وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں چالان جمع کرا دیا ہے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چالان میں استدعا کی ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود کو ٹرائل کر کے سزا دی جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں اسد عمر کا نام شامل نہیں۔
چالان کے مطابق سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا بیان ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے اور یہ چالان کے ساتھ منسلک ہے۔
چالان میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان نے سائفر کو اپنے پاس رکھ کر قانون کی خلاف ورزی کی۔
جمع کرائے گئے چالان کے مطابق عمران خان کے پاس سائفر کی کاپی پہنچی لیکن انہوں نے واپس نہیں کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی 27 مارچ کو کی گئی تقریر کا ٹرانسکرپٹ بھی چالان کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ اور اس کے ساتھ 28 گواہوں کے 161 کے بیانات بھی موجود ہیں۔