایک لاکھ افراد میں اس کی تشخیص ہوتی ہے  جبکہ 8 ہزار مریض ہلاک ہو جاتے ہیں۔

ریاست ورجینیا کے علاقے Annandale سے تعلق رکھنے والے 9 ویں جماعت کے طالبعلم نے 3 ایم ینگ Scientist چیلنج میں اپنے صابن کو جمع کراتے ہوئے ایک ویڈیو میں کہا کہ ایک صابن سے کینسر کا علاج ممکن ہو سکتا ہے۔

اس نے مزید کہا کہ ‘میں ہمیشہ سے بائیولوجی اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھتا ہوں اور اس مقابلے سے مجھے اپنے خیالات کے اظہار کا بہترین موقع ملا ہے’۔

یہ صابن ایسے اجزا سے تیار کیا گیا ہے جو انسانی جِلد میں ایسے خلیات کو متحرک کر تے ہیں جو کینسر سے متاثر خلیات کا مقابلہ کرتے ہیں۔

ہیمن بیکلے 4 سال کی عمر میں افریقی ملک ایتھوپیا میں مقیم تھے، جہاں لوگ سورج کی تیز روشنی میں کام کرتے ہیں اور وہاں جِلد کا کینسر کافی عام ہے۔

ایوارڈجیتنے کے بعد ہیمن بیکلے نے کہا کہ اسے توقع ہے کہ یہ صابن امید کی علامت بن جائے گا اور ہر فرد کے لیے جِلد کے کینسر کا علاج ممکن ہو جائے گا۔

پی ایم ایس امتحان کے نتائج کا اعلان، 226 امیدوار کامیاب قرار



پشاور: خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن نے پراونشل مینجمنٹ آفیسر  کی 95 آسامیوں کے لئے  ہونے والے مقابلے کے امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا ۔

خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کوپی ایم ایس امتحان کے لئے 32793 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں 6687 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا۔

تحریری امتحان میں 226 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں اورکامیابی کی شرح 3.3 فیصد رہی۔ کامیاب امیدواروں کو اب نفسیاتی ٹیسٹ کے لئے بلایا جائے گا جس کے بعد ان سے زبانی امتحان بھی لیا جائے گا۔

 

بلوچستان نیشنل پارٹی کا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا



 بلوچستان نیشنل پارٹی  نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا۔

بی این پی کے سربراہ اختر مینگل اور دیگر رہنماؤں نے بھی دھرنے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے جبری گمشدگیوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ اصل احتجاج پریس کلب کے سامنے تھا تاہم حکومت کو اچھا نہیں لگا اور ہمارے ساؤنڈ سسٹم اکھاڑ لیے گئے۔

 اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ آج کی بات نہیں، سوچی سمجھی سازش کے تحت ہوتا آ رہا ہے۔ لاپتہ افراد کو سالوں غائب رکھنا اور پھر کہیں لاش ملنا افسوسناک ہے۔

جماعت اسلامی کے سینیٹرمشتاق احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے اختر مینگل سے اظہار یکجہتی کرنے آیا ہوں۔  ہم نے سینٹ میں لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھایا۔ جبری گمشدہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔

الزامات کی انکوائری شروع ہوتے ہی چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دے دیا



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم  کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے خلاف الزامات کی انکوائری شروع ہونے پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ اختلافات کی خبریں کافی دنوں سے میڈیا میں گردش کررہی تھیں،اس دوران پلیئرایجنٹس کمپنی کے حوالے سے انضمام الحق خبروں میں رہے۔ ورلڈ کپ کے لئےٹیم سلیکشن کے دوران بھی  اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں  ۔

میگا ایونٹ میں قومی ٹیم  کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ٹیم اور مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا مطالبہ سامنے آرہا تھا ایسے میں انضمام الحق نے خود ہی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی چھوڑنے کافیصلہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا، مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہوجاؤں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انکوائری کرے میں دستیاب ہوں، بغیر تحقیق کے باتیں کر رہے ہیں جس نے بھی کہا ثبوت دیں۔

انضمام الحق کا کہنا تھاکہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، اس طرح کے الزمات سے دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پرالزامات لگنے پرمیں نے بورڈ سے بات کی تھی، بورڈ کوکہا کہ آپ کوکوئی شک ہے توانکوائری کرلیں، مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی ہے،  اس پر بورڈ کوکہا جب تک کمیٹی تحقیقات کرلےعہدہ چھوڑ دیتا ہوں۔

دوسری طرف پی سی بی نے سابق چیف سلیکٹرانضمام الحق کے خلاف الزامات سے متعلق تحقیقات کے لیے 5  رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔

پی سی بی اعلامیہ  کے مطابق 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب  کے عمل سے متعلق میڈیا میں رپورٹ ہونے والے مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کرےگی۔

پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ  اور سفارشات پی سی بی کی انتظامیہ کو جلد پیش کرےگی۔

پی سی بی کے مطابق کمیٹی کو ان الزامات کی تحقیق کرنے کے لیے مکمل اختیار دیا گیا ہے۔

پانچ رکنی انکوائری کمیٹی میں کرنل ریٹائرڈ خالد، کرنل ریٹائرڈ اختر، ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید شامل ہیں۔ لیگل اور آڈٹ ٹیم کا ایک، ایک نمائندہ بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔۔

شک کا ناگ سعودی عرب میں ہر 10 منٹ کے اندر ایک  جوڑے کو ڈسنے لگا



اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں ہر 10 منٹ سے پہلے پہلے ایک طلاق ہوجاتی ہے اس بات کا انکشاف سعودی اخبار ’عکاظ‘  نے ایک  رپورٹ میں کیا ہے۔ اخبار نے مملکت کے محکمہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمارکے حوالے سےبتایا ہے کہ ملک میں یومیہ 168 طلاقیں ہورہی ہیں۔ 2022 کے آخری چند مہینوں میں 57 ہزار سے زیادہ طلاقیں ہوئیں۔

اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ 2022 میں سال 2019 کے مقابلے طلاقوں کی شرح 19 فیصد بڑھ گئی اور اب یومیہ 168 طلاقیں ہونے لگی ہیں۔

ماہرین کے مطابق سعودی عرب کے معاشی حالات بھی طلاقوں کا سبب بن رہے ہیں، لاتعداد کیسز میں دیکھا جا رہا ہے کہ غربت اور مالی مشکلات کی وجہ سے ضروریات پوری نہ کرپانے سے بھی شادیاں ختم ہو رہی ہیں۔

ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ طلاقوں کا ایک اور بڑا سبب میاں اور بیوی کی جانب سے ایک دوسرے پر شک کرنا بھی ہے، دونوں فریقین ایک دوسرے پر اعتبار نہیں کرتے اور ایک دوسرے کی کڑی نگرانی کرتے ہیں جو بلآخر ذہنی تنگی کا سبب بن کر طلاق کا باعث بنتی ہیں۔

وسیم اکرم لائیو شو کے دوران سابق اہلیہ کے ذکرپر آبدیدہ ہو گئے



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سابق کپتان وسیم اکرم اپنی مرحومہ اہلیہ ہما کی بیماری اور ان کے انتقال پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

حال ہی میں وسیم اکرم ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے وسیم اکرم سے ان کی مرحومہ اہلیہ سے ہونے والی آخری گفتگو کا سوال کیا؟

وسیم اکرم نے بتایا کہ مجھے کمنٹری کے دوران ہما کی کال آئی کہ  دونوں بیٹوں  اور میرا گلا خراب ہے، اس کے بعد بچے ٹھیک ہوگئے لیکن ہما ٹھیک نہیں ہوئی، انہیں اسپتال میں ایڈمٹ کرلیا گیا۔

ڈاکٹرزہما کی بیماری کی تشخیص نہیں کرپائے تھے،انہیں کئی کئی اینٹی بائیوٹک انجیکشن لگائے گئےجس کے بعد ان کے گردے فیل ہوگئے۔

ہما کو  علاج کیلئے سنگاپور لے جانا پڑا، میں نے ائیر ایمبولنس منگوائی جس میں ہمانے پوچھا میرے شوہر کہاں ہیں ؟ میں نے  ہاتھ پکڑ کر کہا میں یہیں ہوں اس کے بعد وہ بیہوش  ہوگئی۔

میں نے ایمبولینس میں ہی رونا شروع کردیا اس کے بعد  ہماری ائیر ایمبولنس کو فیولنگ کیلئے چنئی لینڈ کرنا پڑا جہاں مجھے روتا دیکھ سب جمع ہوگئے اور وہاں انتظامیہ نے بغیر ویزوں کے ہما سمیت ہم سب کو اسپتال بھجوادیا  جہاں وہ 3 سے 4 دن آئی سی یو میں رہی اور پھر   انتقال کرگئی۔

دوران انٹرویو وسیم بیٹوں کو اہلیہ کے انتقال کی خبر دینے سے متعلق رو پڑے اور کہا  میرے لیے دونوں بیٹوں  کو والدہ کے انتقال کی خبر دینا بے حد مشکل تھا  مجھے ہما کے لفظ یاد تھے وہ کہتی تھی وسیم زندگی چلتی رہتی تھی اور پھر میں نے اپنے بچوں کیلئے اور کچھ دوستوں کی مدد سے ایک بار پھر آگے کا سفر شروع کیا۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم اور ہما ​​مفتی کی شادی 1995 میں لاہور میں ہوئی تھی، 1996 میں دونوں کے یہاں بیٹا تیمور اور  2000 میں ان کے یہاں دوسرے بیٹا اکبر کی پیدائش ہوئی جب کہ 2009 میں ہما اچانک بیمار  ہونے کے بعد انتقال کرگئی تھیں۔

خیر پور میں باراتیوں کی کشتی ڈوب گئی ، 5 افراد کو بچا لیا گیا ، 6 لاپتہ



 سندھ خیر پور کے علاقے نارا کینال میں باراتیوں کی کشتی ڈوب گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق کشتی میں  11 افراد سوار تھے، جن میں سے 5 افراد کو مقامی افراد کی مدد سے بچا لیا گیا ، جبکہ باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ باراتی رشتے داروں کی شادی کی تقریب میں جا رہے تھے، کہ دریا کے ساحل کے قریب کشتی اچانک ڈوب گئی۔ 5 افراد کو بچا لیا گیا ہے، لاپتہ افراد میں راجا، بخش علی، دادو معروف، سالک علی اور دیگر شامل ہیں۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کشتی الٹنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے  کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، اور متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے۔