غزہ کی حمایت میں محمد رضوان کی پوسٹ، اسرائیل نے بیان جاری کر دیا



پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے غزہ کی حمایت میں کیے گئے ٹوئٹ پر اسرائیل بھڑک اٹھا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست پر اسرائیل کی جانب سے بھی ایکس پر ایک پوسٹ کی گئی جس میں بھارت کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔

اسرائیلی اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ میں بھارتی شائقین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے جنہوں نے اسرائیل کی حمایت کی، اس میں ایک بھارتی مداح کی تصویر بھی پوسٹ کی گئی ہے جو اسرائیل کا جھنڈا اٹھائے اسٹیڈیم میں آیا۔

پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر بھارتی دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ٹوئٹ میں محمد رضوان پر طنز کرتے ہوئے لکھا گیا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف فتح حاصل کر لی جس پر پاکستان اپنی جیت حماس کے نام کرنے قابل نہ ہو سکا۔

واضح رہے کہ محمد رضوان نے اس سے قبل سری لنکا سے میچ جیتنے پر فتح کو غزہ کے نام کیا تھا۔

غزہ کی صورتحال پر تشویش، فوری جنگ بندی کی جائے: نگران وزیراعظم



نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اور جانی نقصان پر گہری تشویش ہے، ہم فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری ٹوئٹ کے مطابق نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ میں شہریوں کو جان بوجھ کر بلا امتیاز اور غیر متناسب نشانہ بنانا تہذیب کے تمام اصولوں کے خلاف اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد کے خاتمے کو فلسطینی سرزمین پر برسوں کے جبری اور غیر قانونی قبضے اور اس کے عوام کے خلاف جابرانہ پالیسیوں کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو محصور غزہ تک فوری طور پر درکار امدادی سامان کی نقل و حمل کے لیے محفوظ اور غیر محدود انسانی راہداری کھولنے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 18 اکتوبر کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گےاور غزہ کے لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیں گے۔

حکومت نے پٹرول اورڈیزل پر ایک بار پھر ٹیکس و مارجن بڑھا دیئے



لاہور( این این آئی)حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں نمایاں کمی تو کی ہے تاہم دوسری طرف ٹیکس اور مارجن بڑھا کر عوام کو ڈیزل پر ریلیف کم دیا ہے۔عوام کو ہائی اسپیڈڈیزل پر 6 روپے فی لیٹر کا کم ریلیف دیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی کی شرح 50 سے بڑھا کر 55 روپے مقرر کی گئی۔

دستاویز کے مطابق پٹرول پر لیوی کی شرح 60 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے پٹرول پر تیل کمپنیوں کے مارجن میں 47 پیسے کا اضافہ کردیا گیا،پٹرول پر فی لیٹر او ایم سی مارجن اب 7.41 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پٹرول پر ڈیلر مارجن بھی 41 پیسے اضافے کے بعد 8 روپے 23 پیسے مقررکیا گیا ہے۔

برائلر گوشت کی قیمت مستحکم، فارمی انڈے مزید مہنگے



لاہور( این این آئی) شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 486روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت324روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 3روپے اضافے سے214روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔

گلوکار اریجیت سنگھ کی اداکارہ انوشکا شرما کی تصویر لینے کی ویڈیو وائرل



احمد آباد (این این آئی) احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں پاک بھارت ٹاکرے کا میدان سجا جس دوران اسٹیڈیم سے مختلف ویڈیو وائرل ہو رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر بالی وڈ کے گلوکار اریجیت سنگھ کی بھی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو گزشتہ روز میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں بھی شریک تھے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیڈیم میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہیں اور ایسے میں گلوکار اریجیت سنگھ اداکارہ انوشکا شرما کی تصویر لے رہے ہیں۔

تصویر کیلئے انوشکا شرما بھی مسکراتی نظر آرہی ہیں اور انہیں فتح کا نشان بناتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ بالی وڈ کی دونوں شخصیات کی یہ ویڈیو ان کے کسی جاننے والے کی جانب سے بنائی گئی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز پاکستان اور انڈیا کے درمیان ونڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا میچ کھیلا گیا جس میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان کے شائقین کرکٹ کی جانب سے میچ ہارنے پر دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

2004 میں مالی معاملات میں بد انتظامی پر والد کیخلاف کیس دائر کیا تھا،امیشا پٹیل



ممبئی(این این آئی) امیشا پٹیل بالی وڈ کی نامور اداکارہ ہیں اور انہیں انڈسٹری کی متعدد بلاک بسٹر فلموں کہو ناں پیار ہے، آپ مجھے اچھے لگنے لگے، منگل پانڈے، غدر اور بھول بھلیاں میں کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ اداکارہ کی سنی دیول کے ساتھ نئی فلم ‘غدر2’ نے بھی انڈسٹری میں تہلکہ مچایا اور اس نے بالی وڈ کے متعدد ریکارڈ توڑ دیئے۔

اب امیشا پٹیل کے متعلق ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ 2004 میں مالی معاملات میں بد انتظامی پر انہوں نے اپنے والد کے خلاف کیس دائر کیا تھا۔اداکارہ نے اپنے عدالتی کیس میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے والد نے ان کے اکاؤنٹس کے ساتھ بدانتظامی کی ہے جس پر انہیں بارہ کروڑ کا نقصان ہوا ہے اور وہ انہیں واپس دلایا جائے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں امیشا پٹیل کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد کے خلاف کیس کرنے پر کوئی شرمندگی نہیں ہے کیوں کہ اداکارہ کی دولت پر ان کے والدین کا کوئی حق نہیں ہے۔امیشا پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ ان کی نانی اس وقت ان کو سپورٹ کررہی تھی اور ان کے والدین نے نانی کو بھی بیوقوف بنانے کی کوشش کی تھی۔

واضح رہے کہ بعد میں حالات نارمل ہونے کے بعد اداکارہ اور ان کے والدین کے درمیان معاملات طے پاگئے اور ان کا جھگڑا ختم ہوگیا تھا۔

شاہ رخ خان اور پرابھاس کی فلمیں ایک ساتھ ریلیز کیلئے تیار



بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ میں کنگ خان کے نام سے جانے جانے والے شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ اور بھارتی اداکار پرابھاس کی فلم ’سالار‘ ایک ساتھ ریلیز ہونے جا رہی ہیں اور اس سے قبل بھارتی میڈیا پر دونوں فلموں کے خوب چرچے ہیں۔

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ڈنکی کی ریلیز کے لیے 22 دسمبر کی تاریخی دی گئی تھی جس کے بعد پرابھاس کی فلم کی ریلیز کے لیے بھی یہی تاریخ رکھی گئی ہے۔

دونوں فلمیں 22 دسمبر کو بھارتی سینما گھروں کی زینت بنیں گی اور مداح اس سے قبل بہت پر جوش ہیں۔

بھارتی اداکار پرابھاس نے اپنی فلم کی ریلیز سے قبل اپنا انسٹا گرام اکائونٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے جس کے بعد ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔

پرابھاس کے انسٹا گرام اکائونٹ ڈیلیٹ کرنے پر کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ شاید اداکار کا اکائونٹ ہیک ہو گیا ہے جبکہ کچھ دیگر یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اداکار نے شاہ رخ خان کی فلم ڈنکی سے ٹکراؤ کے خوف کی وجہ سے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ خود ختم کیا ہے۔

فلسطین کی حمایت کرنے پر معروف گلوکار عاطف اسلم کو تنقید کا سامنا



اسرائیل اور فلسطین کے تنازع میں جہاں مغربی دنیا اسرائیل کی حمایت میں کھل کر سامنے آئی ہے وہیں بھارت بھی مسلم دشمنی کے باعث اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جہاں براہِ راست کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے وہیں سوشل میڈیا پر الگ سے ایک جنگ ہو رہی ہے۔

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے جس پر بھارتی صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عاطف اسلم نے انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ اسرائیل کی بمباری میں ہزاروں معصوم فلسطینیوں کی جانیں چلی گئی ہیں جس کا مجھے شدید دکھ ہے۔

گلوکار نے اللہ پاک سے رحم کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں آئیں ساتھ کھڑے ہو جائیں۔

عاطف اسلم کی اس پوسٹ پر جہاں مسلم کمیونٹی نے ان کے موقف کو خوب سراہا وہیں بھارتیوں کو اس پر آگ لگ گئی ہے۔

عاطف اسلم کے ایک چاہنے والے بھارتی صارف نے انسٹا گرام پر لکھا کہ وقت آ گیا ہے کہ ایک پسندیدہ گلوکار کو انسٹا گرام سے اَن فالو کر دیا جائے۔

ایک اور بھارت صارف لکھتے ہیں کہ آپ کو پاکستان کو واپس بھیجنے کا فیصلہ بالکل درست تھا۔ اب آپ میرے پسندیدہ گلوکاروں میں شامل نہیں رہے۔

راہول نامی صارف نے ہمیشہ اسرائیل کے ساتھ کھڑے رہنے کی پوسٹ کر دی اور عاطف اسلم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

غزہ میں صورتحال سنگین: شہدا کی میتیں رکھنے کیلئے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی



اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی ہے، اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2600 سے زیادہ ہو گئی ہے، ہزاروں فلسطینی زخمی ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو گئے ہیں۔

اسرائیل نے نقل مکانے کرنے والوں کو بھی نہیں بخشا اور اس دوران 250 نہتے فلسطینیوں کو قتل کرنے کے مناظر سامنے آئے ہیں، ان مناظر نے دنیا کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں پر بھی بمباری کی جارہی ہے، عرب نیشنل ہسپتال پر صیہونی فضائیہ کے حملے میں کئی ڈاکٹرز شہید ہو گئے۔

اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اتوار کو کیے گئے حملوں میں حماس کے کمانڈر معیتازعید کو شہید کر دیا گیا ہے۔

غزہ میں لگاتار بمباری کے باعث شہید فلسطینیوں کی میتیں رکھنے کے لیے ہسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی ہے، جس کے باعث میتیں آئس کریم کے ٹرکوں اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھی جا رہی ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی تعداد 155 ہے، جبکہ اس سے قبل یرغمالی اسرائیلیوں کی تعداد 126 بتائی گئی تھی۔

امریکی صدر نے اسرائیل کو غزہ پر دوبارہ قبضے سے باز رہنے کا مشورہ دے دیا



امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ قبضہ کیا جاتا ہے تو یہ اس کی بہت بڑی غلطی ہو گی۔

اپنے ایک انٹرویو میں امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ حماس کا وجود مٹانا ضروری ہے، میں غور کر رہا ہوں کہ جلد اسرائیل کا دورہ کروں۔

دوسری جانب صدر جوبائیڈن نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی ٹیلفونک رابطہ کیا ہے۔ بائیڈن نے کہا کہ حماس کی جانب سے جو کچھ کیا جا رہا ہے یہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی ترجمانی نہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی امریکی صدر جوبائیڈن کے موقف کی تائید کی۔

اِدھر امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ایک بڑے تنازع میں بدل سکتی ہے۔

نوازشریف اور عمران خان کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے: اسد عمر



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان دونوں کو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات جلد سے جلد ہونے چاہئیں۔

اسد عمر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہیے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں اس لیے ضروری تھا کہ پاکستان میں بھی قیمتیں کم ہوں۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، اس حوالے سے درخواست عدالت میں موجود ہے۔ ہمارا موقف ہے کہ تمام پارٹیوں کو جلسے کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

اسد عمر نے فلسطین کے عوام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر نگران حکومت کا یہ خیال ہے کہ فلسطین کے معاملے پر خاموشی کی صورت میں انہیں باہر سے کوئی آشیر باد مل جائے گی تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ ہر مظلوم کے حق میں آواز اٹھائے۔

گوجرانوالہ: میڈیکل کالج میں زیرتعلیم 2 فلسطینی طلبا حملے میں زخمی



گوجرانوالہ کے میڈیکل کالج میں زیرتعلیم فلسطین کے 2 طلبہ پر حملہ کیا گیا ہے جس سے وہ زخمی ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی طلبا پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی گئی۔

پولیس نے بتایا ہے کہ فلسطینی طلبا کی ساتھی طالبات کے ساتھ کچھ اوباش لڑکے چھیڑ چھاڑ کر رہے تھے، منع کرنے پر فلسطینی طلبا پر دھاوا بول دیا۔

پولیس کے مطابق وقوعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں 6 ملزمان نامزد ہیں اور اب تک 4 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔