All posts by ghulam mustafa

اسرائیل کی غزہ پر بمباری میں فلسطین کی معروف شاعرہ شہید



اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی کے بعد غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے نتیجے میں فلسطین کی معروف شاعرہ، مصنفہ و ناول نگار حباابوندا بھی شہید ہو گئیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی شاعرہ نے اپنی شہادت سے ایک روز قبل سوشل میڈیا پر لکھا تھا ”اگر ہم مرجائیں تو جان لیں کہ ہم ثابت قدم ہیں اور ہم سچے ہیں‘‘۔

حبا کو اپنے ناول ’’آکسیجن ازناٹ فاردی ڈیڈ‘‘سے شہرت ملی تھی، انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی پوسٹ میں یہ بھی لکھا تھا کہ ہم کس جہنم میں رہ رہے ہیں اور ایسا کب تک چلتا رہے گا۔

نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں دائر



سابق وزیراعظم و قائد پاکستان مسلم لیگ ن نوازشریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی بحالی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

نوازشریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نوازشریف کی جانب سے درخواستیں دائر کیں۔

نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ اپیلوں کو بحال کرتے ہوئے میرٹ پر دلائل سنے جائیں اور پھر فیصلہ سنایا جائے۔

واضح رہے کہ عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنائی ہے اور انہیں 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔

اس سے قبل نوازشریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر اپنے وکلا سے مشاورت کی تھی اور اپیلوں کی بحالی کے لیے درخواستوں پر دستخط بھی کیے تھے۔

شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ کی ریلیز کی تاریخ تبدیل



بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی نئی میگا فلم ڈنکی کی ریلیز کی تاریخ تبدیل ہو گئی ہے۔ فلم کو اب 21 دسمبر کو دنیا بھر میں سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔

فلم کی تاریخ کے لیے 22 دسمبر کی تاریخ سامنے آئی تھی لیکن ایک اور فلم سالار کی ریلیز کی بھی یہی تاریخ ہونے کی وجہ سے اب 21 دسمبر کا دن فلم کی ریلیز کے لیے رکھا گیا ہے۔

ڈنکی کو سالار سے ایک دن پہلے ریلیز کرنے کا مقصد یہ ہے کہ نئی فلم کی ریلیز سے قبل ڈنکی مکمل طور پر فلم انڈسٹری پر راج کرے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان معروف اداکار ہیں، ان کی وجہ سے فلم ایک دن میں ہی مقبول ہو جائے گی۔

اسرائیل فلسطین تنازع میں شدت: چین نے 6 بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں تعینات کر دیے



اسرائیل اور فلسطین کے جاری تنازعے میں دن بدن شدت آ رہی ہے، چینی وزارت دفاع نے بھی کشیدگی میں اضافے کو دیکھتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں 6 بحری جنگی جہاز تعینات کر دیے ہیں۔

چینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمان کی بحریہ کے ساتھ مشرکہ مشقوں کے اختتام پر چینی ٹاسک فورس نے نامعلوم مقام کا رخ کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور چین کی جانب سے 6 بحری جنگی جہاز تعینات کرنا انتہائی غیر معمولی پیشرفت ہے۔

واضح رہے کہ چین نے اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کا حل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام قرار دیا ہے۔ چینی صدر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی ضروری ہے۔

ادھر امریکا اس سے پہلے ہی اپنا جنگی بحری جہاز مشرق وسطیٰ میں تعینات کر چکا ہے جبکہ امریکی صدر جوبائیڈن کھل کر اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں۔

فلسطینیوں کی حمایت کیوں کی؟ باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال کو سنگین دھمکیاں



اسرائیل اور فلسطین کے تنازع میں مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کے سوشل میڈیا اکائونٹس بند کرنے کے بعد دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

پاکستان نژاد سابق برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم کو فلسطین کے عوام کی حمایت پر سنگین دھمکیاں ملی ہیں۔

فریال مخدوم نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر بتایا ہے کہ انہیں نامعلوم اسرائیلی نمبر سے دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا ہے۔

دھمکی آمیز پیغام میں فریال کو کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت کرنا چھوڑ دو ورنہ سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اداکارہ میرا کو اپنے لیے جیون ساتھی کی تلاش



پاکستان کی معروف اداکارہ میرا کو اپنے لیے جیون ساتھی کی تلاش ہے اور اس کے لیے انہوں نے اللہ کی بارگاہ میں دعا کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ میں اداکارہ میرا نے لکھا کہ میں اس وقت زندگی کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہوں۔

میرا نے کہا کہ میری والدہ بیمار ہیں اور حال ہی میں ان کی سرجری ہوئی ہے جبکہ میری بہن کو کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ میرے لیے کوئی ایسا جیون ساتھی بھیج دے جس کے ساتھ میں اپنے دکھ درد اور خوشیاں بانٹ سکوں۔

وزیراعظم شہباز شریف!



تحریر:۔ انصار عباسی

نواز شریف کی واپسی ہو گئی۔ اُن کا جلسہ بھی کامیاب رہا۔ جلسہ میں جوتقریر کی، وہ بھی اُس ماحول کے مطابق تھی جس میں اُن کی واپسی ممکن ہوئی۔ چار سال قبل جب میاں صاحب پاکستان سے باہر گئے تو اُس وقت اُن کے اور اُن کی سیاسی جماعت کیلئے حالات بہت خراب تھے۔ اب جب چار سال کے بعد واپسی ہوئی تو اُن کیلئے سب کچھ بدل گیا۔ وہ اب بھی سزا یافتہ ہیں لیکن اُن کا استقبال ایک امید کے طور پر کیا گیا، اُن کو عدلیہ ، حکومت اور ریاست کی طرف سے ویلکم کیے جانے کا تاثرنہ چھپا ہوا تھا اور نہ ہی اُسے چھپانے کی کوشش کی گئی۔ میاں صاحب مستقبل کے حکمران کے طور پر واپس لوٹے۔وہ جب گئے تو اُس وقت وہ ایک سزا یافتہ مجرم تھے، جب واپس آئے تو بھی سزا یافتہ مجرم ہیں لیکن اُن کا جس انداز میں ویلکم کیا گیاوہ یقینا ایک ’’لاڈلےـ‘‘ والا تھا۔ یہ کس کی جیت ہے اور کس کی ہار؟ اس بارے میں ہر ایک کی اپنی رائے ہو سکتی ہے لیکن میری نظر میں نواز شریف کی واپسی، اُن کا خطاب اور مستقبل کا ایجنڈا سب کچھ اُس ماحول کے مطابق ہے جو تحریک انصاف کے 9مئی کے حملوںکا نتیجہ ہے اور جس کی بنیاد میاں شہباز شریف کی حکومت کے دوران رکھ دی گئی تھی۔ یعنی ایک ایسا ماحول جس میں ن لیگ کو آئندہ الیکشن کیلئے سپورٹ دی جائے، انتخابات کے نتیجے میں جو حکومت بنے اُس کی ساری توجہ معیشت کی جنگی بنیادوں پرترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، مہنگائی پر قابو پانے، ٹیکس اصلاحات، سمگلنگ و ڈالر مافیا کے خلاف کریک ڈائون وغیرہ جیسے اقدامات پر ہو ۔ معیشت کی بہتری کیلئے اس قومی ایجنڈے کی سوچ میں موجودہ اسٹیبلشمنٹ کا کلیدی کردار ہے۔ بحیثیت وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر اس ایجنڈے کو اپنی حکومت میں بھرپور سپورٹ کیا جس میں سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (SIFC) کا قیام ایک اہم ترین فیصلہ تھا۔ یعنی ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے سول حکومت اور فوج کا مل کر کام کرنے کا فیصلہ شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر کا تھا اور اس ایجنڈے کے حصول کیلئے اس وقت بھی بہت کام ہو رہا ہے جس کی نگرانی ادارے خود کر رہے ہیں۔ اس ایجنڈے کے حصول کیلئے ملک نہ سیاسی لڑائیوں کا اور نہ ہی اداروں کے درمیان تصادم کا مزید متحمل ہو سکتا ہے، جس کیلئے ضروری ہے کہ آئندہ آنے والی حکومت اور حکمران کسی انتقام، کسی سیاسی کھینچا تانی، کسی گالم گلوچ اور غیر ضروری تنازعات میں پڑے بغیر ساری توجہ معیشت کو درست کرنے، بنیادی خرابیوں کو دور کرنے اور اصلاحات پر مرکوز کریں۔ میاں نواز شریف کی تقریر اسی ایجنڈے کے مطابق تھی۔ اُن کے بیانیہ میں انتقام کیلئے کوئی جگہ نہیں اور اُنہوں نے واضح کیا کہ وہ سب کو بشمول اداروں کے ساتھ مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ سو جس سوچ کی بنیاد شہباز حکومت کے دوران رکھی گئی اُسی سوچ کے مطابق نواز شریف کی واپسی ہوئی اور اُسی سوچ کا اظہار میاں نواز شریف نے اپنی تقریر میں کیا۔ سیاستدان، میڈیا سب کو معلوم ہے کہ ن لیگ کیلئے آئندہ انتخابات میں جیتنے کا رستہ ہموار کیا جا رہا ہے۔ انتخابات کے بعد وزیر اعظم کون بنے گا اس بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں۔ اگرچہ ن لیگی یہ نعرہ ،یہ بیانیہ بنا رہے ہیں کہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے لیکن اگر انتخابات کا نتیجہ وہی ہوا جو اس وقت بہت سوں کو نظر آ رہا ہے تو میری ذاتی رائے میں وزیراعظم شہباز شریف بن سکتے ہیں اور اس فیصلہ کا اعلان نواز شریف خود کر سکتے ہیں۔

بشکریہ جنگ نیوز اردو

اسرائیلی فوج کا غزہ پر زمینی حملہ پسپا، 2 بلڈوزر اور ایک ٹینک تباہ



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور حملہ پسپا ہو گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔

القسام بریگیڈز کا دعویٰ ہے کہ جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک ٹینک اور 2 بلڈوزر تباہ کر دیے گئے ہیں۔ صیہونی فوجی گاڑیاں چھوڑ کر واپس بھاگ نکلے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی آہنی باڑھ کی مرمت کے لیے جانا چاہتے تھے کہ اس دوران ان کے ٹینک کو فلسطینیوں نے گھیر لیا۔ ایسی صورت حال میں فوجی ٹینک چھوڑ کر بھاگ نکلے۔

دوسری جانب اسرائیل نے بھی اعتراف کر لیا ہے کہ غزہ کی سرحد پر اس کا ٹینک تباہ ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث صورت حال تشویشناک ہے اور غزہ پر مسلسل بمباری کی جا رہی ہے، جبکہ اسرائیل نے اشارہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت زمینی فوج کے ذریعے غزہ پر چڑھائی کرے گا جبکہ دوسری جانب حماس نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنے کی صورت میں اسرائیلی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

9مئی واقعات: فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل شروع



وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ سانحہ 9 مئی سے متعلق فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے متفرق درخواست کے ذریعے عدالت عظمیٰ کو سویلینز کے ٹرائل کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

متفرق درخواست میں بتایا گیا ہے کہ جن افراد کو فوجی تحویل میں لیا گیا ہے وہ جی ایچ کیو راولپنڈی، کورکمانڈر ہائوس لاہور سمیت دیگر فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہیں۔

درخواست کے مطابق ان افراد کی گرفتاریاں پاکستان آرمی ایکٹ 1952 اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عدالت کے 3 اگست کے حکمنامے کی روشنی میں ٹرائلز کے آغاز سے مطلع کیا جا رہا ہے۔

درخواست کے مطابق 9 اور 10 مئی کو پیش آنے والے واقعات کے بعد 102 افراد کو گرفتار کیا گیا، زیر حراست افراد کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرائل کیا جا رہا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جو شخص ٹرائل کے دوران قصور وار ثابت نہیں ہو گا اسے بری کر دیا جائے گا۔

متفرق درخواست میں لکھا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے دوران قصور وار ثابت ہونے والوں کو معمولی سزائیں دی جائیں گی۔ جبکہ ان سزائوں کے خلاف متعلقہ فورم سے بھی رجوع کیا جا سکے گا۔

ورلڈکپ مقابلوں میں20 برس بعد بھارت کی نیوزی لینڈ کے خلاف فتح، سیمی فائنل کے لئے پوزیشن پکی



بھارت نے ورلڈ کپ مقابلوں میں 20 برس بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے اپنی پوزیشن پکی کرلی ۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو274 رنز کاہدف دیا تھا جسے بھارت نے ویراٹ کوہلی کی شاندار اننگزکی بدولت آسانی کے ساتھ پورا کرلیا۔

بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی نے95رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ محض 5 رنز کے فرق سے اپنی 49 ویں سنچری نہ بناسکے۔ روہت شرما نے 46، شبمن گل نے 26، شہریاس نے33 اور کے ایل راہول نے27 رنز بنائے۔ بھارت نے 4 وکٹوں سے ایونٹ کی پانچویں جیت اپنے نام کرتے ہوئے اب تک ناقابل شکست رہنے کااعزاز برقراررکھا اور نیوزی لینڈ کو ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے دھرم شالا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

 نیوزی لینڈ کی ٹیم اچھی پارٹنر شپ اور ڈیرل مچل کی سنچری  کے باوجود بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی ۔

بھارتی بولرز جسپریت بمرا، سراج اور محمد شامی کی عمدہ بولنگ کے سامنے کیویزابتدا میں  مشکلات کاشکاررہے اور 19 کے سکور پر ہی ان کی دووکٹیں گر گئی تھیں تاہم دونوں اوپنرز کے جلد آئوٹ ہونے کے باوجود  رچن رویندرا اور مچل کی شراکت نے  اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر ایک اچھے سکور کی راہ پر گامزن کردیا۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 178 رنز پر گری جب بھارتی نژاد کیوی بلے باز رچن رویندرا75 رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔

ڈیرل مچل نے 130رنز کی شادار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور9 چوکے شامل تھے تاہم بڑی شراکت اور ایک سنچری کے باوجود بعد میں آنے والے بلے باز مخالف ٹیم کو ایک بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے۔

صرف فلپ نے 23 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

بھارت کی طرف محمد شامی نے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، آخری 6 اوورز میں نیوزی لینڈ کی 6 وکٹیں گریں،محمد سراج، جسپریت بمرا نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کلدیب یادیو نے دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کے خلاف شاندار ریکارڈ رکھتی تھی ،گزشتہ 20سال میں بھارت نیوزی لینڈ کے خلاف فتح حاصل نہیں کرسکا۔ 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی نیوزی لینڈ نے ہی بھارت کو شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے آئوٹ کیا تھا۔

ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں گزشتہ چار بار جب بھی آمنے سامنے آئیں تو جیت نیوزی لینڈ کے نام رہی۔ ہندوستان نے 2003 کے ورلڈکپ میں آخری بار کیویز کو شکست دی تھی۔1992 سے ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت نیوزی لینڈ سے صرف ایک بار جیت سکا۔

ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں: شاہین آفریدی



قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آخری دومیچوں میں ہم نے جو کچھ سیکھا اس کی بنیاد پر آگے ہمیں مدد ملے گی، ہم بے چین ہیں کہ شائقین کی توقعات پر پورا اتریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے بہت اہم ہے کہ آنے والے دومیچوں میں کامیابی حاصل کریں، ہمیں افغانستان کے خلاف میچ میں بھرپور مہارت دکھانا ہو گی کیوں کہ وہ انگلینڈ کو ہرا چکے ہیں۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے ذہنی طور پر تیار تھا، لینتھ کا خیال رکھا جس کا فائدہ ہوا اور پانچ وکٹیں لیں۔

انہوں نے اسامہ میر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کیچ کا ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہوتا ہے۔

فخر زمان کل افغانستان کے خلاف میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے



قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخرزمان گھٹنے کی انجری کے بعد اب تک مکمل صحت یاب نہیں ہو سکے، اور اطلاعات ہیں کہ وہ کل افغانستان کے خلاف میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فخرزمان گھٹنے کی انجری کے بعد روبہ صحت ہو رہے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں وہ دستیاب ہوں گے۔

فخر زمان کے علاوہ ٹیم کے تمام پلیئرز فٹ ہیں اور کل کی پلیئنگ الیون میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کو نزلہ اور بخار کا جو مسئلہ ہوا تھا اس سے اب صحت یاب ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کل اپنا میچ افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔