کراچی(این این آئی)پاکستان آٹو انڈسٹری نے ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملک میں تیار کردہ گاڑیوں کی برآمد شروع کردی۔
چین کی آٹوکمپنی چانگن موٹرز لمیٹیڈ اور پاکستانی کمپنی ماسٹر موٹرز نے مشترکہ منصوبے کے تحت پاکستان میں تیارکردہ گاڑیوں کی کینیا کوبرآمدشروع کردی ہے ۔
یاد رہے کہ کمپنی حکام ماضی میں پاکستان کے لیے ڈیزائن کی گئی دائیں ہاتھ والی گاڑیاں دوسرے خطوں میں برآمد کرنے کے منصوبے کے بارے میں آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے پہلے ہی کہا گیا تھا کہ ملک میں تیار کی جانے والی چانگن کی پاکستان سے تیار کردہ گاڑیاں جنوبی افریقہ ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر میں تقسیم کاروں کو فروخت کی جائیں گی جن کے پاس زیادہ تر دائیں ہاتھ سے چلنے والی گاڑیاں ہیں۔
Monthly Archives: October 2023
اقوام متحدہ فلسطین میں سیز فائر کے لیے کوششیں کرے: پاکستان کا مطالبہ
پاکستان نے غزہ پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ سیز فائر کے لیے بھرپور کوششیں کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں معصوم بچوں اور خواتین کی شہادتیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہےٓ اور اُن پر زمین تنگ کی جار ہی ہے، اس وقت مشرق وسطیٰ میں قیام امن وقت کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ سیز فائر کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلس میں مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، حریت جماعتوں پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔
پاکستان کے قرضے اور مالی خسارہ مقررہ حد سے بہت زیادہ
کراچی( این این آئی ) حکومت پاکستان کے اخراجات مجموعی آمدن سے کہیں زیادہ ہونے کے سبب موجودہ مالی سال میں بھی خسارہ ہدف کے مقابلے ایک ہزار 137 ارب روپے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے اپنی رپورٹ میں مجموعی مالی خسارہ 8 ہزار ارب روپے سے بھی تجاوز ہونے کی پیش گوئی کر دی جبکہ مجموعی قرضوں کی شرح بھی 60 فیصد کی قانونی حد کے مقابلے اس سال بھی 72 فیصد سے زیادہ رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے مالی خسارے کا ہدف 6 ہزار 905 ارب روپے مقرر کر رکھا ہے تاہم آمدن سے زیادہ اخراجات کے باعث اس سال پاکستان کا مالی خسارہ ہدف سے 1137 ارب زیادہ ہونے کا تخمینہ ہے۔ اخراجات مجموعی آمدن کے مقابلے تقریبا دوگنا تک پہنچنے کا امکان ہے۔
خسارہ جی ڈی پی کے6.5 فیصد کے بجائے7.6 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ قرضوں کی شرح 60 فیصد کی قانونی ہدف کے بجائے 72.2 فیصد رہے گی، اس سال پرائمری سرپلس 0.4 فیصد ہدف کے مطابق 421 ارب رہنے کا امکان ہے۔ مجموعی محاصل 12.5 فیصد، مجموعی اخراجات جی ڈی پی کا 20.1 فیصد رہیں گے۔
ذاتی معالج نے عمران خان کی ذہنی و جسمانی صحت کو تسلی بخش قرار دے دیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عثمان یوسف نے عمران خان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان یوسف نے کہا کہ عمران خان سے مل کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے، مجھے لگا کہ ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔
ڈاکٹرعثمان یوسف کے مطابق گولی لگنے کے بعد عمران خان کی ورزش بہت کم ہو گئی تھی جس کے باعث ان کا وزن بھی بڑھ گیا تھا، اب ان کی ذہنی و جسمانی صحت بہت اچھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں مجھے مکمل اجازت دی گئی کہ عمران خان کا چیک اپ کروں، پی ٹی آئی چیئرمین کو ہاضمے کا تھوڑا مسئلہ ہے جو پہلے بھی ہوتا تھا، اس کے لیے ایک ٹیسٹ اور دوا تجویز کی ہے۔
حملے کی اطلاعات تھیں مگر شدت کا اندازہ نہیں تھا: اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج نے حماس کے حملے سے بے خبر رہنے پر انٹیلی جنس ناکامی کااعتراف کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کو حماس کے حملے کی منصوبہ بندی کی اطلاعات تھیں مگرحملے کی شدت کا اندازہ نہیں تھا۔ فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج اس معاملے کو لے کر تحقیقات کررہی ہے۔
شہباز شریف کے مہمانوں پر مقدمے کامعاملہ سنگین صورت اختیار کرگیا
لاہورمیں سابق وزیراعظم شہبازشریف کے’’ مہمانوں‘‘ پرمقدمہ درج کرنے کا معاملہ سنگین صورت اختیار کرگیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف گزشتہ دنوں اپنے حلقہ این اے 132 کے دورے پر پہنچے تو روہی نالہ کی بحالی کے لئے آواز بلند کرنے والے مظاہرین نے ان کی گاڑی روک کر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔ اس دوران بدنظمی بھی دیکھنے کو ملی ۔شہباز شریف نے مظاہرین سے ملاقات کی اور انہیں اپنے ہاں مدعو بھی کیا۔
شہبازشریف کی دعوت پرایک وفد شہباز شریف کے گھر پہنچا، وفد میں شریک ناصر علی خان اور احمد علی کے مطابق شہباز شریف نے مطالبات غور سے سنے، مہمان نوازی کی چائے بھی پلائی لیکن اب ہم پر ہی مقدمہ درج کردیا گیا ہے جس میں راستہ بند کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ، یہ دوغلی پالیسی ہے۔
واضح رہے کہ فیروز پور پرانا کاہنہ میں تقریباً آٹھ کلومیٹر نالہ ہے جس پربااثرمافیا قابض ہے۔ یہ نالہ 1964 سے موجود ہے۔
یہ 80 فُٹ نالہ ہے جس پر مختلف لوگوں نے قبضہ کر رکھا ہے، مقامی افراد چاہتے ہیں کہ نالہ اصل حالت میں بحال کیا جائے اسی مطالبے کو لے کر لوگ احتجاج کررہے تھے۔ مقدمے میں نامزد افراد نے ضمانت کروانے کی بجائے اجتماعی طورپر گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث علاقے میں صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے ۔ یہ کشیدگی ایک ایسے وقت پر سراٹھا رہی ہے جب ن لیگ سابق وزیراعظم نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہے
دورہ بنگلہ دیش کے لئے ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان ، ارم جاوید کی واپسی، شوال ذوالفقار، عروب شاہ ڈراپ
پاکستان نے دورہ بنگلا دیش کے لئے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔
ندا ڈار کی قیادت میں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم رواں ماہ بنگلا دیش کا دورہ کرے گی، پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے کیا۔
پاکستانی ٹیم 20 اکتوبر کو بنگلا دیش روانہ ہوگی جس میں وہ محدود اوورز کے چھ میچ کھیلے گی جن میں آئی سی سی چیمپئن شپ کے تین ون ڈے انٹرنیشنل بھی شامل ہیں۔
ان میچوں کے شیڈول کا اعلان بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کرے گا۔
15 رکنی ٹیم میں ارم جاوید کی ایک سال بعد واپسی ہوئی ہے۔ شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ فاطمہ ثنا کو زخمی ہونے کی وجہ سے شامل نہیں کیاگیا وہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں زخمی ہوگئی تھیں۔
قومی ویمن ٹیم میں ندا ڈار ( کپتان )، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ ، غلام فاطمہ ، ارم جاوید، منیبہ علی ( وکٹ کیپر )، نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر )، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین ، ام ہانی اور وحیدہ اخترشامل ہیں جبکہ امبر کائنات، عمیمہ سہیل، سدرہ نواز ( وکٹ کیپر ) کوریزرو کھلاڑیوں میں رکھاگیا ہے۔
پولیس اور پٹواری کا شاہی سسٹم ختم ہونا چاہئے ، چیف جسٹس فائز عیسیٰ
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ لگتاہے پولیس اب کرائے کی پولیس بن کررہ گئی ہے اس کی کوئی عزت نہیں رہی ۔
70 تولہ سونے کی کمیٹی نکلنے پرسونا فراہم نہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے غیر معیاری تفتیش پر پراسیکیوشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کمیٹی گرفتار ملزم نے بنائی اور تفتیش اہلخانہ سے ہوئی۔
ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 10 گرام سونے کی کمیٹی نکلنے پر سونا ادا نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ گرفتار سنار نے کتنا سونا کمیٹی کے ذریعے دینا تھا؟ مدعی نے بتایا کہ کمیٹی سے نکلنے والا 70 تولہ سونا نہیں دیا گیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ڈیڑھ کروڑ مالیت سونے کا کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا گیا، یہ سونا کہاں سے آتا ہے؟ اس کی قانونی حیثیت کیا ہے؟ ریاست کرپشن اور اسمگلنگ کرنے میں معاونت کرتی ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا اس کیس میں اصل ملزم تو پولیس کو بنانا چاہیے، لگتا ہے پولیس اب کرائے کی پولیس بن گئی، پولیس کی اب اپنی عزت نہیں رہی، ادارے کی عزت ہونی چاہیے، پولیس اور پٹواری کا شاہی سسٹم ختم ہونا چاہیے۔
سپریم کورٹ نے سونے کی کمیٹی میں گرفتار ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
کرکٹ ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کے خلاف آسٹریلوی بیٹنگ لائن ڈگماگئی
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دسویں میچ میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بائولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 311 رنز بنائے ۔
جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک کی ایونٹ میں مسلسل دوسری سنچری کی بدولت جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 312 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کے سامنے کینگروز بری طرح ناکام ہوگئے اور ابتدائی6 وکٹیں80 سے بھی کم سکور پرگئیں جبکہ پوری ٹیم 177 رنز بناکرپویلین لوٹ گئی اور پروٹیز نے میچ 134 رنز سے جیت لیا۔
لکھنو کے بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے، ڈی کوک 109 اورایڈم مارکرم 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے
صہیونی ذہنیت سے نکلیں، اُشنا شاہ نے امریکی یہودیوں کو جاہل قرار دے دیا
پاکستان کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے جعلی خبروں پر امریکی یہودیوں کوجاہل قرار دے دیا ۔
اُشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘امریکی یہودی اور میری جان پہچان کے وہ لوگ جو لاس اینجلس میں ہیں، اُن کی جہالت ظاہر ہورہی ہے’۔
Dear Jewish American acquaintances , especially those I know in LA
Your bigotry is showing.Your deliberate ignorance is glaring evidence that you believe Jewish lives matter more than Arab ones. If your media and community are feeding you bias, it's on YOU to educate yourself…
— Ushna Shah (@ushnashah) October 12, 2023
اداکارہ نے امریکی یہودیوں کو کہا کہ ‘آپ کا میڈیا، آپ کو تعصب کا شکار کر رہا ہے لہٰذا آپ کے لیے ضروری ہے کہ اپنی آنکھیں کھولیں اور سچ دیکھیں
اُنہوں نے کہا کہ ‘آپ جان بوجھ کر حقیقت سے لاعلم ہورہے ہیں، آپ کے نزدیک یہودیوں کی زندگی عربوں سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
اُشنا شاہ نے کہا کہ آپ لوگ اسرائیل کو مظلوم دِکھا کر سوشل میڈیا پر جو خبریں پوسٹ کررہے ہیں وہ غلط معلومات پر مبنی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘آپ میں سے بہت سے فنکار بھی غلط کا ساتھ دے رہے ہیں، اس صہیونی ذہنیت سے نکلیں۔
اُنہوں نے اپنے پیغام میں “آزاد فلسطین” اور “آزاد غزہ” ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا۔
زینب عباس کیخلاف بھارت میں کیس بنانا درست اقدام نہیں: پاکستان
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بھارت جانے والی پاکستانی کمنٹیٹر زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر بنایا گیا کیس درست اقدام نہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے میزبان کی حیثیت سے سیکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر کیس بنایا گیا اور انہیں اس میں گھسیٹا جا رہا ہے۔
ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ پاکستانی صحافیوں اور کرکٹ شائقین کو ویزے جاری کرنے کے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک بھارتی وکیل وینیت جندال نے الزام عائد کیا تھا کہ زینب عباس نے ہندو مذہب اور بھارت کےخلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھے، انہوں نے سوشل میڈیا تبصروں کو ان سے منسوب کرتے ہوئے ان کے خلاف درخواست دائر کی اور ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔
بعدازاں زینب عباس نے سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت چھوڑ دیا تھا۔
فیصل آباد: آن لائن مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
مکوآنہ (این این آئی) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان حیدر سلطان اور محمد عرفان کوفیصل آباد سے گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق ملزمان نے خود کو شکایت کنندہ کا رشتہ دار ظاہر کرتے ہوئے لاکھوں روپے بٹورے۔
ملزمان نے شکایت کنندہ کو کال کی اور خود کو بیرون ملک مقیم ظاہر کیا۔ملزمان نے متاثرہ سے 4 لاکھ 10 ہزار روپے بٹور رکھے تھے۔
ملزمان نے من گھڑت کہانیوں کا احوال بتاتے ہوئے مذکورہ رقم ہتھیائی۔ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال شدہ 2 موبائل فون برآمد کر لیے گئے جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔