غزہ میں پانی کی سپلائی روکنے سے صورت سنگین، اقوام متحدہ کو بھی تشویش لاحق



اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے محاصرے کے بعد پانی زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا ہے۔

فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر حملے کے بعد پانی کی سپلائی بھی روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے فلسطینیوں کے لیے پانی ایک بڑا مسئلہ بن کر رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اس وقت 2 ملین لوگوں کو پانی دستیاب نہیں ہے جس کے باعث ان کے لیے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

جنرل فلپ لازارینی نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں ایک ہفتے سے انسانی امداد کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ فلسطینی موجودہ صورت حال میں گندا پانی استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے بیماریاں پھوٹ رہی ہیں۔

ویرات کوہلی سے ٹی شرٹس تحفے میں لینے پر بابراعظم کو تنقید کا سامنا



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اپنی شرٹس تحفے میں دی ہیں جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

بابراعظم کی ویرات کوہلی سے شرٹس لینے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو ویرات کوہلی کی جانب سے یہ جرسیاں میچ کے بعد تحفے میں دی گئی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی بابر اعظم کی جانب سے جرسیاں لینے کو نامناسب عمل قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم کی جانب سے ویرات کوہلی سے جرسیاں لینے کی تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہو گیا۔

سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آج یہ دن نہیں تھا کہ آپ مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے جرسیاں تحفے میں لیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چاچے کے پتر نے کوہلی کی ٹی شرٹ لانے کا کہہ ہی دیا ہے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں بھی یہ کیا جا سکتا تھا۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے بابر اعظم پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 2300 تک جا پہنچی



اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے درمیان جاری تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اور اب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضا، سمندر اور زمینی راستے سے حملے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ پر تینوں راستوں سے حملے کی تیاری کا کہا ہے مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ ایسا کس وقت کیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے فوجیوں کو الرٹ رہنے کا کہتے ہوئے کہا ہے کہ اب جنگ کا اگلا مرحلہ آ رہا ہے جس میں غزہ پر زمینی حملہ کیا جا سکتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے شمالی غزہ میں رہنے والے 1.1 ملین فلسطینیوں کو الٹی میٹم دے رکھا ہے کہ وہ علاقے چھوڑ دیں مگر فلسطینی عوام نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے نقل مکانے کرنے والوں پر بھی بمباری کی جار رہی ہے اور اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2300 تک جا پہنچی ہے۔

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے اسرائیل کے اس الٹی میٹم کی مذمت کی ہے جس میں فلسطینیوں کو علاقہ چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔

ڈبلیوایچ او کے مطابق ہسپتالوں میں موجود مریضوں کو نقل مکانے پر مجبور کرنا موت کی سزا کے مترادف ہو گا۔

خیبرپختونخوا: مطلوب دہشتگردوں کی تیسری فہرست جاری، سروں کی قیمتیں مقرر



محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا (سی ٹی ڈی) کی جانب سے مطلوب دہشتگردوں کی تیسری فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جاری کی گئی فہرست میں 128 دہشتگردوں کے نام اور تصویریں شامل ہیں۔

جاری کی گئی فہرست میں شامل دہشتگردوں کا تعلق بنوں، لکی مروت، مردان اور دیگر اضلاع سے ہے جن کے سروں کی قیمتیں 3 لاکھ روپے سے 70 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشتگردوں کے سروں کی لگائی گئی مجموعی قیمت 10 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ سب سے زیادہ قیمت دہشت گرد ظاہر قادر کے سر کی 70 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ دہشت گرد حبیب الحق کے سر قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

جاری کی گئی فہرست کے مطابق دہشتگرد عجب شاہ کے سر کی قیمت 55 لاکھ روپے، حبیب اللہ، شاکراللہ، سیدالاکبر اور نور قیوم کے سروں کی قیمت 50، 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ دہشت گرد کامران، عمر اور اسماعیل کے سروں کی قیمتیں بھی 50 ،50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہیں۔

فہرست میں شامل دہشت گرد کفایت اللہ کے سر کی قیمت 55 لاکھ اور نذیر شاہ کے سر کی قیمت 53 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ جبکہ دہشتگرد کمانڈر مولوی نعمت اللّٰہ اور کامران کے سروں کی قیمت 40، 40 لاکھ روپے مقرر ہیں۔

عدنان صدیقی گرین شرٹس کی حمایت میں سامنے آ گئے



معروف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھارت سے شکست کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں عدنان صدیقی نے کہا کہ ہماری ٹیم بھارتی شائقین کے سامنے مخالف ماحول میں کھیلی جس کا کریڈٹ اسے دینا چاہیے۔

عدنان صدیقی نے کہا کہ قومی ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں شکست پر میرا دل بھی افسردہ ہے لیکن ہمیں چاہیے کہ اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

اداکار نے کہا کہ جیسا بھی ہے مگر ہم اپنی کرکٹ ٹیم سے محبت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم تمام شعبوں میں ناکام ہو گئی تھی اور بھارت نے میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

افغانستان کے صوبہ ہرات میں زلزلے کے جھٹکے



افغانستان کے صوبہ ہرات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.3 تھی جبکہ کچھ دیر بعد ہی ایک اور زلزلہ بھی آیا اور لوگ گھروں سے باہر نکلے آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات سے جنوب مشرق میں 32.8 کلو میٹر دور تھا۔

افغان میڈیا کے مطابق ابھی تک زلزلے کے باعث کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے دوران افغانستان کے صوبہ ہرات میں تیسری بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

بھارت سے شکست پر قومی ٹیم کو تھوڑا نہیں زیادہ سوچنے کا مشورہ



کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد جہاں شائقین کرکٹ مایوس ہیں وہیں کرکٹرز ایکسپرٹس کی جانب سے بھی قومی ٹیم پر تنقید کے نشتر برسائے جا رہے ہیں۔

کرکٹ ایکسپرٹس نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستانی ٹیم صرف کمزور ٹیموں کے خلاف ہی پرفارم کر سکتی ہے۔

بابرالیون کو بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندربخت نے کہا کہ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بڑے سمجھے جانے والے بیٹرز ٹیسٹ کرکٹ سمجھ کر کھیلے، اس کے علاوہ شاہین آفریدی کا سوئنگ کہیں نظر نہیں آیا۔

سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ میں نیدرلینڈز اور سری لنکا والی پرفارمنس دکھانی چاہیے تھی مگر ہمارے بیٹرز نے چھکا مارنے کی کوشش ہی نہیں کی اور بولرز ٹی ٹوئنٹی والی بولنگ کر رہے تھے۔

قومی آل رائونڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے پچ کے حساب سے آدھے رنز بنائے، جبکہ محمد عامر نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ تھوڑا نہیں زیادہ سوچنے کی ضرورت ہے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023،ابتدائی 10میچز میں ہی کئی ریکارڈ بن گئے



لاہور ( این این آئی) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 صرف شائقین کرکٹ کے لیے ہی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے لیے بھی زبردست ثابت ہورہا ہے۔

ایونٹ کے ابتدائی 10میچز میں ہی کئی ریکارڈ بن گئے۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان 10واں میچ لکھنو میں کھیلا گیا، اس ورلڈ کپ میں کئی حیرت انگیز اور دلچسپ ریکارڈ بن چکے ہیں۔

ورلڈ کپ 2023میں پاکستان نے شائقین کے ساتھ ماہرین کرکٹ کو بھی حیرت زدہ کردیا، جس نے میگا ایونٹ کی تاریخ کے بڑے ہدف کو کامیابی سے عبور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

سری لنکا نے پاکستان کو 345رنز کا ہدف دیا، جو اس نے 10گیندوں قبل عبور کرلیا، میچ کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ دونوں ٹیموں کے 2، 2کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کیں، یوں ایک میچ میں 4سنچریاں بنیں، یہ بھی ورلڈ کپ میں ایک ریکارڈ ہے۔

جنوبی افریقہ ٹیم جس نے آسٹریلیا کو 10ویں میچ میں شکست سے دوچار کیا، اس نے سری لنکا کے خلاف ایونٹ کے چوتھے میچ میں 428 رنز کا بڑا ہدف سیٹ کیا اور ریکارڈ بنادیا۔ورلڈ کپ کے اسی مقابلے میں جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم نے صرف 49 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور میگا ایونٹ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

اس سے قبل یہ اعزاز آئرلینڈ کے کیون اوبرائن کے پاس تھا، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف 2011 میں بنگلورو میں 50 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔بھارتی کپتان اور اوپنر روہت شرما جو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

انہوں نے افغانستان کے خلاف سنچری اسکور کی، جو ورلڈ کپ میں ان کی ساتویں سنچری تھی، اس سے قبل ورلڈ کپ میں 6 سنچریوں کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا۔

اسرائیل فلسطین تنازع روکنے کے لیے مدد کی جائے: امریکا کی چین سے اپیل



امریکا نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کو بڑی جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے چین سے مدد مانگ لی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر فوری بین الاقوامی کانفرنس بلائی جائے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کے قابو سے باہر نکلنے کا خدشہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ امریکا اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے معاملے کے سیاسی حل پر زور دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے مسئلے کے دوریاستی حل پر زور دیا ہے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن ایک بار پھر انجری کا شکار ،کئی میچز سے باہر، متبادل کھلاڑی طلب



چنئی /آکلینڈ(این این آئی)آئی سی سی ورلڈکپ میں گزشتہ روز اپنا پہلا میچ کھیلنے والے کیوی کپتان کین ولیمسن ایک بار پھر انجری کا شکار ہو کر کئی میچز سے باہر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن آئی پی ایل کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث ان کی گھٹنے کی سرجری بھی ہوئی تھی اور وہ ورلڈکپ سے قبل ری ہیپ پراسس مکمل کر کے ٹیم میں واپس آئے تھے۔

کین ولیمسن نے مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ورلڈکپ کے پہلے دو میچز نہیں کھیلے تھے تاہم انہوں نے گزشتہ روز بنگلا دیش کے خلاف میچ میں ناصرف شرکت کی بلکہ ففٹی بھی اسکور کی۔کیوی کپتان نے 78 رنز اسکور کیے تھے کہ بنگلادیشی بولر کی گیند ان کے الٹے ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی جس کے باعث انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔

میچ کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا انگوٹھا سوجا ہوا ہے اور رنگ بھی بدل گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا گیا کہ کین ولیمسن کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کا ایکسرے کروایا گیا جس میں فریکچر سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پیغام میں بتایا گیا ہے کہ کین ولیمسن اس امید کے ساتھ ورلڈکپ کے دوران ٹیم کے ساتھ ہی رہیں گے کہ اگلے ماہ ہونے والے پول میچ میں شریک ہو جائیں تاہم ان کی جگہ ٹام بلنڈل کو بطور کور کھلاڑی بھارت طلب کر لیا گیا ہے۔

فلم ‘ستارے زمین پر’ میں جینیلیا دیش مکھ عامر کی ہیروئن بنیں گی



ممبئی(این این آئی) سپر سٹار عامر خان کی فلم ستارے زمین میں مدمقابل ہیروئن کا نام سامنے آگیا ہے۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق جینیلیا دیش مکھ فلم میں خاتون کا مرکزی کردار نبھائیں گی اور وہ عامر خان کے ساتھ 16 برس بعد کام کررہی ہیں۔

جینیلیا دیش مکھ نے اس سے قبل فلم جانے تو یا جانے نا میں اداکار کے بھانجے عمران خان کے مدمقابل کام کیا اور فلم کو عامر خان نے پروڈیوس کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق فلم کیلئے جس طرح کے خاتون کردار کی ضرورت تھی، جینیلیا اس کیلئے بالکل موزوں ہیں۔

اسی لئے انہیں فلم میں کاسٹ کیا گیا ہے۔اداکارہ ستارے زمین پر میں عامر خان کی محبت کا کردار نبھائیں گی اور وہ مرکزی کردار کو ابنارمل بچوں کی ٹریننگ کیلئے سپورٹ مہیا کریں گی۔

عامر خان اور جینیلیا نے اپنے کرداروں کو ادا کرنے کیلئے تیاری شروع کردی ہے اور وہ شوٹنگ سے قبل خود کو کردار میں ڈھالنے کی کوشش کریں گے۔

کرینہ کپور نے شاہ رخ اور عامر کے کام کے انداز کا فرق بتا دیا



ممبئی (این این آئی)کرینہ کپور نے شاہ رخ اور عامر کے کام کے انداز کا فرق بتا دیا۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کرینہ کپور نے بتایا کہ عامر خان بہت زیادہ انہماک کے ساتھ کام کرتے ہیں، وہ بالکل اس کردار میں ڈھل جاتے ہیں جسے ادا کر رہے ہوں اور اسے لے کر بہت حساس ہوجاتے ہیں۔

کرینہ کپور نے کہا کہ عامر خان صرف ان ہی لوگوں کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں جن کے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں، بات کر رہے ہوتے ہیں اور یہ ان کی شخصیت ہے، مجھے اس بات پر عامر خان بہت پسند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں خود عامر خان کی بڑی مداح ہوں، میں انہیں کہتی ہوں کام کو خود پر زیادہ سوار نہ کریں لیکن وہ اس قدر حساس ہوجاتے ہیں کہ آپ کچھ نہیں کرسکتے۔کرینہ کپور نے کہا کہ شاہ رخ سینماء کے شاہ ہیں، بادشاہ ہیں، لوگ ان کے متعلق جتنی بھی تعریف کر رہے ہیں وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ رخ کسی اور چیز سے بنے ہیں، وہ کسی ایسے اجزا سے بنے ہیں جس سے کسی دوسرے انسان کو نہیں بنایا گیا، وہ سیٹ پر ہر شخص کے ساتھ کام کرتے ہیں، صرف اپنے کردار میں نہیں ڈوبتے۔

کرینہ کپور نے کہا کہ شاہ رخ خان ایک ہی وقت میں سب کام کر رہے ہوتے ہیں اور مجھے خود نہیں معلوم وہ ایسا کیسے کرتے ہیں، وہ بھارت کے سب سے بڑے سٹار ہیں لیکن جب آپ ان کے ساتھ ہوں گے تو وہ آپ کو یہ احساس نہیں ہونے دیں گے کہ وہ بڑے ہیں۔