Tag Archives: بابراعظم

دس سابق کپتانوں اور غیر ملکی کرکٹرز نے بابر اعظم کی قیادت پر سوالات اٹھادیئے



ورلڈ کپ میں مسلسل چار شکستوں کے بعد جہاں پاکستانی ٹیم پر تنقید ہو رہی ہے وہاں کپتان بابراعظم کی قیادت پر بھی پاکستان سمیت دنیا بھر سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، شعیب ملک اورمعین خان کا بابراعظم کی  قیادت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہنا تھا کہ کپتانی ان کے بس کی بات نہیں البتہ بطور بلے باز بابراعظم کی کارکردگی پر کوئی سوال نہیں۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ بابراعظم کچھ آؤٹ آف دی باکس جاکر نہیں سوچتے، ان میں موقع کی مناسبت سے کچھ فیصلے لینے کی صلاحیت نہیں  ۔

معین خان کا کہنا تھا کہ 2019 سے 2023 کے دوران 4 آئی سی سی ایونٹس ہوچکے ہیں لیکن کہیں سے نہیں لگتابابراعظم نے کچھ سیکھا ہو۔

مقامی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ ایسے ہائی پروفائل ٹیگز کے غیرضروری دباؤ کے نتیجے میں پلئیرز پرفارم کرنے سے قاصر رہتے ہیں، میں بابراعظم کو عظیم کھلاڑی نہیں سمجھتا، انہیں شاید یہ اعزاز اِن لوگوں نے دیا ہو جنہوں نے پاکستان اور عالمی سطح پر کھیل کے حقیقی عظیم کھلاڑیوں کو نہیں دیکھا۔

سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی ایک ٹی وی پروگرام کے دوران بابر اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بطور کپتان 3 سالوں میں جو پختگی آنی چاہیے تھی وہ نہیں آئی، انہیں جارحانہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ بابر ایک “بہت، بہت اچھا” بلے باز ہے اس میں کوئی شک نہیں لیکن اسے ’’عظیم‘‘ کہنا قبل از وقت ہے۔

سابق کپتان شاہد آفریدی بھی بابراعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر سوالات اٹھارہے ہیں۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بابراعظم کو فیلڈ کوجارحانہ اور متحرک ہونا پڑے گا۔ انہیں دوسروں کے لئے ایک مثال بننا ہے۔ سابق کپتان وقار یونس،مصباح الحق، راشد لطیف،محمد یوسف اور رمیز راجہ بھی بابر اعظم کی قیادت سے مطمئن نہیں۔

دوسری طرف سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر سمیت کئی نامور غیر ملکی کرکٹرز بھی بابراعظم کی کپتانی پر سوال اٹھاتے رہے ہیں۔

ہمت نہیں ہارنی،ہم کم بیک کرتے ہیں تو ٹاپ پر جاتے ہیں،بابر اعظم کی ٹیم سے گفتگو



پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئی سی سی ورلڈ کپ میں مسلسل تین شکستوں کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور ٹیم کا حوصلہ بھی بڑھاتے نظرآرہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس اکاؤنٹ  پر کھلاڑیوں کی پریکٹس کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، ویڈیو میں کپتان بابر اعظم کی پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں سے گفتگو  او ر ان کی حوصلہ افزائی کو سنا جا سکتا ہے۔

بابر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ہم لوگ کئی بار کم بیک کرچکے ہیں اور جب ہم کم بیک کرتے ہیں تو سیدھا ٹاپ پر جاتے ہیں،آپ لوگوں نے ہمت نہیں ہارنی ،تمام کھلاڑی وہ وقت یاد رکھیں کہ جب ہم نیچے سے اوپر اٹھے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے تو آسانی ہوگی، ہمیں ایک دوسرے سےکندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے ۔

خیال رہے کہ 23 اکتوبر کو ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو پہلی بار  ون ڈے میں شکست دی تھی، پاکستان اپنا اگلا میچ کل  27 اکتوبر کو چنئی میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گا۔

پی سی بی نے قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی اپیل کر دی



آئی سی سی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مسلسل تین ناکامیوں کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شائقین  اورسابق کرکٹرز سے اپیل کی ہے کہ مشکل وقت میں  ٹیم کو سپورٹ کیاجائے ۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی ٹیم کی مسلسل تین ناکامیوں پر بورڈ شائقین کرکٹ کے جذبات اور احساسات کو سمجھتا ہے، البتہ اس موقع پر بورڈ انتظامیہ عوام اور سابق کرکٹرز سے امید رکھتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کپتان بابراعظم اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کو ابھی 4 میچیز کھیلنے ہیں، امید ہے پاکستانی ٹیم شکست کو بھول کر آنے والے مقابلوں میں مثبت اور اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

 

افغانستان کا ایک اور سرپرائز ،پہلی بار پاکستان کو شکست دیدی، گرین شرٹس کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل



افغانستان نے ورلڈ کپ میں ایک اور سرپرائز دیتے ہوئے پاکستان کو بھی پہلی بار مات دے دی۔

283رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان اوپنرز نے اپنی ٹیم کوعمدہ آغاز فراہم کیاجس کی  مدد سے افغانستان نے پاکستان کو8 وکٹوں سے شکست دی۔

افغان اوپنرز ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز نے  شاندار نصف سنچریاں مکمل کیں  اور پاکستان کے خلاف سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ کا ریکارڈ قائم کیا۔
افغانستان کی پہلی وکٹ 130 کے سکور پر گری جب رحمان اللہ گرباز53 گیندوں پر65 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرآئوٹ ہوئے۔

گرباز کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ، وہ شاہین آفریدی کی گیند پر اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، ابراہیم زدران87 رنز بناکر حسن علی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے تو افغانستان کا سکور34 اوورز میں190 تک پہنچ چکا تھا۔

افغان اوپنرز نے پاکستانی بولرز کے خلاف وکٹ کے چاروں اطراف کھل کرشارٹس کھیلیں، حارث رئوف ،حسن علی، شاہین آفریدی اور اسامہ میر کے خلاف رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔

اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی نے بھی عمدہ بلے بازی کی ، رحمت شاہ نے شاندار نصف سنچری سکور کی، رحمت شاہ نے 77 اور حشمت اللہ شاہدی نے48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

 کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف افغانستان کی جیت کے بعد پاکستان میں قیام کرنے والے غیرقانونی افغان مہاجرین زیر بحث آگئے۔

 یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب پاکستان کیخلاف میچ میں مین آف دی میچ قرار پانے والے افغان اوپنر ابراہیم زادران نے اپنا ایوارڈ پاکستان سے نکالے گئے غیر قانونی افغان مہاجرین کے نام کردیا۔

میچ کے اختتام پر ہونے والی پریزنٹیشن میں افغان اوپنر ابراہیم زادران کا کہنا تھا کہ وہ اپنا ایوارڈ اُن افغان مہاجرین کے نام کرتے جنہیں پاکستان سے واپس افغانستان واپس بھیج دیا گیا ہے۔

چنئی کے چدم پرم سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 56 سکور بنائے۔ امام الحق 17 سکور بناکر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر نوین الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں کپتان بابراعظم  اور عبداللہ شفیق نے سکور110 رنز تک پہنچایا تو عبداللہ شفیق بھی 85 رنز بناکرنور احمد کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

محمد رضوان صرف 8 رنز بناسکے انہیں نوراحمد نے کیچ آئوٹ کرادیا،25رنز بنانے والے سعود شکیل کو محمد نبی نے راشدخان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا تو 163 رنز پر پاکستان کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں۔

کپتان بابراعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی مگر سست بلے بازی کی وجہ سے ٹیم کا سکور زیادہ آگے نہ بڑھا سکے ۔ بابراعظم92 گیندوں پر74 سکور کرنوراحمد کی تیسری وکٹ بنے۔ چھٹی وکٹ کی شراکت میں افتخار احمد اور شاداب نے 73 رنز بنائے۔

 افتخار احمدنے27 گیندوں پر40 سکور بنائے جن میں دو چوکے اور6 شاندار چھکے شامل تھے،شاداب خان نے بھی40 رنز بنائے جن میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا، شاداب خان میچ کی آخری گیند پرکیچ آئوٹ ہوئے، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر282 رنز بنائے۔
قومی کرکٹ ٹیم نے افغانستان کے خلاف میچ میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد نواز کی جگہ شاداب خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا۔

مسلسل تین شکستوں کے بعد اب ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے گرین شرٹس کو اپنے بقیہ 4 میچز ضرور جیتنا ہوں گے۔

۔

بابر اعظم کی افغان کرکٹر کو تسمے باندھنے سے روکنے کی ویڈیو وائرل



افغانستان کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری تھی کہ اس دوران کریز پر موجود پاکستانی کپتان بابر اعظم کے جوتے کا تسما کھل گیا۔ابر کے جوتے کا تسما کھلا دیکھ کر افغان ٹیم کے سینیئر کھلاڑی محمد نبی بابر کے پاس آئے اور ان کا تسما باندھنے کے لیے جھکنے لگے۔
تاہم بابراعظم نے سینیئر کھلاڑی کا احترام کرتے ہوئے محمد نبی کو ان کے جوتوں کو ہاتھ لگانے سے منع کر دیا اور خود تسما باندھا۔میچ کے ان لمحات کو کیمرے کی آنکھ نے قید کرلیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے بابراعظم کے اس عمل کی کھل کر تعریف کی۔

مجھے آپ پر 100 فیصد یقین ہے: بابر اعظم کا کھلاڑیوں کو پیغام



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ کھلاڑی ٹریننگ سیشن میں جیسا کرتے ہیں ویسے ہی میچ کے دوران کریں، اس میں زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں۔

جمعہ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل قومی کپتان بابراعظم نے کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کی ہے۔

بابراعظم نے کھلاڑیوں کو اعتماد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ پر 100 فیصد یقین ہے، لہٰذا آپ بھی یقین کے ساتھ میدان میں اتریں۔

قومی کرکٹ ٹیم آج چناسوامی اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لے رہی ہے جبکہ کل آسٹریلیا کے ساتھ سامنا ہو گا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل 3 میچ کھیلے ہیں جن میں 2 میچوں میں کامیابی سمیٹی ہے جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایک روزہ کرکٹ میں بابراعظم کی بادشاہت برقرار



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے۔
آئی سی سی نے بدھ کو تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹ کی ہے جس کے مطابق بابر اعظم 836 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے بیٹرز میں سرفہرست جبکہ بھارتی اوپنر شبمن گل 818 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکا البتہ شاہین آفریدی ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔

بابر اعظم اورنواز نے بھارتی شہری کو اپنی شرٹ دیدی



پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر محمد نوازنے بھارتی شہری کی آٹو گراف اور شرٹ کی خواہش پوری کردی
قومی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لئے بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں آپشنل ٹریننگ سیشن کرہی تھی اس دوران ایک بھارتی شہری پرانوو پاکستانی کرکٹرز سے آٹو گراف لینے چنا سوامی اسٹیڈیم آگیا۔جو محمد نواز اور کپتان بابر اعظم کی شرٹس پر آٹو گراف کا خواہشمند تھا۔
ٹریننگ سیشن مکمل کرنے کے بعد بابر اعظم نے بھارتی شہری پرانوو سے ملاقات کی اور اس کی خواہش پوری کرتے ہوئے شرٹ اور ٹکٹ پر آٹوگراف دیا۔
بعد ازاں محمد نواز نے بھی پرانوو کی خواہش پوری کرتے ہوئے شرٹ پر سائن کیا اور تصویر بنوائی۔

بیٹنگ ، بولنگ امیدوں پر پورا نہیں اتری: بابر اعظم



آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں میں بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کے بعد گفتگوکرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ شائقین کرکٹ کی امیدوں پرپورا نہیں اتر سکے ، وکٹیں تیزی سے گرنے کی وجہ سے شکست ہوئی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کوشش تھی کہ بھارت کو جیت کے لیے 280 یا 290 رنز کا بڑا ہدف دیں تاہم بیٹنگ لائن توقعات کے مطابق پر فارم نہیں کرسکی۔
پاکستان ٹیم کے کپتان نے مایوسی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا اور نئی گیند کے ساتھ ہم نے اچھی بالنگ نہیں کی، کھلاڑی اچھا کھیل پیش نہ کرسکے۔

بابر اعظم کا ایک غلط رن پوری ٹیم کو لے ڈوبا: ثقلین مشتاق برس پڑے



پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق ہیڈکوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہےکہ ہم نے انڈین بائولر کو کچھ زیادہ عزت دی جس کی وجہ سے پریشر بڑھتا چلا گیا۔
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ بھارتی بولرز کا اٹیک اچھا تھا جس کے باعث ہماری بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں جس طرح کی یہ پیچ تھی اس پر 50 آوورزانہیں ضرور کھیلنے چاہیے تھے۔ قومی ٹیم نے سٹارٹ اچھا لیا تھا لیکن وہ اسے برقرار نہیں رکھ سکی۔
ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ بابراعظم نے سنگل لےکر غلطی کی۔اسی کی وجہ سے صورتحال ہمارے ہاتھ سے نکلی۔اگر وہ ایسے موقع پر سنگل نہ لیتے اور سمجھداری کا مظاہرہ کرتے تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔انکا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سےکہتا آیا ہوں کہ بھارتی ٹیم ہمارے سے زیادہ ڈسپلن اور ہوش سے کرکٹ کھیلتی ہے۔

بابر اعظم اور روہت شرما کی ایک ساتھ سٹیج پر آمد،افریقی کپتان سوئے رہے



اسلام آباد: کرکٹ ورلڈکپ سے قبل آئی سی سی کی تقریب میں پاکستانی کپتان بابر اعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما سے سب سے زیادہ سوالات ہوئے جبکہ جنوبی افریقی کپتان اس تقریب میں سوتے نظر آئے۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آغاز سے قبل تمام ٹیموں کی کپتانوں نے پریس کانفرنس کی۔ تقریب میں تمام ٹیموں کے کپتانوں کو اسٹیج پر بلایا گیا، بابر اعظم اور روہت شرما ایک ساتھ اسٹیج پر آئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت آکر بہت اچھا لگا، راستے میں لوگ تھے ہمارے فینز بھی آتے تو مزید اچھا لگتا، ایک ہفتے سے حیدرآباد میں تھے، ایسا لگ رہا ہے ہم گھر پر ہیں ۔ بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ میں 100 فیصد کارکردگی دکھائیں گے، حیدر آباد میں بریانی اچھی لگی، حیدر آباد کی بریانی کا بہت سنا تھا، بھارت میں کھیلنے کا کوئی پریشر نہیں، پاکستان جیسی کنڈیشنز ہیں ۔ روہت شرما نے کہا کہ خوش قسمت ہوں کہ ورلڈ کپ میں بھارت کی کپتانی کروں گا، ٹورنامنٹ میں ہر میچ اہم ہے، ہم نے ٹاپ پر رہ کر کھیلنا ہے۔تقریب میں موجود آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم 5 بار ورلڈ کپ جیت چکے ہیں، تاریخ دہرائیں گے۔اس موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ایک بار پھر ورلڈ کپ کی کپتانی کرنے پر خوش ہوں۔

مینجمنٹ بابر اعظم کے ساتھ کیاسلوک کرے، شاہدآفریدی نے مشورہ دے دیا



کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کپتان بابر اعظم کو بھارت میں ورلڈ کپ کے دوران کامیابی کے لئے اہم مشورے دیئے ہیں۔
نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہدآفریدی نے کہا کہ بابر اعظم مسلسل 3 سالوں سے پاکستان ٹیم کی کپتانی کررہے ہیں، بابر کی ٹیم میں کئی سالوں سے زیادہ تر یہی لڑکے کھیل رہے ہیں، میرا نہیں خیال کہ بابر کی ٹیم میں زیادہ چینج آیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں ورلڈکپ کے میچز میں بابر سمیت پوری ٹیم پر پریشر ہوگا لیکن ہمیں سمجھنا ہوگا کہ انٹرنیشنل کرکٹ پریشر کا ہی کھیل ہے۔شاہد آفریدی نے کہاکہ اب یہ کپتان اور سینئر اسٹاف کا کام ہے کہ وہ پلیئر کو آن بورڈ لے، ان سے اچھی گیدرنگ کرے کیوں کہ ایک کپتان کو ہی پتا ہوتا ہے کہ ٹیم میں میچ ونرز کون ہیں، گراؤنڈ کے اندر بابر نے ہی ٹیم کو لے کر چلنا ہے۔سابق کپتان نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دوران میچ ہر وکٹ گرنے کے بعد بابر کے ساتھ گراؤند میں 2 سے 3 لڑکے نظر آئیں، مینجمنٹ کو چاہیے کہ بابر کو کہیں بھی گرنے نہ دیا جائے، بابر کو اسٹرونگ رکھے، بابر کی باڈی لینگویج گراؤنڈ میں مثبت رہنی چاہیے، ان کو چاہیے کہ وہ گراؤنڈ میں ہر وقت جارحانہ نظرآئیں، یہی وہ چیزیں ہیں جو ورلڈکپ میں اہم کردار ادا کریں گی۔