اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے شوہر کو جیل میں سیکیورٹی اور تحفظ کے لئے دائر کی گئی درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے عمران خان کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں تو نماز پڑھنے کی بھی بمشکل جگہ ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہاں جو بھی صدر یا وزیراعظم بنے وہ اڈیالہ یا اٹک جیل کا چکر ضرور لگاتا ہے، یہی ہماری تاریخ ہے۔
اس موقع پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ جو گنجائش بنتی ہو گی اس کے مطابق آرڈر کروں گا۔ بعدازاں انہوں نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔