آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 19ویں میچ میں سری لنکا نے نیدر لینڈ کو شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کر لی تاہم پہلی کامیابی کے باوجود سری لنکا کی پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن ہے۔
سری لنکا اور نیدر لینڈ کا میچ بھارتی شہر لکھنئو کے اکانا سپورٹس سٹی میں کھیلا گیا۔ نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے 263 رنز کا ٹارگٹ دیا جسے سری لنکا نے 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
نیدر لینڈ کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 262 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ہدف ک تعاقب میں سری لنکا کی پہلی تین وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم قدرے دبائو میں آگئی تاہم اس کے بعدسدیرا سمارا وکرما کی91 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکن ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔اسالانکا نے بھی44 رنز بنائے جبکہ اوپنرنیسانکا54 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں ڈی سلوا نے بھی 30 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ ایونٹ میں سری لنکا کی پہلی فتح ہے اس سے قبل سری لنکن ٹیم اپنے تینوں میچز میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔ سری لنکن ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں چار میچز کھیل چکی ہے جن میں سے صرف ایک میچ جیت سکی جبکہ نیدر لینڈ کی ٹیم بھی چار میچز میں سے صرف ایک میچ ہی جیت سکی ہے جب انہوں نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔