All posts by ghulam mustafa

خبردار! اگر زمینی حملہ کیا تو۔۔۔حماس نے جنگی تیاریوں ویڈیو جاری کر دی



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو غزہ پر زمینی حملے سے خبردار کیا ہے اور اپنی جنگی تیاریوں کی ایک ویڈیو جاری کر دی ہے۔

مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے جو فرضی ویڈیو جاری کی گئی ہے اس میں ٹینکوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دوسری طرف حزب اللہ بھی لبنان کے مقبوضہ علاقے شیبا فارمز میں اسرائیل کے خلاف برسرپیکار ہے اور فوجی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اِدھر امریکا اسرائیل کی حمایت میں کھڑا ہے اور دوسرا بحری بیڑا بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کے مخالفین کو ایک پیغام دیا ہے۔

ایران نے بھی سلامتی کونسل کو خبردار کر دیا ہے کہ اگر فلسطینیوں کی نسل کشی نہ روکی گئی تو حالات کسی کے کنٹرول میں بھی نہیں رہیں گے۔

دوسری جانب روس نے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیل فلسطین جنگ بندی کے لیے قرارداد پر پیر کو ووٹنگ کرائے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع، حتمی فیصلہ آج



عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے اور ڈالر کی قدر گرنے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 36 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے جس کا حتمی فیصلہ آج ہو جائے گا۔

عالمی مارکیٹ میں اس وقت پیٹرول کی قیمت 10 ڈالر کمی سے 104 ڈالر فی بیرل ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 8 ڈالر کمی کے ساتھ 118 ڈالر پر ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں لگا تار بہتری آ رہی ہے جس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے۔

غزہ میں پانی کی سپلائی روکنے سے صورت سنگین، اقوام متحدہ کو بھی تشویش لاحق



اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے محاصرے کے بعد پانی زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا ہے۔

فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر حملے کے بعد پانی کی سپلائی بھی روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے فلسطینیوں کے لیے پانی ایک بڑا مسئلہ بن کر رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اس وقت 2 ملین لوگوں کو پانی دستیاب نہیں ہے جس کے باعث ان کے لیے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

جنرل فلپ لازارینی نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں ایک ہفتے سے انسانی امداد کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ فلسطینی موجودہ صورت حال میں گندا پانی استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے بیماریاں پھوٹ رہی ہیں۔

ویرات کوہلی سے ٹی شرٹس تحفے میں لینے پر بابراعظم کو تنقید کا سامنا



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اپنی شرٹس تحفے میں دی ہیں جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

بابراعظم کی ویرات کوہلی سے شرٹس لینے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو ویرات کوہلی کی جانب سے یہ جرسیاں میچ کے بعد تحفے میں دی گئی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی بابر اعظم کی جانب سے جرسیاں لینے کو نامناسب عمل قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم کی جانب سے ویرات کوہلی سے جرسیاں لینے کی تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہو گیا۔

سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آج یہ دن نہیں تھا کہ آپ مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے جرسیاں تحفے میں لیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چاچے کے پتر نے کوہلی کی ٹی شرٹ لانے کا کہہ ہی دیا ہے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں بھی یہ کیا جا سکتا تھا۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے بابر اعظم پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 2300 تک جا پہنچی



اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے درمیان جاری تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اور اب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضا، سمندر اور زمینی راستے سے حملے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ پر تینوں راستوں سے حملے کی تیاری کا کہا ہے مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ ایسا کس وقت کیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے فوجیوں کو الرٹ رہنے کا کہتے ہوئے کہا ہے کہ اب جنگ کا اگلا مرحلہ آ رہا ہے جس میں غزہ پر زمینی حملہ کیا جا سکتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے شمالی غزہ میں رہنے والے 1.1 ملین فلسطینیوں کو الٹی میٹم دے رکھا ہے کہ وہ علاقے چھوڑ دیں مگر فلسطینی عوام نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے نقل مکانے کرنے والوں پر بھی بمباری کی جار رہی ہے اور اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2300 تک جا پہنچی ہے۔

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے اسرائیل کے اس الٹی میٹم کی مذمت کی ہے جس میں فلسطینیوں کو علاقہ چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔

ڈبلیوایچ او کے مطابق ہسپتالوں میں موجود مریضوں کو نقل مکانے پر مجبور کرنا موت کی سزا کے مترادف ہو گا۔

خیبرپختونخوا: مطلوب دہشتگردوں کی تیسری فہرست جاری، سروں کی قیمتیں مقرر



محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا (سی ٹی ڈی) کی جانب سے مطلوب دہشتگردوں کی تیسری فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جاری کی گئی فہرست میں 128 دہشتگردوں کے نام اور تصویریں شامل ہیں۔

جاری کی گئی فہرست میں شامل دہشتگردوں کا تعلق بنوں، لکی مروت، مردان اور دیگر اضلاع سے ہے جن کے سروں کی قیمتیں 3 لاکھ روپے سے 70 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشتگردوں کے سروں کی لگائی گئی مجموعی قیمت 10 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ سب سے زیادہ قیمت دہشت گرد ظاہر قادر کے سر کی 70 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ دہشت گرد حبیب الحق کے سر قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

جاری کی گئی فہرست کے مطابق دہشتگرد عجب شاہ کے سر کی قیمت 55 لاکھ روپے، حبیب اللہ، شاکراللہ، سیدالاکبر اور نور قیوم کے سروں کی قیمت 50، 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ دہشت گرد کامران، عمر اور اسماعیل کے سروں کی قیمتیں بھی 50 ،50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہیں۔

فہرست میں شامل دہشت گرد کفایت اللہ کے سر کی قیمت 55 لاکھ اور نذیر شاہ کے سر کی قیمت 53 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ جبکہ دہشتگرد کمانڈر مولوی نعمت اللّٰہ اور کامران کے سروں کی قیمت 40، 40 لاکھ روپے مقرر ہیں۔

عدنان صدیقی گرین شرٹس کی حمایت میں سامنے آ گئے



معروف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھارت سے شکست کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں عدنان صدیقی نے کہا کہ ہماری ٹیم بھارتی شائقین کے سامنے مخالف ماحول میں کھیلی جس کا کریڈٹ اسے دینا چاہیے۔

عدنان صدیقی نے کہا کہ قومی ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں شکست پر میرا دل بھی افسردہ ہے لیکن ہمیں چاہیے کہ اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

اداکار نے کہا کہ جیسا بھی ہے مگر ہم اپنی کرکٹ ٹیم سے محبت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم تمام شعبوں میں ناکام ہو گئی تھی اور بھارت نے میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

افغانستان کے صوبہ ہرات میں زلزلے کے جھٹکے



افغانستان کے صوبہ ہرات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.3 تھی جبکہ کچھ دیر بعد ہی ایک اور زلزلہ بھی آیا اور لوگ گھروں سے باہر نکلے آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات سے جنوب مشرق میں 32.8 کلو میٹر دور تھا۔

افغان میڈیا کے مطابق ابھی تک زلزلے کے باعث کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے دوران افغانستان کے صوبہ ہرات میں تیسری بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

بھارت سے شکست پر قومی ٹیم کو تھوڑا نہیں زیادہ سوچنے کا مشورہ



کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد جہاں شائقین کرکٹ مایوس ہیں وہیں کرکٹرز ایکسپرٹس کی جانب سے بھی قومی ٹیم پر تنقید کے نشتر برسائے جا رہے ہیں۔

کرکٹ ایکسپرٹس نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستانی ٹیم صرف کمزور ٹیموں کے خلاف ہی پرفارم کر سکتی ہے۔

بابرالیون کو بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندربخت نے کہا کہ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بڑے سمجھے جانے والے بیٹرز ٹیسٹ کرکٹ سمجھ کر کھیلے، اس کے علاوہ شاہین آفریدی کا سوئنگ کہیں نظر نہیں آیا۔

سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ میں نیدرلینڈز اور سری لنکا والی پرفارمنس دکھانی چاہیے تھی مگر ہمارے بیٹرز نے چھکا مارنے کی کوشش ہی نہیں کی اور بولرز ٹی ٹوئنٹی والی بولنگ کر رہے تھے۔

قومی آل رائونڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے پچ کے حساب سے آدھے رنز بنائے، جبکہ محمد عامر نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ تھوڑا نہیں زیادہ سوچنے کی ضرورت ہے۔

اسرائیل فلسطین تنازع روکنے کے لیے مدد کی جائے: امریکا کی چین سے اپیل



امریکا نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کو بڑی جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے چین سے مدد مانگ لی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر فوری بین الاقوامی کانفرنس بلائی جائے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کے قابو سے باہر نکلنے کا خدشہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ امریکا اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے معاملے کے سیاسی حل پر زور دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے مسئلے کے دوریاستی حل پر زور دیا ہے۔

بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے کیریئر کا نیا دور شروع



بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان 3 دہائیوں سے انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں، رومانٹک ہیرو کی حیثیت سے پہچانے جانے والے شاہ رخ خان نے اب ایکشن ہیرو کے طور پر بھی اپنی پہچان بنا لی ہے اور یہ اچانک سے ہوا ہے۔

حال ہی میں ان کی جو فلمیں ریلیز ہوئی ہیں ان میں پٹھان اور جوان نے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ اور انہی فلموں نے ان کو ایک نئی پہچان بھی دی ہے۔

شاہ رخ خان نے 2006 میں فلم ڈان اور 2017 میں رئیس میں بھی ایکشن ہیرو کا کردار ادا کیا تھا مگر اس سے انہیں بطور ایکشن ہیرو پہچان نہیں مل سکی تھی۔

اب حال ہی میں ریلیز ہونے والی دو فلموں پٹھان اور جوان نے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کو بطور ایکشن ہیرو ایک نئی پہچان دے دی ہے۔

فلم نقاد انوپما چوپڑا کہتی ہیں کہ اب شاہ رخ خان کے کیریئر کا ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے، شاہ رخ خان کی ماضی میں جو شخصیت تھی اب وہ اس سے بالکل مختلف نظر آئیں گے۔

بھارتی بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم پر کالا جادو کروایا: حریم شاہ کا دعویٰ



معروف پاکستانی ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستانی ٹیم پر کالا جادو کروایا گیا ہے جس وجہ سے وہ پرفارم نہیں کر سکے۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر حریم شاہ نے لکھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم پر کالا جادو کروایا اور اس کے لیے کالے علم کے ماہر کارتک چکرورتی کی خدمات حاصل کی گئیں۔

حریم شاہ کے مطابق انہیں معتبر ذرائع سے اس خبر کا علم ہوا ہے۔

پاکستانی ٹک ٹاکر نے کہا کہ بھارتی بورڈ کی طرف سے ایسا کرنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے میچ میں انڈیا نے گزشتہ روز پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔