آئی سی سی ورلڈکپ کے 11 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی۔
نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کا 246 رنز کا ہدف 43.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل 89، کپتان کین ولیمسن 78 اور ڈیون کونوے نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
کیویز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے جس کے بعد وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگیا ہے۔
نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں انگلینڈ اور دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی
جمعہ کے روزنیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی بنگلہ دیش کی پہلی چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے اپنی ٹیم کاسکور آگے بڑھانے کی جدوجہد کی اور آخری اوورز میں محمود اللہ کی خوبصورت اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کو246 رنز کاہدف دینے کامیاب ہوا۔ بنگلہ دیش کے اوپنر لٹن داس بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، تنزید حسن 16 اور مہدی حسن میراز30 رنز بناسکے، نجم الحسن صرف 7 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، شکیب الحسن نے 40 رنز اور مشفیق الرحیم نے 66 رنز بناکر ٹیم کاسکور آگے بڑھایا، توحید ہردوئے نے 13 رنز بنائے اورتسکین احمد17 رنز بناسکے جبکہ محمود اللہ نے 41 رنز کے ساتھ ٹیم کاسکور245 تک پہنچایا اور ناٹ آئوٹ رہے۔