All posts by ghulam mustafa

لاہور: قبروں سے بچوں کی لاشیں نکالنے والا ملزم گرفتار



لاہور میں پولیس نے کارروائی عمل میں لائی ہے اور قبروں سے بچوں کی لاشیں نکالنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مانی نامی ملزم کی گرفتاری ساندہ پولیس نے عمل میں لائی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ذہنی مریض معلوم ہوتا ہے جس کے خلاف دفعہ 297 کے تحت ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے، ملزم کی جانب سے اب تک 5 بچوں کی لاشیں قبروں سے نکالی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کی قبروں پر مٹی ڈالنے کے خلاف تھا اور اسی وجہ سے تدفین کے چند گھنٹے بعد لاش نکال کر 10 سے 15 گز کے فاصلے پر رکھ دیتا تھا۔

یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مانی نامی ملزم لاش کے ورثا کو اطلاع بھی خود ہی دیا کرتا تھا، پولیس کے مطابق مزید کارروائی کا عمل جاری ہے۔

بھارت کا کشمیریوں کے حقوق پر ایک اور بڑے ڈاکے کا منصوبہ



کشمیر پر غیرقانونی طور پر قابض بھارت نے کشمیریوں کے حقوق پر ایک اور ڈاکا ڈالتے ہوئے لیتھیئم کے ذخائر فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس مقبوضہ کشمیر کے ضلع ریاسی میں دریافت ہونے والے لیتھیئم کے ذخائر کو فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، مودی سرکار کا پلان ہے کہ انتخابات سے قبل 6 ملین ٹن کے ذخائر فروخت کر دیئے جائیں۔

عالمی ماہرین کا موقف ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا کشمیر کے قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال غیر قانونی ہے اور یہ چوری کے زمرے میں آتا ہے۔

عالمی اداروں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں دریافت ہونے والے لیتھیئم کے ذخائر دنیا کے ساتویں بڑے ذخائر ہیں۔

زمین لرز اٹھی، 6 اعشاریہ 2 شدت کا زلزلہ



نیپال میں 6 اعشاریہ 2  شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جھٹکے بھارت میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے نئی دلی اور دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق نیپال میں آنے والے زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2  تھی جو 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم افراد کا بھارتی فوجیوں پر حملہ



مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں نامعلوم افراد کی جانب سے بھارتی فوج پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ فوجی اہلکار راجوڑی میں معمول کی گشت پر تھے کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے ان پر دھاوا بول دیا۔ فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والے 3 اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر فوجی چھائونی میں تبدیل ہونے کے باوجود حملہ آوروں نے کامیابی سے کارروائی کی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے بھارتی فوج کے اہلکاروں کو اسلحہ نکالنے کا موقع تک نہیں دیا۔

زخمی ہونے والے اہلکاروں کی ہسپتال میں حالت نازک ہے اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی وارم اپ میچ میں پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج وارم اپ میچ میں آمنے سامنے ہیں۔

آسٹریلیا نے وارم اپ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کھیل جاری ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں وارم اپ میچ میں حیدرآباد کے راجیوگاندھی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہیں۔

آج کے میچ میں قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں، بابر اعظم بحیثیت بیٹر ٹیم میں موجود ہیں جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ محمد حارث فرائض سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہونے جا رہا ہے اور پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

قومی ٹیم کو اس سے قبل پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ورلڈ کپ: حسن علی کے سسر پاک بھارت میچ کے لیے بے تاب کیوں؟



قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کے سسر لیاقت خان احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے بے تاب ہیں اور ان کو اس گھڑی کا انتظار ہے جب پاکستانی ٹیم احمد آباد پہنچے گی۔

فاسٹ بولر حسن علی کے سسر لیاقت خان پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے موقع پر اپنی بیٹی اور نواسی سے ملنے کے خواہشمند ہیں۔

حسن علی کے سسر لیاقت خان بھارتی شہر ہریانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ حسن علی اور سامعہ کی شادی 2019 میں دبئی میں ہوئی تھی جس کے بعد سامعہ اب تک بھارت نہیں گئیں۔

لیاقت خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی نواسی سے ملنا چاہتا ہوں اور مزید انتظار میرے لیے مشکل ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میری بیٹی نے حسن علی سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تو میں رکاوٹ نہیں بنا تھا کیوں کہ اگر میری بیٹی خوش ہے تو میں بھی خوش ہوں۔ اور اس سے فرق نہیں پڑتا کہ شادی کس سے ہو رہی ہے۔

پیرس فیشن ویک میں ایشوریہ رائے کے جلوؤں نے دھوم مچادی



پیرس (این این آئی) پیرس فیشن ویک کے ریمپ پر بالی وڈ اسٹار ایشوریہ رائے بچن کے جلوؤں نے دھوم مچادی اور ایونٹ کی متعدد ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوگئیں۔

بھارتی اداکارہ نے خصوصی ایونٹ کیلئے خاکی اور سنہری رنگ کا لباس اور کیپ پہنی اور لباس کے رنگ کی مناسبت سے انہوں نے اپنے بالوں کو رنگ کیا ہوا تھا۔

جب وہ مشہور زمانہ فیشن ویک کے ریمپ پر واک کیلئے آئیں تو ان کی مخصوص مسکراہٹ، آنکھوں کے اشارے اور حاضرین کے لئے بوسے کے اسٹائل نے مداحوں کے دل جیت لئے۔

فیشن ویک کے موقع پر ایشوریہ کو دیگر معروف شوبز شخصیات کینڈل جینر، ایوا لونگوریا، کامیلا کابیلو اور دیگر کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ حال ہی میں منی رتنم کی فلم ‘پونین سیلوین 2’ میں نظر آئی تھیں جو ایک تاریخی ناول پر مشتمل ہے۔

جنسی تعلق بنانے سے انکار پر فلم سے نکال دیا گیا تھا، بالی وڈ اداکارہ کا انکشاف



ممبئی (این این آئی) بالی وڈ اداکارہ ایشا گپتا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں جنسی تعلق بنانے سے انکار پر ایک فلم سے نکال دیا گیا تھا۔ بھارت کی کئی اداکارائیں پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں کی جانب سے کام کے بدلے جنسی تعلقات بنانے کی پیشکش کا انکشاف کرچکی ہیں اور متعدد نے کھل کر اس معاملے پر بات کی ہے۔

اب بالی وڈ کی ایک اور اداکارہ ایشا گپتا نے بھی کاسٹنگ کاؤچ پر بات کی ہے۔ حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ایشا گپتا نے انکشاف کیا کہ ایک فلم کے معاون پروڈیوسر نے جنسی تعلق بنانے کی پیش کش کی۔

انہوں نے کہاکہ ان دنوں میں ان کے ساتھ ایک فلم میں کام کر رہی تھی، اس فلم کا آدھے سے زیادہ کام ختم ہوچکا تھا لیکن میں نے جنسی تعلق بنانے سے انکار کردیا تو مجھے فلم سے نکال دیا۔

انہوں نے ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک فلم میں کام کر رہی تھی اور فلم کا آؤٹ ڈور شوٹ چل رہا تھا اور فلم سے جڑے دو لوگ آؤٹ ڈور شوٹ کے بہانے میرے ساتھ کچھ غلط کرنے والے تھے اور انہوں نے پوری منصوبہ بندی کرلی تھی۔

ان کا کہنا تھاکہ ان دونوں نے مجھے اپنے منصوبے میں پھنسانے کی پوری کوشش کی لیکن میں نے سمجھداری سے کام لیتے ہوئے اپنی خاتون میک اپ آرٹس کو ساتھ کمرے میں سلا دیا تھا جس کے باعث میں بچ گئی۔

پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کی مشترکہ پنجابی فلم ریلیز کے لیے تیار



لاہور(این این آئی) پاکستانی اور بھارتی فنکاروں پر مشتمل پنجابی فلم ‘اینی ہاؤ مٹی پاؤ’ 6 اکتوبر کو پوری دنیا میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم کے حوالے سے لاہور میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں اکرم اداس، وکی کوڈو، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، اظہر بٹ، شیخ عابد رشید، روبی انعم اور شاہد خان نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستانی اداکار اکرم اداس کا کہنا تھا کہ یہ سب کے لئے خوشی کا مقام ہے کہ ہمارے آرٹسٹ ہمسایہ ملک کی فلموں میں کام کرکے پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔

افتخار ٹھاکر نے کہا کہ ہمارے ہاں پنجابی فلمیں بن تو رہی ہیں لیکن وہ انٹرنیشنل لیول کی نہیں ہیں اور ہمارے فنکاروں نے ہمسایہ ملک کی فلموں میں کام کرکے ایک معیار بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم ‘اینی ہاؤ مٹی پاؤ’ کا اصل فلسفہ یہ ہے کہ بے لوث ہوجاؤ، آپ کو کبھی نقصان نہیں ہوگا، فلم میں پاکستان سے اکرم اداس اور وکی کوڈو نے کام کیا ہے، ہم سب یہاں ان کی تحسین کے لئے آئے ہیں۔وکی کوڈو نے بتایا کہ فلم ‘اینی ہاؤ مٹی پاؤ’ میں کام کرکے بڑی خوشی ہوئی اور اکرم اداس نے انہیں فلم میں چانس دیا ہے۔

پاکستانی ٹک ٹاکر صندل خٹک کے ساتھ سعودی عرب میں فراڈ



ریاض (این این آائی) پاکستانی ٹک ٹاکر صندل خٹک سعودی عرب میں فراڈ کا شکار ہوگئیں۔

صندل خٹک کے ساتھ مبینہ طورپر سعودی عرب میں مقیم ایک پاکستانی نے ویزے کی مد میں فراڈ کیا، فراڈ کرنے والے شخص کا تعلق لاہور سے ہے۔

صندل خٹک نے بتایا کہ متعلقہ شخص پیسے لے کر پاسپورٹ رکھ لیتا ہے اور ویزا منسوخ کی اسٹیمپ دکھا دیتا ہے اور اس کام کے 10 ہزار ریال بٹور چکا ہے۔

ٹک ٹاکر کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف ایف آئی اے میں رپورٹ درج کراؤں گی۔ دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

سلمان خان کو یہ اچانک کیا ہو گیا؟ مداح پریشان



بالی ووڈ کے معروف اسٹار سلمان خان کی ایک ڈانس ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں کو پریشانی لاحق ہو گئی ہے۔

سلمان خان نے ایک بھارتی صنعتکار کے پوتے کی سالگرہ میں ڈانس کی ہے جس میں تھکے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور ڈانس میں خوبصورتی نظر نہیں آئی جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سلمان خان کے مداحوں کو ان کی صحت کے حوالے سے تشویش لاحق ہوگئی ہے اور ان کو اپنا خیال رکھنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

ایک چاہنے والے نے سوشل میڈیا پر سلمان خان کو مشورہ دیا کہ کام سے بریک لیں، آپ کو اپنی صحت پر توجہ دینی چاہیے۔

ایک اور فین نے کہاکہ آپ تھکے ہوئے لگ رہے ہیں۔ مداحوں نے جہاں سلمان خان کو صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا ہے وہیں یہ امید بھی ظاہر کی ہے کہ وہ جلد اپنی پرانی فارم میں نظر آئیں گے۔

رزق اپنی ناقدری کبھی نہیں بھولتا



تحریر:۔ وسعت اللہ خان

آٹھ ارب کی دنیا میں روزانہ اسی کروڑ انسان بھوکے سوتے ہیں۔ایسا نہیں کہ خدا انھیں آزما رہا ہے یا قدرت نے کرہِ ارض پر انسان سمیت ہر ذی روح کے لیے خوراک کا حصہ مختص نہیں کیا۔ مگر پیٹ بھروں کی لاپرواہی، ناشکری اور ہوس ان اسی کروڑ لوگوں کا پیٹ خالی رکھنے کا بنیادی سبب ہے۔

اس دنیا میں کھیت سے باورچی خانے تک یا جانوروں کے باڑے سے ریستوران کے کچن تک جتنی بھی خوراک پہنچتی ہے اس کا تیرہ فیصد کھیت سے مارکیٹ تک پہنچتے پہنچتے ضایع ہو جاتا ہے اور باقی سترہ فیصد صارف کے ہاتھوں ضائع ہو جاتا ہے۔گویا سو کلو خوراک میں سے تیس کلو کسی کے استعمال میں نہیں آتی۔

کوئی نہیں سوچتا کہ یہ ضایع ہو جانے والی خوراک بھی زمین سے پیدا ہوتی ہے۔اس پر بھی کھاد، پانی، ادویات اور وقت صرف ہوتا ہے۔ سنچائی کے لیے توانائی کا استعمال ہوتا ہے۔مگر سب رائیگاں چلا جاتا ہے۔

ڈیڑھ ارب ٹن خوراک پیدا تو ہوتی ہے مگر پیٹ تک نہیں پہنچتی۔سب سے زیادہ پھل ، سبزیاں اور پھر غلہ اور دالیں ضایع ہوتے ہیں۔جو ملک جتنا خوشحال ہے وہاں اتنی ہی خوراک کچرے میں چلی جاتی ہے۔ مثلاً یورپی یونین میں سالانہ پونے دو سو ملین ٹن خوراک کسی کے کام نہیں آتی۔یورپ کا ہر شخص اوسطاً فی کس تین سو کلو گرام خوراک خریدنے کے باوجود ضایع کر دیتا ہے۔

آسٹریلیا میں انسانی استعمال کے قابل سالانہ بیس ارب ڈالر کی خوراک کوڑے کے ڈبے میں چلی جاتی ہے۔کینیڈا میں ایک سال میں پچیس ارب ڈالر کی خوراک ضایع ہوتی ہے۔ یہ اتنی مقدار ہے کہ اس سے پانچ ماہ تک کینیڈا کی پوری آبادی کا پیٹ مفت میں بھرا جاسکتا ہے۔ہر کینیڈین گھرانہ سالانہ کم ازکم اٹھارہ سو ڈالر کی اشیا ِ خور و نوش استعمال کیے بغیر پھینک دیتا ہے۔

آبادی کے اعتبار سے سب سے بڑے ملک چین میں روزمرہ کی پچیس فیصد خوراک اور بیس فیصد گوشت ضایع ہو جاتا ہے۔امریکا میں جتنی بھی خوراک خریدی جاتی ہے اس میں سے پینتیس تا چالیس فیصد بنا استعمال کے ضایع ہو جاتی ہے۔اس کی مالیت دو سو ارب ڈالر سے اوپر ہے۔اس میں سے پچاس ارب ڈالر مالیت کی پندرہ فیصد خوراک کو بنا چھوئے ہی کچرا دان میں ڈال دیا جاتا ہے۔

چھبیس فیصد مچھلی ، بیف اور مرغی کا گوشت فوڈ اسٹورز میں خراب ہو جاتا ہے یا گھریلو صارفین خریدنے کے باوجود استعمال نہیں کر پاتے۔ستم ظریفی یہ ہے کہ پھر بھی گوشت کی سالانہ پیداوار میں دس فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ لاکھوں جانور کاٹے جاتے ہیں مگر ان کا گوشت بنا استعمال بڑے بڑے گڑھوں میں دفن ہو جاتا ہے اور ماحولیات کی مزید ایسی تیسی ہو جاتی ہے۔یہ جانور جو خوراک استعمال کرتے ہیں اور گیس خارج کرتے ہیں اس کے سبب زمین پر پڑنے والا ماحولیاتی دباؤ بھی کسی گنتی شمار میں نہیں۔

چونکہ خوراک تیار کرنے والی کمپنیوں کو اپنا مال زیادہ سے زیادہ بیچنے کی ہوس ہے لہٰذا وہ تو اپنے صارفین کی خوراک کے زیاں سے متعلق آگہی مہم بننے کا حصہ رہیں۔اگرچہ اقوام متحدہ نے دو ہزار تیس تک کے جو ملینیم اہداف ماحولیات کی بہتری کے لیے مقرر کیے ہیں ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ خوراک کے زیاں میں کم ازکم تیس فیصد تک کمی لائی جائے۔

یورپی یونین نے وعدہ تو کیا ہے کہ وہ یہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔مگر سوائے ڈنمارک کوئی اور یورپی ملک فی الوقت سنجیدہ نظر نہیں آتا۔جب کہ ایشیا میں جاپان اور سنگا پور نے اس بابت آگہی اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ خوراک خریدنے کی ترغیب دینے والی کمپنیوں کو جرمانہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔یہ رقم آگہی مہم کی فنڈنگ میں ڈالی جاتی ہے۔

اس مہم کا مقصد یہ پیغام پھیلانا ہے کہ بس اتنا اشیا خریدیں جتنی ضرورت ہو۔بالخصوص وہ اشیا جن کی تازگی اور استعمال کی مدت مختصر ہے۔جن اشیا کے بارے میں آپ کو یقین ہو کہ یہ استعمال کے بغیر ضایع ہو سکتی ہیں انھیں اگر کسی طرح مستحقین تک پہنچا دیں تو یہ بھی قابلِ ستائش ہو گا۔کھانے پینے کی تازہ اشیا فریج میں رکھتے وقت پہلے سے خریدی اشیا کو آگے اور نئے سودے کو پیچھے رکھیں۔تاکہ پرانی اشیا پہلے استعمال ہو سکیں۔

ریسٹورنٹ میں جھوٹی شان دکھانے کے چکر میں دگنا کھانے کا آرڈر ہرگز مت دیں۔اس سے آپ کو مالی بچت بھی ہو گی اور کسی ضرورت مند کا بھلا بھی ہو سکے گا۔ریسٹورنٹس ایسی فلاحی تنظیموں سے تعاون کریں جو بچی کھچی خوراک جمع کر کے مستحقین تک پہنچانے کی کوشش کرتی ہیں۔

کئی ریستورانوں نے اپنے تئیں بھی مہم چلائی ہے کہ اگر آپ نے زائد از ضرورت کھانا آرڈر کیا اور پلیٹ میں چھوڑ دیا تو آپ کو پچاس فیصد اضافی بل دینا پڑے گا۔اگر آپ نے پلیٹ میں چھوڑنے کے بجائے سب استعمال کر لیا تو آپ کو بل میں رعایت بھی ملے گی۔

مگر خوراک کی مقدار کے ضایع ہونے کا جو حجم ہے۔اس میں یہ کوششیں حوصلہ افزا ہونے کے باوجود آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔

یوکرین اور روس دنیا کی ایک چوتھائی گندم پیدا کرتے ہیں۔ ان کی آپس کی لڑائی کے سبب دنیا نہ صرف غذائی بحران سے دوچار ہے بلکہ خوراک کی قیمتیں بھی دو سال پہلے کے مقابلے میں پچاس فیصد زیادہ ہو گئی ہیں۔جب کہ ہر سال جو تیس فیصد خوراک گھر تک پہنچنے کے باوجود کسی کے کام نہیں آتی اس پر بہت کم لوگوں کا دھیان ہے۔اگر ایسا ہوتا تو یوکرین اور روس بھلے اگلے دس برس لڑتے رہتے مگر غذائی بحران پیدا نہ ہوتا۔

لیکن وہ انسان اور ریاست ہی کیا جو رازق کے عطا کردہ شعور کا پورا استعمال کر کے کم ازکم آدھے سے زائد خود ساختہ مسائل سے نمٹ سکے۔اسی لیے خدا کی گواہی ہے کہ بے شک انسان خسارے میں ہے۔

آیندہ کوئی بھی اپنی ہر غفلت کی طرح یہ ذمے داری بھی آسمان والے پر ڈالنے سے باز رہے کہ اس دنیا میں اسی کروڑ انسان ہر رات بھوکے کیوں سوتے ہیں ؟

( گزشتہ جمعہ کو ( انتیس ستمبر ) رزق کا زیاں روکنے کی آگہی کا عالمی دن حسبِ معمول خاموشی سے گذر گیا )

بشکریہ ایکسپریس نیوز اردو