Tag Archives: جیل ٹرائل

شاہ محمود نے جیل ٹرائل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے جیل ٹرائل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے عدالت العالیہ سے استدعا کی ہے کہ 9 اکتوبر کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، اس کے علاوہ آج ہی درخواست پر سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست کے مطابق عدالت سے کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کو فرد جرم عائد کرنے سے روکا جائے، شاہ محمود نے موقف اختیار کیا ہے کہ بغیر کسی نوٹیفکیشن میرا جیل ٹرائل کیا جا رہا ہے اس لیے عدالت اوپن ٹرائل کے لیے ہدایت جاری کرے۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی جانب سے بیرسٹرتیمور ملک اور فائزہ اسد کے ذریعے درخواست دائر کی گئی ہے۔

سائفر کیس: جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی درخواست پر فیصلہ کل سنایا جائے گا



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے کاز لسٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق عمران خان کی جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ کل سنائیں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جیل کے بجائے عدالت میں سائفر کیس کی سماعت کی استدعا کر رکھی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کچھ روز قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دوسری جانب آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 17 اکتوبر کی تاریخ دے رکھی ہے۔