Tag Archives: بھارت

ویرات کوہلی سے ٹی شرٹس تحفے میں لینے پر بابراعظم کو تنقید کا سامنا



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اپنی شرٹس تحفے میں دی ہیں جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

بابراعظم کی ویرات کوہلی سے شرٹس لینے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو ویرات کوہلی کی جانب سے یہ جرسیاں میچ کے بعد تحفے میں دی گئی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی بابر اعظم کی جانب سے جرسیاں لینے کو نامناسب عمل قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم کی جانب سے ویرات کوہلی سے جرسیاں لینے کی تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہو گیا۔

سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آج یہ دن نہیں تھا کہ آپ مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے جرسیاں تحفے میں لیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چاچے کے پتر نے کوہلی کی ٹی شرٹ لانے کا کہہ ہی دیا ہے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں بھی یہ کیا جا سکتا تھا۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے بابر اعظم پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

عدنان صدیقی گرین شرٹس کی حمایت میں سامنے آ گئے



معروف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھارت سے شکست کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں عدنان صدیقی نے کہا کہ ہماری ٹیم بھارتی شائقین کے سامنے مخالف ماحول میں کھیلی جس کا کریڈٹ اسے دینا چاہیے۔

عدنان صدیقی نے کہا کہ قومی ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں شکست پر میرا دل بھی افسردہ ہے لیکن ہمیں چاہیے کہ اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

اداکار نے کہا کہ جیسا بھی ہے مگر ہم اپنی کرکٹ ٹیم سے محبت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم تمام شعبوں میں ناکام ہو گئی تھی اور بھارت نے میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

ورلڈکپ میں بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار، پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست، شاہین کھیل کے ہر شعبے میں ناکام



کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو آسانی سے شکست دے کر ورلڈ کپ میچز میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست رہنے کااعزاز برقرار رکھا ، پاکستانی بیٹنگ لائن روایتی حریف بھارت کے خلاف بری طرح ناکام رہی، پاکستان نے بھار ت کو جیت کے لئے 192 رنز کاہدف دیا جو بھارت نے 30 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ،
آسان ہدف کے تعاقب میں بھارت نے جارحانہ بلے بازی کامظاہرہ کیا۔
اگرچہ بھارتی اوپنر شبمن گل 16 رنز بناکرجلدی آئوٹ ہو گئے ویرات کوہلی نے بھی 16 رنز بنائے اورحسن علی کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے تاہم دوسری طرف سے روہت شرما نے تیز بلے بازی جاری رکھی۔
بھارتی کپتان روہت شرما 63 گیندوں پر86 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرآئوٹ ہوئے، شرما کی اننگز میں میں 6 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے ۔
شہریاس نے بھی عمدہ بلے بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ شہریاس نے 62 گیندوں پر53 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے جبکہ کے ایل راہول بھی 13 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔

بھارت کی طرف سے شاندار بائولنگ کرنے والے جسپریت بمراہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں
بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگزکامحتاط طریقے سے آغاز کیا تاہم 41 کے سکور پرعبداللہ شفیق آئوٹ ہوگئے۔ امام الحق اور بابراعظم نے سکور کچھ آگے بڑھایا مگرجب پاکستان کاسکور 73 پر پہنچا تو امام الحق بھی 38 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان اور بابراعظم نے تیسری وکٹ کی شراکت میں سکور155 رنز تک پہنچایا اور اس موقع پر بابراعظم 50 رنز بنانے کے بعد سراج کی خوبصورت گیند پربولڈ ہوگئے۔
155 رنز پرپاکستان کی تیسری وکٹ کیا گری کے اگلے36 رنز پرپوری ٹیم ہی پویلین لوٹ گئی۔
سعود شکیل 6،رضوان 49،افتخار احمد 4، شاداب خان 2 اورمحمد نواز4 رنز بناسکے۔ حسن علی 12 اورحارث رئوف 2 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تو 191 رنز پرپاکستانی اننگز تمام ہوچکی تھی۔ پاکستانی ٹیم 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور43 ویں اوور میں ہی آئوٹ ہوگئی ۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2023: نیوزی لینڈ نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی،بنگلا دیش کو8 وکٹوں سے شکست



آئی سی سی ورلڈکپ کے  11 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو  8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی۔

نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کا 246 رنز کا ہدف 43.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل 89، کپتان کین ولیمسن 78 اور ڈیون کونوے نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

کیویز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے جس کے بعد وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگیا ہے۔

نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں انگلینڈ اور دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی

جمعہ کے روزنیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی  بنگلہ دیش کی پہلی چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے اپنی ٹیم کاسکور آگے بڑھانے کی جدوجہد کی اور آخری اوورز میں محمود اللہ کی خوبصورت اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کو246 رنز کاہدف دینے کامیاب ہوا۔ بنگلہ دیش کے اوپنر لٹن داس بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، تنزید حسن 16 اور مہدی حسن میراز30 رنز بناسکے، نجم الحسن صرف 7 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، شکیب الحسن نے 40 رنز اور مشفیق الرحیم نے 66 رنز بناکر ٹیم کاسکور آگے بڑھایا، توحید ہردوئے نے 13 رنز بنائے اورتسکین احمد17 رنز بناسکے جبکہ محمود اللہ نے 41 رنز کے ساتھ ٹیم کاسکور245 تک پہنچایا اور ناٹ آئوٹ رہے۔

 

 

پاک بھارت ٹاکرا: ذکا اشرف قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے بھارت پہنچ گئے



پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کرکٹ ورلڈ کپ کا اہم میچ پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے انڈیا پہنچ گئے ہیں۔

ذکا اشرف قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے بھارت پہنچے ہیں، ذکا اشرف 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیدیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا اہم میچ دیکھیں گے۔

اس کے علاوہ ذکا اشرف اپنے دورے کے دوران سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ اور دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بھارت روانگی سے قبل اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے بھارت جا رہا ہوں، انہوں نے قومی ٹیم کو پیغام دیا کہ بھارت کے خلاف بے خوف ہو کر کھیلیں۔

ذکا اشرف نے کہا کہ شائقین کرکٹ اور صحافیوں کو ویزے نہ ملنے پر میں نے بھارت جانے کا ارادہ ترک کر دیا تھا مگر اب معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی صحافیوں کو ویزے حاصل کرنے کے لیے پاسپورٹ جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔

زینب عباس کیخلاف بھارت میں کیس بنانا درست اقدام نہیں: پاکستان



دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بھارت جانے والی پاکستانی کمنٹیٹر زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر بنایا گیا کیس درست اقدام نہیں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے میزبان کی حیثیت سے سیکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر کیس بنایا گیا اور انہیں اس میں گھسیٹا جا رہا ہے۔

ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ پاکستانی صحافیوں اور کرکٹ شائقین کو ویزے جاری کرنے کے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک بھارتی وکیل وینیت جندال نے الزام عائد کیا تھا کہ زینب عباس نے ہندو مذہب اور بھارت کےخلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھے، انہوں نے سوشل میڈیا تبصروں کو ان سے منسوب کرتے ہوئے ان کے خلاف درخواست دائر کی اور ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں زینب عباس نے سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت چھوڑ دیا تھا۔

بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا



مودی سرکار کے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند احمدآباد میں ایک سکول میں گھس گئے اور نماز سکھانے والے معلم پر بدترین تشدد کیا، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

ہندو انتہا پسندوں اور مقامی اہلکاروں نے نماز سکھانے والے ٹیچر کو معافی مانگنے پر مجبور کیا۔

دوسری جانب سکول انتظامیہ نے اپنے موقف میں بتایا ہے کہ طالبعلموں کو مختلف مذاہب سے متعلق آگاہی دینے کے لیے پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں نماز کا طریقہ بھی بتایا گیا۔

انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ کسی ہندو بچے کو زبردستی نماز پڑھنے پر مجبور نہیں کیا گیا۔

سکول ٹیچر کو تشدد کا نشانہ بنانے والے انتہاپسندوں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

کرکٹ ورلڈ کپ: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو 283 رنز کا ہدف



ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز بھارت میں ہو گیا ہے، آج کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 282 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی پہلی وکٹ 14 رنز پر گری جب ڈیوڈ ملان آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد جونی بیرسٹو 33، ہیری بروک 25، معین علی 11 اور کپتان جوز بٹلر 43 رنز بناکر پویلین چلے گئے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ میچ کے لیے اچھی تیاری کی ہے، دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیت جاتے تو بولنگ ہی کرتے، میچ میں اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ کل نیدر لینڈ میں کھیلے گی، جس کے لیے آج بھرپور پریکٹس سیشن ہو گا۔

’ابھی تو مین جوان ہوں ‘، اداکارہ میرا فلم میں ہیروئن بننے کی خواہاں



لاہور( این این آئی) نامور اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ میرا کیرئیر ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ میں نے تو ابھی بہت کام کرنا ہے، فلم انڈسٹری کے جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شوبز سے ہرگز دور نہیں ہو ئی، مجھے یقین ہے جب اچھی فلمیں بنیں گی تو یقینی طور پر میں بطور ہیروئن کسی بھی ہدایتکار کی پہلی ترجیح ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں وہی کردار ادا کرنا چاہتی ہوں جن کی وجہ سے مجھے مقبولیت ملی۔

میرا نے کہا کہ مجھے بھارت سے بھی کام کرنے کی پیشکش ہوئی لیکن میں نے پاکستان کو ترجیح دی ہے ۔

ورلڈ کپ: حسن علی کے سسر پاک بھارت میچ کے لیے بے تاب کیوں؟



قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کے سسر لیاقت خان احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے بے تاب ہیں اور ان کو اس گھڑی کا انتظار ہے جب پاکستانی ٹیم احمد آباد پہنچے گی۔

فاسٹ بولر حسن علی کے سسر لیاقت خان پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے موقع پر اپنی بیٹی اور نواسی سے ملنے کے خواہشمند ہیں۔

حسن علی کے سسر لیاقت خان بھارتی شہر ہریانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ حسن علی اور سامعہ کی شادی 2019 میں دبئی میں ہوئی تھی جس کے بعد سامعہ اب تک بھارت نہیں گئیں۔

لیاقت خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی نواسی سے ملنا چاہتا ہوں اور مزید انتظار میرے لیے مشکل ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میری بیٹی نے حسن علی سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تو میں رکاوٹ نہیں بنا تھا کیوں کہ اگر میری بیٹی خوش ہے تو میں بھی خوش ہوں۔ اور اس سے فرق نہیں پڑتا کہ شادی کس سے ہو رہی ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: مکی آرتھر نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کر لیا



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مکی آرتھر انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی مصروفیات ختم ہونے پر بھارت پہنچ گئے اور ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اب مکی آرتھر ورلڈ کپ کے دوران مکمل ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔

اس سے قبل ایشیا کپ کے دوران مکی آرتھر چند میچوں میں ہی ٹیم کے ساتھ موجود رہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم اس وقت حیدرآباد دکن میں موجود ہے جہاں آج پریکٹس سیشن ہو گا۔ بابر الیون کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ ہو گا۔ جبکہ ٹیم ورلڈ کا پہلا میچ نیدر لینڈ کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گی۔

ورلڈ کپ: سابق کرکٹرز کا پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کی خواہش کا اظہار



سابق کرکٹرز نے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے کی امید ظاہر کر دی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک، ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل اور لنکن اسپنر مرلی دھرن نے پیشگوئی کی ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو سکتا ہے۔

اسٹار اسپورٹس کو انٹرویو دیتے ہوئے کرس گیل نے کہاکہ امید یہی لگ رہی ہے کہ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا۔

سری لنکن اسپنر مرلی دھرن نے کہاکہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنا پسند کروں گا۔

اس موقع پر سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سابق پاکستانی فاسٹ بولر وقار یونس نے ورلڈ کپ فائنل کے لیے بھارت اور انگلینڈ کو مضبوط امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔