دنیا کی کسی بھی زبان میں خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اسرائیل فلسطین جنگ میں مزید ممالک کود پڑے ، اسرائیل میں1200 ہلاکتیں ، غزہ پر بدترین بمباری



حماس اوراسرائیل کی جنگ میں مزید تین ممالک بھی شامل ہو گئے جس کے بعد لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے جبکہ غزہ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے تاریخ کی بدترین بمباری کی جارہی ہے ۔ غزہ سے آنے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی 3 لاکھ آرمی غزہ کامحاصرہ کئے ہوئے ہے ، بدھ کے روز اسرائیل جنگی طیاروں نے غزہ میں یونیورسٹی پر بھی بمباری کی ۔ اقوام متحدہ کے مطابق  غزہ پر بمباری کے نتیجے میں دو لاکھ 60 ہزار افراد بے گھرہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج فاسفورس استعمال کررہی ہے
اسرائیل کی جانب سے غزہ پربمباری میں ممنوعہ سفید فاسفورس کا استعمال بھی شروع کردیا گیا ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ کے مطابق عالمی سطح پر پابندی کے باوجود فلسطینیوں پر صیہونی فوج سفید فاسفورس کے راکٹ پھینک رہی ہے۔
اسرائیل  نے حماس کی القسام بریگیڈ کے سربراہ کے گھرپر حملہ کیاجس کے نتیجے میں سپریم کمانڈر محمد الضیف کے والد ، بھائی، بھتیجے اور پوتی شہید ہوگئے۔
5 روزہ جارحیت کے دوران غزہ میں 22 ہزار 639 گھر تباہ ،10 اسپتالوں اور 48 اسکولوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب جاں بحق فلسطینی صحافی محمد صبوح کے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور محمد صبوح کی میت پر ان کا کیمرہ بھی رکھ دیا گیا۔

فلسطینی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ہفتے کے روز سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 1055 تک پہنچ گئی ہے۔

 ان حملوں میں 5100 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہیں جن میں سے تقریباً 60 فیصد عورتیں اور بچے ہیں۔

غزہ میں صورتحال انتہائی خطرناک،ہسپتال بھرچکے
عالمی فلاحی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ غزہ میں اسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور دوائیوں کی شدید قلت کا سامنا ہے جب کہ غزہ بجلی کی بندش اور میڈیکل سپلائی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔
فلسطین میں تنظیم کے ہیڈ آف مشن نے کہا کہ غزہ کی صورتحال خوفنا ک ہے، تمام اسپتالوں میں شدید رش کی وجہ سے زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جس وجہ سے میڈیکل ٹیمیں مسلسل زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے سے تھکاوٹ کا شکار ہیں۔

امریکی اسلحے سے بھرا طیارہ اسرائیل پہنچ گیا
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا عملی طورپر اسرائیل کا ساتھ دینے کے لئے میدان جنگ میں اترآیا ہے اور امریکی اسلحے سے لیس بحری بیڑہ فلسطین پر بمباری کے لئے اسرائیل پہنچ گیا ہے ۔ امریکی ہتھیار جنوبی اسرائیل کے ایک ائیر بیس پر پہنچائے گئے ۔امریکی میڈیا کے مطابق دوسرا بحری بیڑا بھی اسرائیل بھیجنے پر غور کیا جارہا ہے۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا ہےکہ فی الحال امریکی فوج تعینات نہیں کی جارہی، امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن آج اسرائیل کے لیے روانہ ہوں گے۔

حزب اللہ اورشام کے اسرائیل پرحملے،چیچن جانباز بھی تیار
دوسری طرف  فلسطین عوام کاساتھ دینے کے لئے عملی طورپر لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل پر حملے شروع کر دیئے ہیں جبکہ شام سے بھی اسرائیل پرحملوں کاآغاز ہوگیا ہے ۔ حزب اللہ کے حملے میں اسرائیلی فوج کی گاڑی تباہ ہوئی  کردی۔روسی جمہوریہ چیچنیا کے سربراہ رمضان قادریوف نے فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی اپنے فوجی امن مشن کے طور پر فلسطین بھیجنے کی بھی پیشکش کی ہے۔

ہولوکاسٹ کے بعد ایسا منظر نہیں دیکھا،اسرائیلی وزیراعظم
پانچ روز سے جاری آپریشن القدس فلڈ میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1200 سے زیادہ ہوگئی  ہے جب کہ چار ہزار زیادہ زخمی ہوئے  ہیں ۔اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلی فونک گفتگو میں تسلیم کیا ہے کہ ہولوکاسٹ کے بعد ایسا منظر نہیں دیکھا۔
غزہ کے قریب اسرائیلی شہریوں میں ہتھیار تقسیم
اسرائیل کی قومی سلامتی کے وزیر نے کہا ہے کہ ہفتے کے روزحماس کے حملے کے بعد سے غزہ کی سرحد کے قریب واقع اسرائیلی شہر سدیروت کے رہائشیوں میں 27 ہزار ہتھیار تقسیم کیے گئے ہیں۔بین گویر کے مطابق ہم ہتھیاروں کی تقسیم کاعمل جاری رکھیں گے۔
سدیروت ان شہروں میں شامل ہے جسے حماس نے سنیچر کی صبح اپنے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا تھا۔
بمباری کے بعداسرائیل کاغزہ پرزمینی حملہ
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں حماس کو نشانہ بنانے کے لیے طیاروں کے علاوہ زمین سے داغے جانے والے راکٹ بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ فوجی ترجمان ڈینیئل ہگاری کا کہنا ہے کہ 2006 کی لڑائی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں حملوں کے لیے یہ راکٹ استعمال کیے ہیں۔
3 لاکھ فوج غزہ کی سرحد پرپہنچ گئی
اسرائیلی فوج کےترجمان لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) جوناتھن کونریکس نے ایک ویڈیو اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ’ہمیں بہت زیادہ جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ غزہ کی سرحد کے قریب ’پیادہ فوج، بکتر بند فوجی، توپ خانے کی کور‘ اور 300،000 ریزرو اہلکار بھی بھیجے ہیں۔

۔

Spread the love

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں




تازہ ترین

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Idraak.pk News. All Rights Reserved