اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4300 سے تجاوز کر گئی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، قابض فوج ہسپتالوں اور عبادت گاہوں پر بھی حملے کر رہی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے باعث غزہ کی پٹی پر 30 فیصد سے زیادہ گھر تباہ ہو چکے ہیں اور اب تک تقریباً 10 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے شیبافارمز سے متصل جنوبی لبنان کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، اب امکان ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت غزہ میں زمینی کارروائی کے لیے داخل ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رکا تو یہ تنازع علاقئی جنگ میں بدل سکتا ہے جو خطرناک ہو گا۔